اپنے لیے تو سبھی جیتے ہیں، دوسروں کے لیے جینا ہی زندگی ہے۔دیگر کئی شعبوں کی طرح خدمت کے شعبے میں بھی خواتین کسی سے پیچھے نہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن خواتین میں الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ اور الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ کے ذریعے خدمت کے کام سرانجام دے رہی ہے۔ خواتین جہاں الخدمت کی خدمات ڈیزاسٹر مینجمنٹ، صحت، تعلیم، کفالتِ یتامیٰ، صاف پانی، مواخات اور سماجی خدمات کی قوس قزح میں مرد حضرات کے شانہ بشانہ رنگ بھرنے میں مصروف ہیں، وہیں بیوہ اور نادار خواتین کی کفالت اور انھیں باشعور اور بااختیار بنانے کے لیے بلا تخصیص قوم و مذہب، رنگ و نسل بھرپور جدوجہد کررہی ہیں۔ الخدمت کا شعبہ خواتین صاحب استطاعت اور بہت پسماندہ طبقے کی خواتین کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کررہا ہے۔ وومن ونگ کی خواتین ممبران اور رضاکارمخیر حضرات کی جانب سے حاصل ہونے والی عطیات کے ذریعے نادار اورانتہائی مفلوک الحال خاندانوں کو بھرپور امداد فراہم کرتی ہیں۔
کفالِت یتامیٰ
الخدمت شعبہ خواتین کے تحت جہاں ایک جانب معاشرے میں کفالتِ یتیم کی ترغیب کا کام جاری ہے وہیں دوسری جانب یتیم بچوں کو معاشرے کا فعال اور متحرک رکن بنانے کے لیے کی ان کے گھروں پر کفالت اور آغوش جیسے اقامتی اداروں میں ان کی پرورش و تربیت کے لیے قیام و طعام، تعلیم و صحت اور ذہنی و جسمانی نشو نما کے لیے ساز گارماحول فراہم کیا جارہا ہے۔ملک کے طول و عرض میں ہی نہیں بین الاقوامی سطح پر بھی ویمن ونگ یتامیٰ کی کفالت کے لیے کوشاں ہے، اس کا بین ثبوت اسلام آباد میں پچاس اور شیخوپورہ میں دو سو پچاس بچیوں کے لیے آغوش کی تعمیر کے ساتھ دیگر آغوشوں میں بھی معانت کرنا شامل ہے۔
مدر اینڈ چائلڈ کیریکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام
الخدمت یتیم بچہ کو باہمت بچہ اور بیوہ ماں کو باہمت ماں کہتی ہے۔ الخدمت شعبہ خواتین کا مشن ہے کہ فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت پسماندہ خاندانوں کو مستحکم خاندان بنایا جائے تاکہ چادر اور چار دیواری کے تحفظ سے محروم عورت اور باپ کے سایہ سے محروم بچے اپنے قدموں پر کھڑے ہوسکیں۔ ان پسماندہ خاندانوں کی دلجوئی، خودکفیل کرنے کے لیے روزگار کی فراہمی، مشکل حالات میں بنیادی ضروریاتِ زندگی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی کونسلنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ باہمت مائیں باآسانی اپنی اولاد کو ایک روشن مستقبل کی جانب گامزن کرسکیں۔ اس کے علاوہ بیوگان کی تربیت کے کورسز اور انکی ماہانہ بنیادوں پر ورکشاپس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
اسکل ڈولپمنٹ سینٹرزاور بلاسود قرض کی فراہمی
جہاں یتیم بچیوں اور انکی باہمت ماؤں کے لیے دینی و دنیاوی تعلیم وتربیت کے بہترین مواقع بھی فراہم کئے جاتے ہیں، وہیں ان طالبات و خواتین کے لیے قرآن فہمی کے لیکچرز، تکنیکی مہارت میں نکھار کے لیے ورکشاپس کا انعقاد کیا جاتا ہے، اسکلز ڈولپمنٹ سینٹرز میں سلائی کڑھائی دستکاری اور آرٹ اینڈ کرافٹ کے کورسز،ککنگ بیکنگ خطاطی اور فن خطابت کی عملی مشق کروائی جاتی ہے تاکہ زندگی کے کسی بھی میدان میں یہ خواتین باعزت طریقے سے اپنا مؤثر کردار ادا کرسکیں۔۔اس کے علاوہ سلائی مشینوں کی تقسیم اور بلاسود قرض کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ یہ باہمت خواتین معاشرے پر بوجھ بننے کی بجائے ایک مفید اور خود مختار رکن بن سکیں۔
سماجی خدمات
الخدمت شعبہ خواتین کے تحت الخدمت کمیونٹی سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔ ملک بھر میں قائم الخدمت کمیونٹی سنٹرز کا مقصد پسماندہ طبقہ کی خواتین اور بچوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات، جذبہ خود انحصاری پیدا کرنے کے لیے ہنر سکھانا، خواتین اور بچوں کی شرح خواندگی میں اضافہ اور خوشحال پاکستان کے قیام کے لیے ہمنوائی کا حصول ہے۔ الخدمت کمیونٹی سنٹرز میں تعلیم، روزگار، صحت عامہ، ماہانہ راشن اور وظائف، موسم سرما میں ونٹر پیکج، عید اور رمضان کے موقع پر فوڈ پیکج، عیدالضحیٰ کے موقع پر گوشت کی تقسیم، امداد برائے شادی اور بیداری پروگرام کے تحت امدادی سرگرمیاں سرانجام دی جارہی ہیں۔
شیلٹر ہوم
الخدمت فاؤنڈیشن نے معاشرتی مسائل کا شکار خواتین کے لیے رہائشی ادارہ قائم کیا ہے۔ جس میں باعزت اور باوقار طریقے سے زندگی کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان میں جذبہ خودانحصاری پیدا کرنے کے لیے تربیتی کورسز کروائے جاتے ہیں۔
شادی باکس
الخدمت شعبہ خواتین نا صرف مستحق بیٹیوں کی شادیوں کا انتظام کرتی ہیں بلکہ مقامی رسوم و روایات کے مطابق انہیں ضرورت کا سامان بھی فراہم کرتا ہے جسے شادی بکس کا نام دیا گیا ہے۔ ایک شادی بکس چار سوٹ زنانہ، دوسوٹ مردانہ، ایک بستر، جائے نماز، قرآن مجید، جیولری سیٹ، ڈنر سیٹ، واٹر سیٹ، چھ کپ پِرچ، تھرماس، دیگچی، پرات اور ٹرنک پر مشتمل ہوتا ہے۔
تعلیم
تعلیم سے محروم بچیوں اور خواتین کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے شعبہ خواتین نے پاکستان بھر فری ٹیوشن سنٹر اور تعلیم بالغاں مراکز قائم کئے ہیں۔ غریب و نادار اور ذہین طلبہ و طالبات کو الفلاح اسکالر شپ اسکیم کے ذریعے وظائف اور ایجوکیشن کٹس فراہم کی جاتی ہیں۔ قرآن و سنت کی تعلیمات کے لیے لیکچر سیریز جس میں فہم و تفسیر القرآن و حدیث اور معاشرے کے اصولوں کے مطابق سے خواتین اور بچوں کو مستفید کیا جاتا ہے۔ حصول علم میں آسانی کے لیے مختلف مقامات پر لائبریریاں قائم کی گئی ہیں۔
کلاتھ بنک
الخدمت وومن ونگ سفید پوش اور مستحق خواتین و بچیوں کے لیے موسم کے مطابق لباس فراہم کرتا ہے۔ دلہا دلہن کے لیے 10 ایام کے لیے اصل شناختی کارڈ رکھ کر عروسی لباس فراہم کیا جاتا ہے جوکہ قابلِ واپسی ہوتا ہے تاکہ ایک قیمتی جوڑے سے کئی مستحق استفادہ کرسکیں۔
خدمت خلق سے بے پایاں سکون اور راحت نصیب ہوتی ہے۔ چین کی ایسی نیند آتی ہے کہ دنیا کی خبر نہیں رہتی۔ لیکن بات وہی سچ ہے کہ خدمت خلق صحیح اور حقیقی ارادے پر استوار ہو۔ خواتین کو رب العزت نے درد مندی اور دیکھ بھال کے بے پناہ جذبے سے نوازا ہے اِس لیے خدمت خلق کے حوالے سے خواتین بہترین کردار ادا کر سکتی ہیں۔