الخدمت کی چرم قربانی مہم

240

عید الاضحی پر ’’چرم قربانی مہم‘‘ الخدمت کی ایک بڑی مہم ہو تی ہے۔ الخدمت ساراسال خدمت کے جو کام کر تی ہے، ان کو آگے بڑھانے کے لیے اس کی دو مہمات اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔ ایک رمضان المبارک دوسری چرم قربانی مہم ۔ان مہمات میں ذمہ دارا ن کے ساتھ ساتھ رضاکاروں کی شرکت بھی ناگزیز ہوتی ہے، جس طرح الخدمت لوگوں کی اخلاص کے ساتھ خدمت کر تی ہے ،اسی طرح رضاکار بھی ان مہما ت کو مہمیز دینے کے لیے اپنی ذمہ داریاں خلوص نیت کے ساتھ انجام دیتے ہیں ۔

الخدمت نے گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی ’’چرم قربانی مہم ‘‘کا اہتمام کیا۔ اس بر س عید الاضحی گزشتہ برسوں سے تھوڑی مختلف رہی ۔باران رحمت برسی تو ایک بار پھر شہر کراچی ڈوب گیا ۔جہاں شہر کے غریب آبادی والے علاقے متاثر ہوئے وہاں کراچی کا پوش علاقہ ڈی ایچ اے بھی بارش سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکا ۔کراچی کے نشیبی علاقوں کے تو کیا کہنے ،وہاں گھروں میں پانی کچھ ایسے داخل ہو ا کہ کئی روز تک نہیں نکالا جا سکا۔کراچی کی تمام شاہراہیں اور علاقے عید کے پہلے روز رات گئے شروع ہونے والی بارش سے متاثر ہو ئے بغیر نہیں رہ سکے ،ابرکرم کچھ اس انداز میں برسا کہ وہ عیدکے دوسرے روز دوپہر تک زور دکھاتا رہا،جس نے حالا ت کو مزید سخت بنا دیے ۔

الخدمت نے چرم قربانی مہم کے سلسلے میں تنظیمی طور پر تقسیم 12اضلاع میں خصوصی انتظامات کیے تھے، جبکہ کھالوں کو مرکز پر لانے کے لیے دو مقامات کا انتظام کیا گیا تھا۔ ایک سہراب گوٹھ اور دوسراکورنگی انڈسٹریل ایریا‘ جہاںکھالوںں کو نمک لگا کر انہیں محفوظ بنانے کا اہتمام کیا گیا تھا،جبکہ ان دونو ں مقامات پر الخدمت کے سیکڑوں رضاکار علاقوں سے آنے والی کھالوں کو وصول کر نے میں مصروف رہے ۔باران رحمت کے باعث سخت حالات میں بھی کارکنان کا جذبہ ماند نہیں پڑا بلکہ انہوں نے انتہائی جانفشانی اورتوجہ سے اس اہم ترین کام کو پایا ئے تکمیل تک پہنچانے کی جستجو کی ۔اضلاع سے آنے والی گاڑیوں سے کھالوں کی و صولی کاعمل تینوں روز بہ حسن وخوبی جاری رہا ۔

الخدمت کے مرکزی دفتر میں ایک کال سینٹر بھی قائم کیا گیا تھا۔ ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے اس کال سینٹر میں بیٹھ کر شہر بھر سے کھالوں کے لیے آنے والی کالز کو اٹینڈ کیا اور کھالوں کے حوالے سے بہترین انداز میں ان کی رہنما ئی بھی کی ۔کال سینٹر میں لوگوں نے شہر بھر سے قربانی کے بعد الخدمت کو جانوروں کی کھالیں عطیہ کرنے کی اطلاعات دیں ۔الخدمت کال سینٹر کی جانب سے شہریوں کو فوری اور اچھا رسپانس دیا گیا۔ علاقہ ذمہ داران کو بھی کھالیں اٹھانے کے لیے بروقت اطلاعات فراہم کی گئیں ،جبکہ ان شہریوں کے گھروں سے کھالیں اٹھائے جانے سے متعلق فالواپ بھی لیا گیا ۔کالز کے دوران ایک اہم بات یہ تھی کہ کھالیں الخدمت کو دینے والوں نے الخدمت کے کاموں کی شاندار الفاظ میں نہ صرف تعریف کی بلکہ اس پر اپنے بھر پور اعتماد کا بھی اظہار کیا ۔
بارش کے دوران گھر گھر پہنچ کرکھالیں جمع کرنا نہایت مشکل کام تھا جو الخدمت اور جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور کارکنان نے کر دکھایا۔ مقامی ذمہ دار اپنے علاقوں میں مستعد تھے اور موسم اورحالات کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے علاقے سے کھالیں جمع کرتے رہے۔ذمہ داران اپنے پوائنٹ پر کھالیں جمع کرتے پھر وہاں سے ایک ساتھ ٹرک کے ذریعے کھالیں مرکزتک پہنچاتے۔

جماعت اسلامی اور الخدمت بلاشبہ ایک مقصد ایک ،نظریے اورایک مشن کا نام ہے ۔اس کے کام بھی انسانیت کی فلاح کے لیے ہیں ۔اس بڑے مقصد کے لیے بڑے جذبے کی ضرورت ہوتی ہے اوراسی مقصد اور جذبے کے ساتھ کارکنان چرم قربانی کے کام میں فعال نظر آئے ،کسی کارکن نے بارش کو جواز بنا کر محاذ سے پیچھے ہٹنے کا سوچا نہ ہی اس کے عزم وحوصلے میں کمی آئی ۔یہی نہیں خود امیر جماعت اسلامی کراچی وصدرالخدمت حافظ نعیم الرحمن ،چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ اور ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشدقریشی سمیت دیگر ذمہ داران نے بھی تینوں دن کارکنان اور رضاکاروں کے شانہ بشانہ رہے اور تمام امور کی نگرانی کرتے رہے ۔ ان رہنماؤں نے تینوں دن شہر بھر میں قائم قربانی مراکز بھی کا دورہ کیا اوروہاں مقامی رہنماؤں اور رضاکاروں کی دل جوئی کی ۔
الخدمت کا ایک بڑا کام یہ بھی ہے کہ یہ ہرسال عید الاضحی پر پورے شہر میں اجتماعی قربانی کا اہتمام کر تی ہے ۔اجتماعی اورآسان قربانی ان ہی مراکز میں کی جاتی ہے ،وہ لوگ جن کے گھروں پر جانور کھڑے کرنے کی جگہ نہیں ،وہ لوگ کو قربانی کے لیے مہنگا جانور خریدنے کی سکت نہیں رکھتے اور جو دفاتر میں کام کرتے ہیں اوردن بھر جانور کی دیکھ بھال سے قاصررہتے ہیں۔ان کے لیے الخدمت کی یہ قربان گاہیں انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں ۔شہریوں کی ایک بہت بڑی تعدادالخدمت کی ان قربان گاہوں کا انتخاب کر تی ہے ،جہاں الخدمت کے رضاکار انتہائی ایمانداری سے قربانی کے گوشت کو 7حصوں میں تقسیم کر کے لوگوں کو فراہم کرتے ہیں اور کھال الخدمت کو دی جاتی ہے ۔

الخدمت ہرسال اجتماعی قربانی کے ساتھ ساتھ ہزاروںفی سبیل اللہ قربانی کا بھی اہتمام کرتی ہے ۔گزشتہ برس کی طرح اس برس بھی الخدمت نے کراچی سمیت ملک بھر میں فی سبیل اللہ قربانی کا اہتمام کیا ،جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا ۔الخدمت نے قربانی کا گوشت نہ صرف کراچی سمیت ملک بھر میں مستحقین وضرورت مندوں تک پہنچایا ،بلکہ روہینگیا ،شام ،فلسطین اور افغان ضرورت مند بھائیوں کے لیے قربانی کا اہتمام کیا گیا ۔الخدمت نے فی سبیل اللہ قربانی کے ذریعے نہ صرف پاکستان کے ہزاروں خاندانوں گوشت پہنچایا بلکہ روہینگیا ،شام ،فلسطین اور افغان ضرورت مند بھائیوں تک ان کے علاقوں میں گوشت پہنچایا ۔
الخدمت نے پورے شہر سے منظم انداز میں چرم قربانی مہم کو مکمل کیا ۔

ماضی کے مقابلے میں الحمد اللہ کراچی آج امن وامان کے لحاظ پر سکون ہے،مگر اب اس دور کے مقابلے میں کھالوں کے نرخ آج نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کی وجہ حکومت کی جانب سے کھالوں کی صنعت کی حوصلہ افزائی کا نہ ہونا اور چین سے لیدر امپورٹ کرنا بتایا جاتا ہے ،پھر بھی الخد مت خدمت کے میدان میں اپنے کردار کو مزید موثر اور فعال بنانے ،لوگوں سے اپنے رابطوں کو مضبوط بنانے اوران کھالوں کے ذریعے لوگوں کی خدمت کے کام کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔

صدرالخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمن اورچیف ایگز یکٹو نوید علی بیگ نے ماضی کی طرح اس سال بھی عوام کی جانب سے الخدمت پر اپنے بھرپور اعتماد اور بڑی تعداد میں کھالیں دینے پر تشکر کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ہے لوگوں کا اعتماد الخدمت کے کاموں کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا ۔انہوں نے الخدمت کے تمام ذمہ داران اور رضاکاران کو بھی کامیاب چرم قربانی مہم پر مبارک باد پیش کی۔

حصہ