جمعیت الفلاح کے زیر اہتمام عید ملن مشاعرہ

164

پروفیسر رحمان خاور کی صدارت میں جمعیت الفلاح کے زیر اہتمام عید ملن مشاعرہ منعقد ہوا جس میں خالد عرفان مہمان خصوصی اور نظر فاطمی ناظم مشاعرہ تھے۔ تلاوتِ کلام پاک کی سعادت سید وزیر علی قادری نے حاصل کی۔ اکرم راضی نے نعت رسولؐ پیش کی۔ قمر محمد خان نے خطبۂ استقبالیہ میں کہا کہ ہماری ادبی تنظیم جمعیت الفلاح نے اب تک بے شمار مذاکرے‘ مشاعرے اور کتابوں کی تقریبات کا اہتمام کیا ہے‘ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم قلم کاروں کی پزیرائی کریں تاکہ ادب کی ترقی جاری رہے۔ قیصر خان نے کلمات تشکر ادا کیے اور تمام سامعین و شعرا کا شکریہ ادا کیا اور ایک اچھے مشاعرے کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ حضرات کا تعاون رہا تو ہم ان شاء اللہ بہتر سے بہتر پروگرام ترتیب دیں گے۔ صاحب صدر رحمان خاور نے کہا کہ وہ جب بھی کراچی آتے ہیں مشاعروں میں شریک ہوتے ہیں۔ دبستان کراچی میں بہت اچھی شاعری ہو رہی ہے‘ نوجوان نسل بھی شاعری کی طرف آرہی ہے۔ اپنی ادبی روایات اور ثقافت کی پاسداری کے لیے ہمیں ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا۔ گروہ بندی سے ادب فروغ نہیں پاتا۔ مشاعرے میں پروفیسر رحمان خاور‘ خالد عرفان‘ قمر وارثی‘ اختر سعیدی‘ نظر فاطمی‘ سحر تاب رومانی‘ نسیم شیخ‘ کشور عدیل جعفری‘ صفدر علی انشا‘ خالد میر‘ فکراللہ شاد‘ شائق شہاب‘ آسی سلطانی‘ یاسر سعید صدیقی‘ اکرم راضی‘ زبیر کمال سلطانی اور غازی بھوپالی نے اپنا کلام نذر سامعین کیا۔

حصہ