ہر زمانے میں شعرائے کرام نے معاشرے کی تباہی اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ شعرائے کرام معاشرے کا حساس طبقہ ہے جو اپنے اردگرد کے ماحول کو نظم کرتا ہے، ظلم کے خلاف آواز بلند کرتا ہے، مظلوموں کی حمایت میں اشعار کہتا ہے تاکہ حق و باطل میں امتیاز ہو۔ ان خیالات کا اظہار معروف شاعر و افسانہ نگار اسکواڈرن لیڈر(ر) فیروز ناطق خسرو نے ادارۂ پاسبانِ دبستان کراچی کی ماہانہ شعری نشست کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جو کہ بدر منیر بدر کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔ مشاعرے کے مہمانِ خصوصی زاہد یعقوب عامر تھے۔ مہمانِ اعزازی میں محمد ناصر علی، زاہد حسین جوہری اور آفتاب الحق فاروقی شامل تھے۔ صاحبِ خانہ بدر منیر نے کہا کہ وہ شعر و سخن کی ترقی میں ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہیں۔ آج بہت عمدہ کلام سننے کو ملا۔ الحاج نجمی نے خطبۂ استقبالیہ میں کہا کہ اس زمانے میں شعرا کے مسائل بڑھ رہے ہیں، اس جانب توجہ دینے اور ان کو حل کرنا ضروری ہے۔ مشاعرے میں فیروز ناطق خسرو، زاہد حسین جوہری، بدر منیر بدر، عباس الحسن، الحاج نجمی، ذوالفقار حیدر پرواز، ارحم ملک، قمر آسی، انوار حسین انوار، محمود احمد، غازی بھوپالی، عروج واسطی، رفیق مغل ایڈووکیٹ اور خاور نوید حیدری نے اپنا کلام پیش کیا۔