الخدمت کا یتیم بچوں کے اعزاز میں افطار ڈنر اور تقسیم تحائف عید

356

یتیموں کی کفالت بڑی نیکی ہے،نبی مہر بان محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد پاک ہے کہ قیامت کے دن یتیموں کی کفالت کرنے والا اور میں یوں ہوں گے پھر آپ ؐ نے شہادت اور برابر والی انگلیوں کو ملا کرکہاجیسے یہ دو انگلیاں ۔ایک اور حدیث مبارکہ میں آتا ہے کہ آپ ؐ نے فرمایا کہ سب سے بہترین گھر وہ ہے جہاں یتیم کی کفالت کی جاتی ہو ،سب سے بدترین گھر وہ ہے جہاں یتیم کے ساتھ بد سلوکی کی جاتی ہو ۔
الخدمت ملک کی وہ سب سے بڑی این جی او ہے جو یتیموں کی کفالت کیلئے بڑا کام کر رہی ہے ۔کراچی سمیت ملک بھر میں الخدمت کے 19آغوش ہوم خدمت انجام دے رہے ہیں جہاں سیکڑوں یتیم بچوں کو رہائش خوراک ،معیاری تعلیم اور دیگر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں ،یہی نہیں اس وقت ملک بھر میں ہزاروں یتیم بچوں کی ان کے گھروں پر کفاکت کی ذمہ داری انجام دی جا رہی ہے ۔
الخدمت کراچی 1200سے زائد بچوں کی جہاں گھروں پرکفالت کر رہی ہے، وہاں انہیں عید الفطر اوررمضان المباک جیسی بابرکت ساعتوں میں بھی شریک کرتی ہے ،تاکہ انہیں وہ حقیقی خوشیاں میسر آسکیں جو باپ کے سائے میں کسی بچے کو میسر آتی ہیں ۔باہمت بچوں کے لیے ہرسال ’’ عالمی یوم یتامیٰ بھرپور انداز میں منایا جاتا ہے تاکہ معاشرے میں یتیموں کی کفالت کی اہمیت اوراحساس کو اجاگر کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں گزشتہ برسوں کی طر ح اس برس بھی الخدمت کراچی کے تحت 15رمضان المبارک کو عالمی یوم یتامیٰ شایان شان طریقے سے منایا گیا۔الخدمت کراچی ہیڈ آفس اور آغوش ہوم گلشن معمار میں ان باہمت بچوں کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا اور ان میں عید کے تحائف تقسیم کیے گئے۔
الخدمت کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت’’الخدمت ہیڈ آفس میں شام منائی گئی ،جبکہ آغوش ہوم میں بھی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔خصوصی تقریبات کے مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ اور ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی تھے ۔الخدمت ہیڈ آفس میں منعقد ہ تقریب میں الخدمت کے زیر کفالت بچوں میں عید الفطر کے تحائف تقسیم کیے گئے ،جبکہ ان بچوں کے لیے افطارڈنر کا بھی اہتمام کیا گیاتھا ۔۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت کے لیے یہ خوشی کی بات ہے کہ جہاں وہ زندگی کے دیگر شعبہ جات میں کام کر رہی ہے، وہیں وہ یتیموں کی کفالت جیسے اہم فریضے کو بھی انجام دے رہی ہے۔ یتیم بچوں کی کفالت نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم ہے اور اس حکم کے بجا آوری پورے مسلم معاشرے کا فرض ہے۔ ہم اگر ایک یتیم کو تھام لیں ،اس کی کفالت کی ذمہ داری لیں تو معاشرے میں کوئی یتیم بے سہارا نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت ایک یتیم بچے کی ساڑھے4ہزار روپے ماہانہ اور 54ہزارروپے سالانہ سے کفالت کر رہی ہے۔ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی نے کہا کہ یتیموں کی کفالت کا مقصد سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔ الخدمت عیدالفطر کے موقع پر ہرسال اپنے زیر کفالت باہمت یتیم بچوں کے لیے ملبوسات وتحائف اور عید ی کا اہتمام کرتی ہے۔ اس سال بھی 1200سے زائد بچوں میں یہ تحائف تقسیم کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد ان باہمت یتیم بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا ہے، انہوں نے کہا کہ الخدمت کے زیر کفالت بہت سے بچے عملی زندگیوں میں داخل ہوچکے ہیں اور اعلیٰ مقام پر فائز ہیں۔ افطار ڈنر کے بعد یتیم بچوں کوالخدمت آرفن کیئر پروگرام کے دفتر کا دورہ کروایا گیا۔
الخدمت کے گلشن معمار میں واقع ’’ آغوش‘‘ میں الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ تعاون سے باہمت یتیم بچوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب اورافطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقع آغوش ہوم میں رہائش پذیر بچوں میں عید الفطر کے تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کے مقصو د خان اور محمداصغر،منیجرآغوش ہوم مصعب بن خالد و دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ تقریب سے خطا ب کر تے ہوئے راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت باہمت یتیم بچوں کے لیے مثالی کام کر رہی ہے۔باہمت یتیم بچوں کی گھروں پر کفالت کے ساتھ ساتھ آغوش ہوم باہمت یتیم بچوں کے لیے ایک منفرد منصوبہ ہے،جس میں اب تک 41بچے رہائش پذیر ہیں، مزید بچوں کے داخلوں کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ ان تمام بچوں کوآغوش ہوم میں انٹر تک تعلیم وتربیت فراہم کی جائے گی ۔
الخدمت نے نوالین لیاری میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیاجس میں باہمت یتیم بچیوں میں کتب کے تحائف تقسیم کیے گئے ،اس موقع پر بچیوں کو پہناوے ڈاٹ کام کی آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے ملبوسات کے ڈیزائن پسند کروائے گئے ۔50سے زائد بچیوں نے ڈیز ائن پسند کیے اور موقع پر ہی ان کی سلائی کا آرڈر بھی دیا گیا،بعد ازاں تمام بچیوں اور ان کی ماؤں کا سیرت النبی ؐ کے عنوان سے کتب کے تحائف بھی دیے گئے ۔

حصہ