آپ کتنے پانی میں ہیں۔ ابھی معلوم ہو جاتا ہے کہیں آپ شیخی خورے تو نہیں

218

دنیا میں شیخی خوروں کی کوئی کمی نہیں۔ اسی لیے ہمیں امید ہے کہ آپ کے گھر یا آپ کے ملنے جلنے والوں میں ایک آدھ شیخی خور ضرور موجود ہوگا بلکہ ممکن ہے آپ… خیر چھوڑیے کہیں آپ برا نہ مان جائیں شیخی خوری کی عادت کے برخلاف ایک اور عادت ہوتی ہے محتاط گفتگو کی، ہر چیز کا تجزیہ کر کے فیصلہ کرنے کی، یہ نہایت اچھی عادت ہے۔ شاید اسی لیے کم لوگوں میں پائی جاتی ہے۔ بعض لوگوں میں یہ عادتیں نمایاں ہوتی ہیں اور بعض ’’چھپے رستم‘‘ ہوتے ہیں اور بعض لوگوں کو تو یہی معلوم نہیں ہوتا کہ ان کا شمار کس قسم کے لوگوں میں ہوتا ہے؟ ایسے لوگوں کے لیے ہم ایک دل چسپ ٹیسٹ پیش کر رہے ہیں۔ ٹیسٹ میں بارہ سوالوں کے جواب دے کر آپ خود اپنی شخصیت کا تجزیہ کر سکتے ہیں۔ ان بارہ سوالات میں سے ہر ایک سوال کے پانچ مختلف جوابات ممکن ہیں اور ان میں سے ہر جواب کے علیحدہ نمبر ہیں۔ مثال کے طور پر:۔
٭ اگر کسی سوال کا جواب آپ کے نزدیک فوراً ’’ہاں‘‘ ہے۔ تو اس کے پانچ نمبر ہوں گے۔
٭لیکن اگر آپ نہیں کے بجائے سوچ کر ’’ہاں‘‘ کہتے ہیں تو اس کے چار نمبر ہوں گے۔
٭ ’’اس کے بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے‘‘ تو اس کے تین نمبر ہوں گے۔
٭اسی طرح اگر کسی سوال کے جواب میں آپ تھوڑی دیر میں ’’ہاں‘‘ کہنے کے بجائے ’’نہیں‘‘ کہتے ہیں تو اس کے دو نمبر ہوں گے۔
٭ جب کہ واضح طور پر ’’نہیں‘‘ کا ایک نمبر ہوگا۔
سوالات یہ ہیں:۔
1… کیا آپ سو میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ٹرین کی چھت پر سوار ہو کر سفر کرنا پسند کریں گے؟
2… اگر آپ کو کچھ لوگوں کے ساتھ سرد پانی والی نہر پار کرنی ہو تو کیا آپ نہر پار کرنے میں پہل کریں گے؟
3… اگر شیر کے پنجرے کا نگراں آپ کو یقین دلائے کہ شیر کی موجودگی کے باوجود پنجرے میں داخل ہونا خطرناک نہیں ہے تو کیا آپ پنجرے میں داخل ہونا پسند کریں گے؟
4… کیا آپ کسی انجن والی تیز رفتار کشتی کو سیکھے بغیر چلانا پسند کریں گے؟
5… کیا آپ کسی بھاگے ہوئے سرکش گھوڑے کو پکڑ کر لانا پسند کریں گے؟
6… کیا آپ کسی فیکٹری کی چمنی پر کسی ماہر کی نگرانی میں چڑھنا پسند کریں گے؟
7… کیا آپ کسی اپنے ایسے دوست کے ساتھ کار میں سفر کرنا پسند کریں گے جس نے حال ہی میں کوئی بڑا ایکسیڈنٹ کیا ہو؟
8… اگر چار افراد ایک چادر کو چاروں کونوں سے پکڑ کر اسے زمین سے اوپر اٹھائے کھڑے ہوں تو کیا آپ دس میٹر کی بلندی سے اس چادر پر چھلانگ لگا دیں گے؟
9… کیا آپ کسی سنگین بیماری سے نجات پانے کے لیے ایسا آپریشن کروانا پسند کریں گے، جس میں جان جانے کا خطرہ ہو؟
10… اگر کوئی لفٹ چھ آدمیوں کا وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتی ہو اور اس میں پہلے سے سات افراد سوار ہوں تو کیا آپ اس لفٹ میں سوار ہونا پسند کریں گے؟ جب کہ آپ کو جلدی ہے؟
11… اگر آپ کا ٹیچر آپ کو یقین دلائے کہ ہائی وولٹیج تار میں کرنٹ موجود نہیں ہے تو کیا آپ تار کو ہاتھ لگانا پسند کریں گے؟
12… کیا آپ چند ابتدائی معلومات حاصل کرنے کے بعد ہیلی کاپٹر اڑانے کے لیے تیار ہو جائیں گے؟
تمام سوالات کے نمبروں کو جوڑ کر دیکھ لیجیے۔ اگر آپ کے کل نمبروں کی تعداد 50 یا اس سے زیادہ ہے تو آپ یقیناً شیخی خورے یا جلد باز واقع ہوئے ہیں اور اگر آپ کا کل نمبر 25 یا اس سے کم ہیں تو آپ حقیقت پسند اور محتاط شخصیت کے مالک ہیں۔

حصہ