حب ِرسولؐ کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا‘ شاداب احسانی

212

اللہ تعالیٰ نے کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر مبعوث فرمائے‘ ہمارے رسول حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم خاتم النبیین ہیں کہ اب کوئی رسول یا نبی نہیں آئے گا قیامت تک آنحضرت کی سنت اور قرآن ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ ہمارے ایمان کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے رسول سے محبت کریں‘ ان کے احکامات پر مکمل عمل کریں ورنہ ہمارا ایمان مکمل نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر شاداب احسانی نے ایک نعتیہ مشاعرے کے موقع پر صدارتی خطاب میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کے تمام فرقوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت ہے‘ ہمارے دشمن ہماری جڑیں کاٹ رہے ہیں اور ہم بھی انتشار و نفاق کا شکار ہیں‘ ہمارا پیغام یہ ہے کہ امتِ محمدی کے تمام فرقے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر کفار کا مقابلہ کریں ان کی سازشوں کو ناکام بنائیں‘ پاکستان کا استحکام ہماری آزادی کی ضمانت ہے۔ علاء الدین خانزادہ مہمان خصوصی اور جمیل ادیب سید مہمانِ اعزازی تھے۔ راشد نور نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ جن شعرا نے نعتیہ کلام پیش کیا ان میں پروفیسر ڈاکٹر شاداب احسانی‘ علاء الدین خانزادہ‘ جمیل ادیب سید‘ راشد نور‘ اختر سعیدی‘ راقم الحروف‘ نثار احمد نثار‘ طاہر سلطانی‘ عزیز الدین خاکی‘ آسی سلطان اور تاج علی رانا شامل تھے۔

حصہ