سنگ بے بنیاد کی تقریب رونمائی

185

بزم شعر و سخن کے زیراہتمام ص۔م ایمن کی آٹھویں کتاب سنگ بے بنیاد کی تقریب رونمائی فاران کلب کراچی میں منعقد ہوئی جس کی مجلس صدارت میں سلیم مغل اور فراست رضوی شامل تھے جب کہ طارق جمیل نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ عثمان جامعی اور ظہیر خان نے م۔ص ایمن کے فن اور شخصیت پر سیر حاصل گفتگو کی اور کتاب میں سے منتخب اقتباسات نذرِ سامعین کیے۔ طاہر سلطان پرفیوم والا اور عبید ہاشمی بھی مقررین میں شامل تھے۔ فراست رضوی نے کہا کہ م ص ایمن ایک منجھے ہوئے لکھاری ہیں اور طنز و مزاح میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے زندگی کے مسائل پر قلم اٹھایا ہے اور ہماری رہنمائی کی ہے۔ سلیم مغل نے کہا کہ م ص ایمن نے نثر نگاری میں اپنی جگہ بنائی ہے ان کے جملے غم زدہ انسان کو بھی مسکرانے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کے قلم میں مزید توانائی پیدا فرمائے۔ عثمان جامعی نے کہا کہ م ص ایمن کی کتابیں اردو ادب کا سرمایہ ہیں۔ ظہیر خان نے کہا کہ طنز و مزاح کا میدان بہت وسیع ہے لیکن طنز و مزاح لکھنا مشکل کام ہے تاہم م ص ایمن اس میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ طارق جمیل نے کہا کہ م ص ایمن ایک باصلاحیت قلم کار ہیں ان کی تحریر میں گہرائی اور گیرائی موجود ہے یہ زندگی کے تمام عنوانات پر لکھتے رہتے ہیں‘ ہم ان کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ طاہر سلطان پرفیوم والا نے کہا کہ بزمِ شعر و سخن کے تحت ہم ادبی پروگرام ترتیب دیتے ہیں‘ ہم اچھے قلم کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ م ص ایمن کو مبارک ہو کہ آج کی تقریب ان کے نام تھی کہ جو بہت کامیاب رہی۔ عبید ہاشمی نے کہا کہ م ص ایمن کے یہاں پھکڑ پن نہیں ہے‘ ان کے جملے بہت سادہ اور پُر لطف ہوتے ہیں۔ م ص ایمن نے کلمات تشکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بزم شعر و سخن کے ممنون و شکر گزار ہیں کہ انہوں نے میری کتاب کی تقریب سجائی۔ تمام حاضرین محفل کا شکر گزار ہوں کہ وہ اس پروگرام میں شاعر ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ شاعر و ادیب بہت حساس ہوتا ہے‘ وہ اپنے اردگرد کے ماحول میں جو کچھ دیکھتا ہے‘ وہی لکھتا ہے۔

حصہ