کورسز کا آغاز رواں ماہ ہوگا،مختلف شخصیات کا انٹریوسیشن کا دورہ
پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی جوآج سیاسی ومعاشی مسائل کا شکار ہے ،وہاں اس کے نوجوان کو بھی کئی طرح کی مشکلات کا سامنا ہے۔ تعلیمی رجحان کی بات کی جائے تو یہ صورت حال اطمینان بخش ہے کہ لوگ اپنے بچوں کو پڑھانا چاہتے ہیں، آگے بڑھانا چاہتے ہیں مگر جب وہ تعلیم حاصل کر لیتے ہیں تو ان کے لیے سب سے بڑا مسئلہ روزگار کا ہوتا ہے۔ ان کے والدین چاہتے ہیں کہ بچوں پر کی گئی سرمایہ کاری کا ان کو بہترین ثمر ملے لیکن حالات ان کے لیے ساز گار نہیں ہوپاتے۔ صدر الخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمن کا وژن ہے کہ نوجوان پڑھیں اور آگے بڑھیں۔ آئی ٹی انڈسٹری میں قسمت آزمائیں اور ملک وقوم کی ترقی کا ذریعہ بنیں۔ اسی کو مدنظر رکھتے الخدمت کراچی نے ’’ بنو قابل ‘‘ کے سلوگن کے ساتھ 6 ماہ کے مفت آئی ٹی کورسز کروانے کے عظیم الشان پروگرام کا آغازکیا اور دو مرحلوں میں پہلے لڑکوں پھر لڑکیوں کے لیے Aptitude ٹیسٹ کا باغ جناح میں اہتمام کیا۔
الخدمت نے ان بچوں کے نتائج کا اعلان اپنی ویب سائٹ banoqabil.pk پر کیا اور اس پروگرام کو آگے بڑھاتے ہوئے ٹیسٹ پاس کرنے والے ہزاروں بچوں کے انٹرویوز کا اہتمام کیا ۔ یہ ٹیسٹ الخدمت کے مرکزی آفس میں ہوئے۔
انٹرویوز میں جہاں ہزاروں طلبہ نے حصہ لیا وہاں طالبات بھی پیچھے نہیں رہیں۔طالبات نے بڑی تعداد میں انٹرویو ز دیئے۔الخدمت نے اس کے لیے خصوصی انتظامات کیے تھے۔ان طالبات کے لیے خواتین رضاکاروں کی ٹیم مقررکی گئی تھی جس نے ان طالبات کی ناصرف رہنمائی کی بلکہ ان کے انٹرویوز بھی کیے۔ان طالبات کے ساتھ آنے والے والدین کے لیے ویٹنگ ایریا بنایا گیا تھا اور جہاں خصوصی انتظامات گئے تھے۔طالبات نے الخدمت کی اس کاوش کو سراہا اور اسے الخدمت کا نوجوانوں کے لیے اہم پروگرام قرار دیا۔
مختلف شخصیات نے ’’ بنو قابل ‘‘انٹرویو ز سیشن کا دورہ کیا،ان میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،جاپانی ڈپٹی قونصل جنرل ناکاگاوا مسٹریاسوشی،الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، جماعت اسلامی پاکستان کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی، چیئریٹی آسٹریلیاانٹر نیشنل کے ڈائریکٹر رانا وجاہت علی خان ،چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ ودیگر شامل تھے۔دوروں کے دورا ن ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
انٹرویو ز کے آغاز پر حافظ نعیم الرحمن نے لڑکے اور لڑکیوں کے’’ بنو قابل انٹرویو سیشن‘‘ کا دورہ کیا اور انٹرویوز کے تمام مراحل کو دیکھا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے طلبہ سے بھی گفتگو کی اوران کے اندر موجود صلاحیتوں کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بنو قابل کراچی کے نوجوانوں کے لیے ایک انقلابی پروگرام ہے۔اس پروگرام کے ذریعے نوجوان اپنے مستقبل کا خواب پورا کرسکیں گے۔
جاپانی ڈپٹی قونصل جنرل ناکاگاوا مسٹریاسوشی نے انٹرویو سیشن کا دورہ کیا ، وہ وہاں قائم ہیلپ ڈیسک گئے۔ انٹرویو کے لیے ٹوکن کے اجراکے عمل کو دیکھا اور طلبہ سے بھی ملاقات کی۔ انہیں الخدمت کی جانب سے ’’الخدمت کے مفت آئی ٹی کورسز پروگرام سے متعلق بریفنگ دی گئی۔انہوں نے الخدمت کی کاوش کو سراہا اور کہا کہ الخدمت ’’ کے بنو قابل ‘‘ پروگرام کے لیے انٹریوز کو دیکھ کر مجھے نہایت خوشی ہوئی ہے۔ یہاں بڑے منظم طریقہ کار کے مطابق انٹرویوز کیے جا رہے ہیں۔الخدمت نوجوانوں کو آئی ٹی کورس کروا کے انہیں روزگار فراہم کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔
صد ر الخدمت فائونڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بھی انٹرویو سیشن کا دورہ کیا۔ڈائریکٹر الخدمت ہیلتھ فائونڈیشن سفیان احمدخان ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے اس موقع اپنے خیالات کا اظہا رکرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہاں آکر بے انتہا خوشی ہوئی ہے کہ الخدمت کراچی نے یہاں نوجوانوں کے لیے اتنا بڑا پروگرام شروع کیا ہے۔ نوجوانوں کے لیے’’ بنو قابل پروگرام‘‘ تاریخ کا بڑا پروگرام ہے۔ یہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کا پروگرام ہے۔ مفت آئی ٹی کورسز کے اس پروگرام کو ان شاللہ ملک بھر میں پھیلائیں گے۔ ڈائریکٹر چیئر یٹی آسٹریلیا انٹر نیشنل رانا وجاہت علی خان نے بھی انٹرویو سیشن کا دورہ کیا۔
ڈائریکٹر چیئر یٹی آسٹریلیا انٹر نیشنل رانا وجاہت علی خان نے اس موقع پر کہا کہ کراچی کے نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کروانا الخدمت کا بڑا اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے کراچی کے نوجوانوں کے لیے کچھ نہیں کیا۔ ایسے میں الخدمت کی جانب سے بڑے پیمانے پر مفت کورسز کروانے کا عمل قابل قدر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئر یٹی آسٹریلیا اس پروگرام میں شرکت کرے گی اور آئی ٹی کورسز کر نے والے طلبہ کو اسکا لر شپ دے گی۔
چیف ایگز یکٹو نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت چاہتی ہے کہ نوجوان آئی ٹی کے میدان میں آگے بڑھیں۔ ملک ترقی کرے اوریہ نوجوان اپنے اوراپنے خاندانوں کے لیے باعزت روزگار کمائیں۔ بنو قابل پروگرام میں ہزاروں نوجوانوں کو آئی ٹی ٹریننگ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نے نوجوانوں کے لیے ان آئی پروگرامز کا انتخاب کیا ہے جو اس وقت آئی ٹی کی دنیا میں ٹاپ پر ہیں اور مارکیٹ کی اہم ضرورت ہیں۔ رواں ماہ سے کلاسز کا آغاز کیا جارہا ہے۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ انہیں خوشی ہوئی ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں کراچی کے نوجوانوں نے Aptitude ٹیسٹ پاس کیا اور آج وہ یہاں انٹرویو کے لیے آئے ہیں۔ یہ نوجوان پڑھیں گے اور آگے بڑھیں گے۔ ان نوجوانوں کی آئی ٹی میں دلچسپی سے ثابت ہوگیا کہ انہیں اس شعبے میں آگے بڑھنے سے اب کو ئی نہیں رک سکتا۔
نیشنل ڈائریکٹر الخد مت فاو ¿نڈیشن پاکستان اعجازاللہ خان نے بھی انٹرویوز سیشن کا دورہ کیا اور بنوقابل پروگرام میں گہری دلچسپی لی ،انہوں نے الخدمت کی کاوش کو زبردست الفاظ میں سراہا۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کراچی کے نوجوانوں کے امید بن کر سامنے آئی ہے ،ان شااللہ کراچی کے نوجوان اس پروگرام کے ذریعے آگے بڑھیں گے۔