موسم کے بدلتے ہی نزلہ، زکام، بخار اور کھانسی جیسی چھوٹی مگر تکلیف دہ بیماریاں عام ہوجاتی ہیں جن سے ہر گھر میں متاثرہ افراد نظر آتے ہیں، مشکل یہ ہے کہ ان موسمی بیماریوں کی شعبۂ طب سے تاحال کوئی مناسب دوا بھی دستیاب نہیں ہوسکی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق موسم کے بدلتے ہی صفائی ستھرائی کا خاص رکھنا چاہیے۔ گرم تاثیر اور قوتِ مدافعت بڑھانے والی غذائوں کا استعمال بڑھا دیں، اور اسٹریس پھلوں سمیت خشک میوہ جات کا بھی استعمال لازمی کرنا چاہیے۔
ماہرین کے مطابق ان بیماریوں سے بچائو کا سب سے آسان طریقہ یہی ہے کہ ان سے بچنے کے پیشگی اقدامات کرلیے جائیں اور موسمی وائرس سے بچنے کے لیے ناک، منہ، حلق، لباس اور اپنی صفائی کا خیال رکھا جائے۔ موسم سرما کے دوران اگر روٹین میں گرم مشروبات کا اضافہ کرلیا جائے تو یہ بہت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ لہٰذا مختلف طریقوں سے بننے والے قہوے سے فائدہ اٹھانے کا وقت آگیا ہے۔
ادرک کی چائے:
سخت سردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ادرک کی چائے کو بہترین قرار دیا جاتا ہے۔ ادرک وٹامن سی، میگنیشیم اور دیگر معدنیات سے بھرپور ہونے کے باعث صحت کے لیے نہایت مفید ہے۔ ادرک کی چائے بنانے کے لیے ایک انچ کا ٹکڑا چار کپ پانی کے لیے استعمال کریں۔ پانی میں ادرک ابالیں اور چولہے سے اتارلیں۔ اب اس میں کالی مرچ، شہد اور لیموں شامل کرکے استعمال کریں۔
شہد اور تخم بالنگا:
نزلہ، زکام اور کھانسی سے بچنے کے لیے شہد اور تخم بالنگا کا استعمال بہترین ہے۔ ایک گلاس پانی میں چائے کا ایک چمچ تخم بالنگا بھگو دیں اور اس میں چائے کا ایک چمچ شہد شامل کرکے ابال لیں اور دن میں ایک بار استعمال کریں۔
گرم مسالے کا قہوہ:
سردی بھگانے، گلے کے درد میں آرام، بلغم کے خاتمے اور جسم کے درد میں آرام کے لیے گرم مسالے کا قہوہ نہایت موزوں ہے۔ گرم مسالے کا قہوہ بنانے کے لیے لونگ پانچ عدد، دارچینی دو ٹکڑے، دیسی اجوائن دو گرام ایک گلاس پانی میں ابال کر چھان لیں۔ اب نیم گرم ہونے پر اس میں شہد ملالیں، چاہیں تو لیموں کے چند قطرے بھی شامل کرلیں، اس قہوے کو دن میں دو بار استعمال کریں۔
سبز چائے:
سبز چائے کو عموماً وزن کم کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، لیکن سبز چائے کے اس کے علاوہ بھی بہت سے فوائد ہیں۔ سبز چائے میں اینٹی آکسیڈنٹ کی خصوصیت موجود ہوتی ہے، اسے صحت مند مشروب بھی کہا جاتا ہے، اس میں موسمی بیماریوں سے لڑنے کی خصوصیت بھی ہوتی ہے۔ دن میں اگر سبز چائے کا ایک کپ بھی لیا جائے تو اس سے آپ کو سردی بھی کم لگے گی۔ اسی لیے سرد علاقوں میں سبز چائے کا استعمال زیادہ کیا جاتا ہے۔