قطرے

399

ڈور بیل کی آواز پر اُس نے ناگواری سے دیوار پہ لگے گھڑیال کی طرف نگاہ ڈالی۔ دن کے بارہ بج رہے تھے۔ وہ بڑبڑاتے ہوئے الٹی سیدھی چپل پہنتی داخلی دروازے تک پہنچی۔ ابھی گیٹ تک پہنچنے کے لیے قدم باہر نکالا ہی تھا کہ پھر سے گھنٹی بجی۔
’’افوہ کون ہے بھئی؟‘‘
’’جی، پولیو کے قطرے پلانے آئی ہوں، آپ کے گھر پانچ سال تک کے بچے ہیں تو لے آئیں۔‘‘ایک باریک سی آواز سنائی دی۔
’’نہیں بھئی! ہمارے ہاں بچے نہیں ہیں، سب بڑے ہوگئے ہیں۔‘‘ وہ اندر جانے لگی۔
ڈور بیل پھر بجی۔ ’’اب کون ہے بھئی؟‘‘
’’جی آپ کے گھر پہ پچھلے مہینے تو تھے۔‘‘
’’ارے بھئی وہ مہمان تھے، اب چلے گئے ہیں… اب بیل نہ بجانا، دماغ کھا گئے ہیں، آجاتے ہیں صبح صبح۔‘‘وہ بڑبڑاتے ہوئے اندر چلی گئی۔
پولیو کے قطرے پلانے والی نے اپنی گھڑی کی پشت پہ نظر ڈالی، دن کے بارہ بجے جب سورج اس کے عین سر پر تھا، صبح تو ہرگز نہ تھی۔ اس نے سوچا تھا دو گھونٹ ٹھنڈا پانی ہی مانگ لے گی، مگر ان خاتون نے تو طبیعت ہی صاف کر ڈالی۔ اس نے ماتھے پہ آیا پسینہ پونچھا اور آگے بڑھ گئی چند ہزار کمانے، تاکہ اس کے بوڑھے ماں باپ اور چھوٹے بہن بھائی پیٹ پوجا کرسکیں۔
ایسی بہت سی نوجوان لڑکیاں اور لڑکے گھروں سے نکلتے ہیں۔ بہت محنت طلب کام ہے، سخت سردی ہو یا تپتی دوپہر، وہ گھر گھر جاکر معصوم بچوں کو عمر بھر کے روگ سے بچانے کے لیے کوشاں ہوتے ہیں، اور اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کی بری بھلی باتیں الگ سننے کو ملتی ہیں۔ اس کی ٹیم میں دو لڑکے بھی تھے جنھوں نے باکس اٹھا رکھے تھے۔ وہ آگے بڑھی اور دوسرے گھر کی ڈور بیل بجائی۔
’’جی فرمایئے؟‘‘
’’پولیو کے قطرے پلانے ہیں۔‘‘
’’تو پلائیے…آپ کے ہاتھوں تو زہر پینے کو بھی تیار ہیں۔‘‘ یہ ایک ادھیڑ عمر صاحب تھے جنھیں نہ اپنی عمر کا لحاظ تھا نہ اخلاقیات چھو کر گزری تھی۔ نظروں میں خباثت لیے اس غریب لڑکی کو گھور رہے تھے۔
وہ صبر کے گھونٹ پی کر آگے بڑھ گئی۔ ایک اور گھر… بیل بجتے ہی ایک آنٹی نے دروازہ کھولا اور بہو کو آواز دی کہ منے کو لے آؤ، اور بڑے پیار سے اپنے منے کو پولیو کے قطرے پلوائے۔
’’آنٹی ٹھنڈا پانی مل جائے گا؟‘‘اس نے ڈرتے ڈرتے پوچھا۔
آنٹی نے اثبات میں سر ہلایا اور اندر چلی گئیں۔ کچھ دیر بعد پانی کی دو چھوٹی بوتلیں اور دو گلاس شربت ٹرے میں لیے آئیں۔ ’’یہ لو شربت پی لو اور پانی کی بوتلیں ساتھ لے جاؤ، آج گرمی بہت ہے۔‘‘
اس نے تشکر بھری نگاہ ان پر ڈالی اور پیشانی سے بہتے پسینے کے قطرے ہاتھ سے صاف کیے۔

حصہ