الخدمت :خدمت و دیانت کی علامت

319

الخدمت جہاں زندگی کے دیگر شعبوں میں کا م کر رہی ہے وہاں صحت کے شعبہ میں بھی اس کا کام دن بدن وسعت اختیار کر رہا ہے۔الخدمت کے تحت کراچی میں 4بڑے اسپتال ،8 میڈیکل سینٹر کام کر رہے ہیں اور 3 ڈائیگنوسٹک سینٹر ز ہیں جبکہ اب تک 12کلیکشن پوائنٹس قائم کیے جا چکے ہیں۔ الخدمت کا مقصد ہے کہ لوگوں تک صحت کی سہولتیں زیادہ سے زیادہ پہنچائی جائیں ،خصوصاًمعیاری اور سستے ٹیسٹ کی سہولتیں لوگوں تک پہنچائی جائیں ،اس پورے نظام کو الخدمت نے جدید خطوط پر استوار کیا ہے ،تاکہ لوگ گھر بیٹھے اپنے ٹیسٹ سے متعلق نہ صرف جان سکیں بلکہ رپورٹ حاصل بھی کرسکیں۔اسی مقصد کے تحت الخدمت نے الحبیب آرکیڈ مین کلفٹن روڈ بلاک 7تین تلوار پر لیبارٹری و میڈیکل سروسز سینٹر قائم کیا،جس کا افتتا ح امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کیا ۔تقریب سے چیف ایگزیکٹیو الخدمت کراچی نوید علی بیگ، الخدمت ڈائریکٹر ڈائیگنوسٹک سروسز ڈاکٹر عظیم الدین، ڈی ایچ او ساوتھ ڈاکٹر محمد احمد قاضی، ڈائریکٹر الخدمت میڈیکل سروسز ڈاکٹر ثاقب انصاری، نائب امیر ضلع جنوبی سفیان دلاور، ڈائریکٹر الخدمت کمیونٹی سروسز قاضی سید صدر الدین نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی ، ڈائریکٹرپروجیکٹ ڈاکٹر نائلہ طارق، ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام فاروق کملانی ،نجیب ایوبی، لیاقت عبد اللہ و دیگر موجود تھے۔ قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساؤتھ سمیع اللہ نے بھی میڈیکل سینٹر کا دورہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔کلفٹن میں قائم اس لیبارٹری میں جہاں ٹیسٹ کی سہولت میسرآئے گی وہاں الٹراساونڈ ،ایکو ،ڈینٹل سمیت کنسلٹنسی کی سہولت بھی میسر آئے گی ۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلامِ پاک سے ہوا،بعدازاں تقریب سے خطاب کر تے ہوئے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی کر اچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جس نے ایک انسان کی جان بچائی اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی ۔ انسانوں کی جان بچانا اور ان کے کام آنا بہت بڑی خدمت ہے اور یہ کام الخدمت کر رہی ہے ۔ الخدمت پورے پاکستان میں خد مت و دیانت کی علامت ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت سماجی خدمات کاپورا نظام ہے۔ الخدمت تعلیم، صحت، پانی،کفالت یتامی، آغوش ہومز سمیت دیگر شعبہ جات میں کام کررہی ہے۔ کلفٹن میں ڈائیگنوسٹک سینٹر کے قیام سے جہاں سے کلفٹن اور اس سے ملحقہ آبادیوں کے لوگ استفادہ کریں گے ۔الخدمت کے تحت صحت کا وسیع نظام قائم ہے ،ٹیسٹ کی معیاری سہولت شہر کے ہر علاقے میں پہنچانا چاہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت کے تمام اسپتالوں اور سینٹرز میں ماہر اور بہترین مرد و خواتین ڈاکٹروں کی نگرانی میں لوگوں کو طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔الخدمت کو امداد میں ملنے والی رقم کو اسی مد میں خرچ کیا جاتا ہے ،جس مد میں لوگ اسے دیتے ہیں۔ الخدمت کے رضاکار امانت اور دیانت داری کے ساتھ نظام چلا رہے ہیں۔ جب ایسے لوگوں کے پاس شہر کی قیادت آتی ہے تو نعمت اللہ خان جیسے لوگ شہر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرتے ہیں۔ کراچی کے عوام شہر کے معاملات چلانے کے لیے امانت دار قیادت کا انتخاب کریں۔انہوں نے کہا کہ سیا سی گرما گرمی میں کوئی حکمرانوں سے سوال کرنے والا نہیں ہے کہ تھرپارکر میں کیا کام کیا۔
سندھ حکومت بتائے کہ صحت کے 170 بلین روپے کا بجٹ کہاں خرچ ہورہا ہے، جب الخدمت اتنا بڑا کام کرسکتی ہے تو سرکاری ادارے کیوں نہیں کرسکتے، اس لیے شہریوں کو سوچنا چاہیے کہ ہمارے ملک کا نظام ایسے لوگوں کے ہاتھ ہو جو عوام کے وسائل عوام پر خرچ کریں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ چولستان میں قحط سالی کے سبب انسان اور جانور مر رہے ہیں ،وہاں پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں ہے ۔الخدمت کے رضاکار ان لوگوں کو ریسکیو کر رہے ہیں اورجانوروں کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے ۔تھر پارکر ہو یا چولستان الخدمت لوگوں کی بلاتفریق خدمت کر رہی ہے ۔
چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت مختلف شعبوں میں کام کررہی ہے۔میڈیکل شعبے میں الخدمت کے 5 اسپتال ہیں ۔یہ بارہواں کلیکشن پوائنٹ ہے ۔الخدمت تعلیم کے شعبے میں کام کر رہی ہے۔ گلشن معمار میں آغوش ہوم قائم کیا ہے۔جہاں یتیم بچوں کو مفت تعلیم و رہائش دی جا رہی ہے۔آرفن کیئر پروگرام کے تحت 1300 بچوں کی ان کے گھروں پر کفالت کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کمیونٹی سروسز فراہم کی جارہی ہیں۔2021 میں الخدمت کی سروسزسے ملک بھر میں چار کروڑ لوگوں نے استفادہ کیا۔زلزلے ہوں یا بارشہرمشکل وقت میں الخدمت ہمیشہ آگے رہتی ہے۔ 2021کے دوران کراچی میں 25 سے 30 لاکھ لوگوں نے ہماری سروسز سے استفادہ کیا ۔آپ کے تعاون سے یہ تعداد 50 لاکھ تک بڑھائیںگے۔
ڈاکٹر محمد احمد قاضی نے کہا کہ مجھے انتہائی خوشی ہوئی کہ الخدمت کے تحت صحت کے حوالے سے اتنا بڑا کام ہورہا ہے۔الخدمت کی لیبارٹریز میں استعمال ہونے والی مشینیں جدید اور انتہائی معیاری ہیں۔ کورونا جیسی بیماری کا ٹیسٹ بھی الخدمت کی لیبارٹریز میں انتہائی سستی قیمت پر کیا جارہا ہے۔ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں ڈائریا بہت زیادہ ہے اور ڈائریا سے بچنے کے لیے صاف پانی بہت ضروری ہے۔الخدمت کے تحت انتہائی کم قیمت پر صاف پانی مہیا کیا جارہا ہے۔
ڈاکٹر عظیم الدین نے کہا ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں یہ پہلا سینٹر ہے، ناظم آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگنوسٹک سینٹرقائم کیا ہے جہاںٹیسٹ کی جدید اور معیاری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ایسی لیبارٹریز دیگر علاقوں میں بھی قائم کریں گے۔ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہاکہ سینٹر کے قیام کا مقصد سفید پوش افراد کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔الخدمت کم فیسوں کی وجہ سے معیار کم نہیں کرتی بلکہ اعلیٰ معیار کی سہولیات کو برقرار رکھتی ہے۔ سفیان دلاور نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کی پوری ٹیم کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے الخدمت سینٹر قائم کیا۔ الخدمت کے تحت مزید بھی سینٹر قائم کیے جائیں گے۔

حصہ