الخدمت آغوش ہوم کے بچوں کیلئے سمر کیمپ کا انعقاد

261

الخدمت آغوش ہوم یتیم بچوں کی محفوظ پناہ گاہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے،گلشن معمار میں جدید طرز تعمیرکا حامل الخدمت آغوش ہوم جہاں ان بچوں کو بہترین رہائش ،معیاری کھانا اور تعلیم فراہم کر رہا ہے وہیں ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں بھی پیش پیش ہے۔الخدمت کی جانب سے آغوش ہوم میں قیام پذیر ان باہمت یتیم بچوں کے لیے موسم گرما کی تعطیلات میں سمر کیمپ 2022کا اہتما م کیا گیا ،جس میں تمام بچوں نے بھرپور شرکت کی ۔
آغوش ہوم میں سمر کیمپ 2022کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میںبچوں میں کھیلوں کی سرگرمیاں پروان چڑھانے والے ادارے ’’رائٹ ٹو پلے ‘‘نے اسپورٹس ڈے کا اہتمام کیا ،جس میں بچوں کے درمیان کھیلوں کے مقابلے کروائے گئے ،ان کھیلوں میں کرکٹ ،فٹبال ،رسہ کشی سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلے شامل تھے۔ اس کے بعد سمر کیمپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ،آغوش ہوم کی انتظامیہ کی جانب سمر کیمپ میںخطاطی،انگلش رائٹنگ ،عربی لینگویج ،تجوید قران ،تائیکوانڈو کلاسز کے ساتھ مطالعاتی دوروں کا بھی اہتمام کیا گیا ۔
کلاسز سے آغوش ہوم کے تمام بچوں نے بھر پور استفادہ کیا،اچھے اور پرسکون ماحول میں بچوں نے کلاسز میں شرکت کی اوران کلاسز کے ماحول کو بھی خوش گوار اور دلچسپی سے مزین کیا گیا تھا تاکہ بچے معمول سے ہٹ ان کلاسز میں دلچسپی کے ساتھ شرکت کریں اور انہیں تھکن کا بھی احساس نہ ہو ۔بچوں کوانگلش رائیٹنگ اورلینگویج کلاس میں انگر یزی میں لکھنے کی اہمیت کے ساتھ انہیں انگلش زبان کی اہمیت سے بھی آگا ہ کیا گیا ۔قرآن پاک کی تعلیم تجوید سے دینے کے ساتھ ان بچوں کوتجوید کے ساتھ پڑھنے کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا،جبکہ انہیں تائیکوانڈوکی کلاسز میں انہیں یہ کھیل سکھانے کے ساتھ جسمانی نشو ونما کے لیے اس کے فوائد بھی بتائے گئے اور بتایا گیا کہ صحت مند زندگی کے لیے کھیل کس قدر اہمیت کے حامل ہو تے ہیں ۔
آغوش ہوم کے بچوں نے کلاسز کے ذریعے نہ صرف مفید معلومات بھی حاصل کیں ،بلکہ ان کلاسز سے لطف اندوز بھی ہوئے۔ان ڈور سرگرمیوں کے ساتھ بچوں کو تفریح اور معلومات تک رسائی کے لیے مطالعاتی وتفریحی دورے بھی کروائے گئے ۔ الخدمت آغوش ہوم کی جانب سے بچوں پی آئی اے پلینٹیریم اورانڈس پینسل انڈسٹریز کا دورہ کروایا گیا ۔
پہلے مر حلے میں ’’ آغوش ہوم‘‘ کے بچوں کو مطالعاتی دورہ پر پی آئی اے پلینیٹیریم ( Planetarium PIA )لے جایا گیا۔ دورہ میں آغو ش میں قیام پذیر تمام بچوں کے ساتھ آغوش ہوم کے نگراں اور ذمہ داران بھی موجود تھے۔اس موقع پر بچوں کی خوشی دیدنی تھی اور وہ نہایت پرجوش تھے۔ بچوں نے ہوائی جہاز کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔ انہیں آڈیو اور وڈیوز کے ذریعے زمین سے خلاء کا سفر بھی کروایا گیا۔ نظام شمسی کی معلومات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں آسمان کی سیر بھی کروائی گئی۔ دریں اثنا ڈائریکٹر ’’ آغوش ہوم ‘‘ عبدالرحمن فدا نے کہا کہ آغوش ہوم کے بچوں کا یہ پہلا مطالعاتی دورہ ہے ۔
آغوش ہوم کے بچوں کو ’’انڈس پینسل انڈسٹریز ‘‘کے مطالعاتی دورہ پر بھی لے جا یا گیابچوں نے انڈسٹریز کے مختلف حصے دیکھے اورپینسل اوردیگر مصنوعات کی تیاری کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔ بچوں نے تمام مراحل دلچسپی سے دیکھے اور سوالات بھی کیے۔ بچوں نے دورہ کومعلوماتی اور دلچسپ قرار دیا۔ اس موقع پر انڈس پینسل کی جانب سے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ منیجر’’آغوش ہوم‘‘ مصعب بن خالد نے کہا کہ الخدمت آغوش ہوم کی جانب سے سمرکیمپ منعقد کیا گیا ہے، جس میں عربی لینگویج ،کمپیوٹرکلاسز، ہینڈ رائٹنگ، مارشل آرٹ، اسپورٹس، اسٹڈی ٹورز کی سرگرمیاں منعقد کی گئیں، مطالعاتی اور تفریحی دورے سمر کیمپ کا حصہ ہیں۔ اس طرح کی سرگرمیوں سے بچوں کی صلاحیتوں اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے دورے کے لیے تعاون پر انڈس پینسل انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
الخدمت آغوش ہو م میں قیام پذیر بچوں کا یہ پہلا ’’ سمر کیمپ ‘‘ تھا۔ الخدمت آغوش ہوم کی انتظامیہ آئندہ بھی اس طرح کی صحت مند اور معلوماتی سرگرمیوں کے اہتمام کے لیے پُر عزم ہے،الخدمت کی خواہش ہے کہ ان بچوں کو بہترین مستقبل دیا جائے تاکہ بچے احساس کمتر ی کا شکار نہ ہوںاور اپنے خاندان اور ملک وملک کا بہترین سرمایہ ثابت ہوں ۔

حصہ