عبدالسلام عازم کے اعزاز میں مشاعرہ

195

ابوظہبی سے تشریف لائے شاعر عبدالسلام عازم کے اعزاز میں ایک شعری نشست سرور چوہان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی جس کی صدارت سلمان صدیقی نے کی۔ رانا خالد قیصر نے نظامت کے فرائض انجام دیے جن شعرا نے اپنی غزلیں پیش کیں ان میں سلمان صدیقی‘ نثار احمد نثار‘ عبدالسلام عازم‘ رانا خالد محمود‘ سرور چوہان‘ عبدالرحمن‘ محمود احمد‘ رفعت پروین اور ماہرہ خاتون شامل تھیں۔ میزبان مشاعرہ نے خطبۂ استقبالیہ اور کلماتِ تشکر ادا کیے۔ صاحب صدر نے کہاکہ ابوظہبی ایک ترقی یافتہ اسلامی ریاست ہے جہاں اردو بولنے والے بھی رہتے ہیں اس ریاست میں بارہ عالمی مشاعرے ہو چکے ہیں جس میں پاکستان کے شعرا بھی شریک ہوتے رہے ہیں۔ صاحبِ اعزاز نے کہاکہ ہمارا ملک پاکستان ہے لیکن ہم کسبِ معاش کے سلسلے میں سمندر پار چلے جاتے ہیں میں تقریباً بیس برس سے ابوظہبی میں اپنی روزی کما رہا ہوں وہاں جتنے بھی پاکستانی رہائش پزیر ہیں وہ شعر و سخن میں بھی دل چسپی لیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں بہت اچھی شاعری ہو رہی ہے لیکن یہاں کے شعرا اور ابوظہبی کے شعرا کے مضامین الگ الگ ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ شاعر اپنے اردگرد کے ماحول کو نظم کرتا ہے لیکن اب غزل میں گل و بلبل کے افسانوں کی گنجائش نہیں ہے اب ہمیں زمینی حقائق پر بات کرنی ہے۔

حصہ