اب ذرا اپنے حال پر ایک بار پھر غور کرو۔
یہ آنکھیں جن سے تم دیکھتے ہو، یہ کان جن سے تم سنتے ہو، یہ ہاتھ جن سے تم کام کرتے ہو، یہ پیر جن سے تم چلتے ہو، اسی طرح تمہارے جسم کا ایک ایک حصہ تمہارے لیے کتنی بڑی نعمت ہے، اگر ان نعمتوں میں سے ایک نعمت بھی اللہ تم سے لےلے، تو پھر ذرا خوب سوچ کر اور اچھی طرح غور کرکے بتلائو، تمہارا کیا حال ہو؟
اگر اللہ تم سے:
تمہاری آنکھیں لے لے، تو تم اندھے ہو جائو۔
تمہارے کان لے لے، تو تم بہرے ہو جائو۔
تمہارے ہاتھ لے لے، تو تم لنجے ہو جائو۔
تمہارے پیر لے لے، تو تم لنگڑے ہو، اپاہج ہو جائو۔
پھر غور کرو، زمین اور آسمان میں کون ہے؟
جو تمہاری آنکھیں واپس کر دے۔
تمہارے کان تم کو دے دے۔
تمہارے ہاتھ تم کو عطا کر دے۔
تمہارے پیر تم کو بخش دے۔
بار بار غور کرو! لیکن تم ہر بار یہی جواب دو گے۔ زمین ہو یا آسمان، کہیں اور کسی جگہ، کوئی ایسا انسان، اور کوئی ایسا فرشتہ، ہاں اللہ کے سوا کوئی ایسی طاقت اور کوئی ایسی قوت موجود نہیں، جو تمہاری تکلیفوں کو دور کر سکے، تمہاری کھوئی ہوئی چھوٹی سے چھوٹی چیز تم کو دے سکے۔