الخدمت کے ’’بنو قابل پروگرام‘‘

232

الحمدللہ الخدمت کے ’’بنو قابل پروگرام‘‘ کے Aptitude ٹیسٹ کا دوسرا مرحلہ بھی مکمل ہو گیا۔ پہلے مرحلے میں لڑکوں کے لیے بانیٔ پاکستان کی آخری آرام گاہ کے دامن میں واقع ’’باغ جناح‘‘ میں ٹیسٹ منعقد کیا گیا تھا جبکہ دوسرے مرحلے میں کراچی کی بیٹیوں کے لیے بھی اسی مقام کا انتخاب کیا گیا۔

’’بنو قابل پروگرام‘‘ کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے تھے۔ ٹیسٹ کے لیے شام ساڑھے 4 بجے کا وقت مقرر تھا۔ شہر میں جابجا عوامی و سیاسی اجتماعات کی وجہ سے سڑکیں متاثر ہونے کے سبب ٹیسٹ میں شرکت کے لیے آنے والوں کو تھوڑی دشواری ضرور ہوئی مگر پہاڑ جیسے عز م و ہمت کی حامل کراچی کی بیٹیوں نے Aptitude ٹیسٹ میں جوق در جوق شرکت کی۔

یہ علم کی طلب تھی اور عزم وہمت کی بلندی تھی جو اْنہیں آگے بڑھنے، آگے پڑھنے اور کچھ سیکھنے کے لیے یہاں لائی تھی۔ بڑے پیمانے پر الخدمت کی جانب سے سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا تھا۔ اس کے لیے الخدمت کے سینکڑوں رضا کاروں نے ڈیوٹی سرانجام دی اور کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو باغ جناح میں جانے کی اجازت نہیں دی۔ الخدمت کی جانب سے سیکیورٹی کو مزید سخت بنانے کے لیے باغ جناح کے مرکزی گیٹ کے اندر ایک اسٹال لگا یا گیا تھا جس میں ٹیسٹ میں شرکت کے لیے آنے والی طالبات کی انٹریز کی جا رہی تھیں ساتھ ہی وقفے وقفے سے مائیک کے ذریعے ان کی رہنمائی بھی کی جارہی تھی۔ مرکزی اسٹال پر ٹیسٹ کے لیے آنے والی بچیوں کے رجسٹرڈ موبائل نمبر چیک کر کے انہیں ٹیسٹ کے مقام میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی تاکہ کسی بھی بدنظمی اور پریشانی سے بچا جا سکے۔ طالبات کے ساتھ آنے والے والدین کے لیے الگ انتظار گاہ بنائی گئی تھی جہاں نماز کا خصوصی انتظام تھا اس کے علاوہ موبائل ٹوائلٹ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

الخدمت کے’’ شعبہ صاف پانی‘‘ کی جانب سے باغ جناح میں شرکاء￿ کو پانی کی فراہمی کے بہترین انتظامات کیے گئے تھے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایمبو لینسز بھی موجود تھیں۔

تاریخی ایونٹ کے انعقاد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھرپور تعاون حاصل تھا، ٹریفک پولیس، رینجرزکے ساتھ ساتھ فائر بریگیڈ، جناح اسپتال کی پیرا میڈیکل ٹیم اور نرسنگ اسٹاف بھی اپنی ذمہ داریاں پیش کرنے کے لیے موجود تھے۔ 6 اسمبلی ایریاز بنائے گئے، طالبات کے لیے مکتبہ سمیت دیگر اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔

باغِ جناح میں وسیع اسٹیج بنا یا گیا تھا جسے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ اسٹیج پر’’ کراچی کی بیٹیو! پڑھو آگے بڑھو ‘‘ کے جملے کے ساتھ صدرالخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمن کے وڑن کو عیاں کیا گیا تھا، فیس بک اور یوٹیوب پر لائیو کوریج کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، گیسٹ لاؤنج اور میڈیا گیلری بھی بنائی گئی تھی۔ اس دوران طالبات کے عزم و ہمت بڑھانے کے لیے الخدمت کے ترانے بھی وقتاً فوقتاً پڑھنے اور آگے بڑھنے کے جذبے کو بیدار کرتے رہے۔ مغرب کی نماز کے بعد ٹیسٹ کا آغاز ہوا۔ شہر قائد کی ہی دو بیٹیوں نے تلاوت کلام پاک پیش کیا اور بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاورکرنے کے لیے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی۔ نظامت کے فرائض شفاعت علی اور اسد اعجاز نے انجام دیے۔ تقریب کے روح رواں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی اسما سفیر، الخدمت خواتین کی صدر منور اخلاص ’ چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ، پروگرام کے ڈائریکٹر فاروق کاملانی، شریک تھے۔

بنو قابل پروگرام میں بہروز سبزواری، ایازخان، زیبا شہناز،ڈاکٹر شائستہ لودھی، اور سیفی حسن سمیت دیگر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

ٹیسٹ کے آغاز سے قبل قومی ترانا پیش کیا گیا جسے تمام افراد نے کھڑے ہوکر انتہائی ادب سے سنا اور اس ترانے میں اپنی آواز کی صورت میں جذبے کو بھی شامل کیا۔ تمام طالبات نے ٹیسٹ انتہائی انہماک سے دیا۔ ٹیسٹ میں 50 سوالات پر مشتمل سوال نامہ دیا گیا جسے حل کرنے کے لیے 45 منٹ کا وقت دیا گیا تھا۔ خواتین کی والنٹیئرز کی بڑی تعداد نے ہزاروں طالبات سوال نامہ تقسیم کیا اور ٹیسٹ کی تکمیل کے بعد پیپرز وصولی کے مرحلے کو بھی کامیابی کے ساتھ طے کیا۔ اس پورے عمل کے لیے کلیسٹرز بنائے گئے تھے اور ذمہ داریاں تفویض کی گئی تھیں تاکہ تمام کام اطمینان بخش طریقے سے مکمل ہوسکیں اورالحمدللہ منظم منصوبہ بندی کی وجہ سے اتنے بڑے پیمانے پر ہونے والا ٹیسٹ کامیابی سے ہمکنا ہوا۔ پیپرز وصولی کے بعد اسے سربمہر کرکے کنٹرول روم کے حوالے کر دیے گئے۔

’’ بنو قابل ‘‘ Aptitude ٹیسٹ کے عظیم الشان تاریخی ایونٹ کے موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شرکا طالبات سے پرجوش خطاب کیا۔ اس خطاب میں ان بچیوں کے لیے امید تھی، پڑھنے اور آگے بڑھنے کا پیغام تھا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ الخدمت نے اکتوبر میں لڑکوں کے لیے مفت آئی ٹی کورسز کے لیے اسی باغ جناح میں Aptitude ٹیسٹ منعقد کیا تھا جس میں ہزاروں لڑکوں نے شرکت کی تھی، اس میں کامیابی حاصل کرنے والے لڑکوں کے نتائج کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے لڑکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے بغیر اس معاشرے کا تصور ممکن نہیں۔ آپ اس ملک و ملت کی بیٹیاں ہو۔ آپ بہنیں ہوں تو بھائیوں کا خیال رکھنے والی ہو، بیٹیاں ہوں تو ماں باپ کے لیے راحت کا باعث ہو۔ آپ کو جو عزت واحترم بنی کریم صلی اللہ وعلیہ وسلم نے 1400سال پہلے دیا اس سے پہلے دنیا میں کسی عورت کے پاس نہیں تھی۔ آپ سے یہ حقوق کوئی چھین نہیں سکتا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ روزگار کی فراہمی حکومتوں کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ بدقسمتی سے آج ہمارے پڑھے لکھے نوجوانوں کے پاس روز گار نہیں ہے۔ نوجوان ملازمتوں کے لیے دھکے کھا رہے ہیں۔ تعلیم پر آپ کا حق ہے، آپ کو عزت والی ٹرانسپورٹ ملنی چاہیے۔ خراب ٹرانسپورٹ آپ کا مقدر نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہ ہماری آئی ٹی انڈسٹری بھارت سے بہت پیچھے ہے پاکستان میں حکومتی سطح پر آئی ٹی کے لیے کوئی کام نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی عوامی عہدے کے بغیر اتنا کام کر رہے ہیں تو حکومت میں موجود لوگ کیوں نہیں کر سکتے۔ کراچی کو پیچھے کر دیا گیا ہے۔ ہم کراچی کو نوجوانوں کو آگے بڑھائیں گے۔ کراچی کو آئی ٹی سٹی بنا ئیں گے‘ ہم ان شاء اللہ اس شہر میں آئی ٹی یونیورسٹی قائم کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے مرحلے میں الخدمت کے تحت ہاؤس وائف کے لیے پروگرام شروع کیا جائے گا تاکہ گھریلو خواتین اپنے گھروں میں بیٹھ کر ہنر سیکھ سکیں اور اپنے خاندان کی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر طالبات سے پاکستان اور اسلامی نظریے کی وفاداری‘ محنت‘ دیانت داری سے کام کرنے‘ ملک کی تعمیر و ترقی اور اپنے خاندان کو مضبوط بنانے میں بھرپور کردار ادا کرنے کا عہد لیا اور دعا کی اللہ ان طالبات کو ہمت اور توفیق عطا فرمائے۔

چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ نوجوان فری لانسنگ ویب ڈویلپمنٹ، ویب ڈیزائننگ ،ایمازون، گرافک ڈیزائننگ ڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسے کورسز کر کے نہ صرف پاکستان میں بہتر ین آمدنی حاصل کر سکتے ہیں بلکہ کثیر زر مبادلہ بھی کما سکتے ہیں۔ ٹیسٹ میں کامیاب نوجوانوں کو شہر بھر میں قائم کیے جانے والے آئی ٹی ٹریننگ سینٹر زمیں کورسز کروائے جائیں گے جہاں قابل ٹرینرز اور پروفیشنلز ٹیم کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کورس 4 سے 6 ماہ کا ہوگا۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ یکم جنوری2023 سے کلاسز کا آغاز کیا جائے گا۔ یہ آئی کورسز کا انقلابی پروگرام ہے نوجوان کورسز کر کے اپنے ماہانہ 40 ہزار یا اس سے زائد کما سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنو قابل پروگرام کراچی کے نوجوانوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے جو نوجوانوں کو پڑھنے اور آگے بڑھنے کے ساتھ انہیں مستقبل کو بہتر بنانے میں بھی مدد فراہم کرے گا۔

بہروز سبزواری نے کہا کہ الخدمت کی پوری ٹیم زبردست کام کر رہی ہے۔ الخدمت جو کام کر رہی ہے وہ االلہ کے ساتھ تجارت ہے جس میں نفع ہی نفع ہے‘ گھاٹا نہیں۔ یہاں موجود طالبا ت کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ ہماری بچیوں میں پڑھنے لکھنے اور آگے بڑھنے کا جذبہ موجود ہے۔ الخدمت کا بنو قابل پروگرام ان بچیوں کو بنانے قابل کا ایک اچھا ذریعہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بچیاں کورسز سیکھ کر پاکستان کا نام روشن کریں گی۔

ایاز خان نے کہا کہ الخدمت کےAptitude ٹیسٹ میں اتنی بڑی تعداد میں بچیوں کی شرکت خوش آئند ہے۔ یہ بچیاںاپنے والدین اور ملک کے لیے سوچتی ہیں اورکچھ کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے الخدمت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

زیبا شہناز نے کہا کہ میں حافظ نعیم الرحمن اور الخدمت کو مبارک باد دیتی ہوں کہ انہوں نے اتنا شاندار پروگرام شروع کیا جس سے ہمارے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔ یہ کوئی آسان کام نہیں ہے‘ الخدمت بڑے بڑے کام کر رہی ہے۔ میری دعا کہ اللہ حافظ نعیم الرحمن کو وہ مقام ومرتبہ دے کہ اس شہر کی حالت بد ل جائے۔

ڈاکٹر شائستہ لودھی نے ٹیسٹ کے لیے آنے والی بچیوں کو مخاطب کرتے ہو ئے کہا کہ آپ کے دَم سے ہی اس معاشرے میں رونق ہے، آپ پڑھیں گی لکھیں گی تو معاشرہ آگے بڑے گا۔
یوں اس ٹیسٹ میں شریک ہونے والی طالبات نئی امید کے ساتھ گھروںکو لوٹ گئیں۔

حصہ