خدا کی اطاعت کس لئے ؟

847

برادرانِ اسلام! پچھلے کئی خطبوں سے میں آپ کے سامنے بار بار ایک یہی بات بیان کر رہا ہوں کہ اسلام اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کا نام ہے‘ اور آدمی مسلمان بن ہی نہیں سکتا جب تک کہ وہ اپنی خواہشات کی‘ رسم و رواج کی‘ دنیا کے لوگوںکی‘ غرض ہر ایک کی اطاعت چھوڑ کر اللہ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت نہ کرے۔
آج میںآپ کے سامنے یہ بیان کرنا چاہتا ہوں کہ اللہ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت پر اس قدر زور آخر کیوں دیا جاتا ہے۔ ایک شخص پوچھ سکتا ہے کہ کیا خدا ہماری اطاعت کا بھوکا ہے‘ نعوذ باللہ‘ خدا بھی دنیا کے حاکموں کی طرح اپنی حکومت چلانے کی ہوس رکھتا ہے کہ جیسے دنیا کے حاکم کہتے ہیں کہ ہماری اطاعت کرو اس طرح خدا بھی کہتا ہے کہ میری اطاعت کرو؟ آج میں اسی کا جواب دینا چاہتا ہوں۔
اللہ کی اطاعت میں ہی انسان کی فلاح ہے:
اصل بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ جو انسان سے اطاعت کا مطالبہ کرتا ہے وہ انسان ہی کی فلاح و بہتری کے لیے کرتا ہے۔ وہ دنیا کے حاکموںکی طرح نہیںہے۔ دنیا کے حاکم اپنے فائدے کے لیے لوگوں کو اپنی مرضی کا غلام بنانا چاہتے ہیں‘ مگر اللہ تمام فائدوں سے بے نیاز ہے۔ اس کو آپ سے ٹیکس لینے کی حاجت نہیں ہے۔ اسے کوٹھیاں بنانے اور موٹریں خریدنے اور آپ کی کمائی سے اپنے عیش کے سامان جمع کرنے کی حاجت نہیں ہے۔ وہ پاک ہے‘ کسی کا محتاج نہیں ہے۔ دنیا میں سب کچھ اسی کا ہے اور سارے خزانوں کا وہی مالک ہے۔ وہ آپ سے صرف اس لیے اطاعت کا مطالبہ کرتا ہے کہ آپ ہی کی بھلائی منظور ہے۔ وہ نہیں چاہتا کہ جس مخلوق کو اس نے اشرف المخلوقات بنایا ہے وہ شیطان کی غلام بن کر رہے یا کسی انسان کی غلام ہو‘ یا ذلیل ہستیوں کے سامنے سر جھکائے۔ وہ نہیں جاہتا کہ جس مخلوق کو اس نے زمین پر اپنی خلافت دی ہے وہ جہالت کی تاریکیوں میں بھٹکتی پھرے‘ اور جانوروں کی طرح اپنی خواہشات کی بندگی کرکے اسفل السافلین میں جا گرے۔ اس لیے وہ فرماتا ہے کہ چلو‘ پھر تم کو سیدھا راستہ مل جائے گا اور تم اس راستے پر چل کر دنیا میں بھی عزت اور آخرت میں بھی عزت حاصل کر سکو گے۔ (اس بارے میں اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے):
’’دین میں کوئی زبردستی نہیں ہے‘ ہدایت کا سیدھا راستہ جہالت کے ٹیڑھے راستوںسے الگ کرکے صاف صاف دکھا دیا گیا ہے۔ اب تم میں سے جو کوئی جھوٹے خدائوں اور گمراہ کرنے والے آقائوں کو چھوڑ کر ایک اللہ پر ایمان لے آیا اس نے ایسی مضبوط رسی تھامی جو ٹوٹنے والی نہیں ہے اور اللہ سب کچھ سننے اور جاننے والا ہے۔ جو لوگ ایمان لائیں ان کا نگہبان اللہ ہے۔ وہ ان کو اندھیروں سے نکال کر روشنی میں لے جاتا ہے اور جو لوگ کفر کا طریقہ اختیار کریں ان کے نگہبان ان کے جھوٹے خدا اور گمراہ کرنے والے آقا ہیں۔ وہ ان کو روشنی سے نکال کر اندھیروں میں لے جاتے ہیں‘ وہ دوزخ میں جانے والے ہیں جہاں ہمیشہ رہیں گے۔‘‘ (البقرہ: 256-257:2)
غیر اللہ کی اطاعت… گمراہی:
اب دیکھیے کہ اللہ تعالیٰ کے سوا دوسروں کی اطاعت سے آدمی اندھیرے میں کیوں چلا جاتا ہے اور اس کی کیا وجہ ہے کہ روشنی صرف اللہ ہی کی اطاعت سے مل سکتی ہے۔
آپ دیکھتے ہیں کہ اس دنیا میں آپ کی زندگی بے شمار تعلقات سے جکڑی ہوئی ہے۔ سب سے پہلا تعلق تو آپ کا اپنے جسم کے ساتھ ہے۔ یہ ہاتھ‘ یہ پائوں‘ یہ آنکھیں‘ یہ کان‘ یہ زبان‘ یہ دل و دماغ‘ یہ پیٹ‘ سب آپ کی خدمت کے لیے اللہ نے آپ کو دیے ہیں۔ آپ کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ان سے کس طرح خدمت لیں۔ پیٹ کو کیا کھلائیں اور کیا نہ کھلائیں؟ ہاتھوں سے کیا کام لیں اور کیا نہ لیں؟ پائوں کو کس راستے پر چلائیں اور کس راستے پر نہ چلائیں؟ آنکھ اور کان سے کس قسم کے کام لیں اور کس قسم کے نہ لیں؟ زبان کو کن باتوں کے لیے استعمال کریں؟ دل میں کیسے خیالات رکھیں؟ دماغ سے کیسی باتیں سوچیں؟ ان سب خادموں سے آپ اچھے کام بھی لے سکتے ہیں اور برے بھی۔ یہ آپ کو بلند درجے کا انسان بھی بنا سکتے ہیں اور جانوروں سے بھی بدتر درجے میں پہنچا سکتے ہیں۔
پھر آپ کے تعلقات اپنے گھر کے لوگوں سے بھی ہیں۔ باپ‘ ماں‘ بہن‘ بھائی‘ بیوی‘ اولاد اور دوسرے رشتے دار ہیںجن سے آپ کا رات دن کا تعلق ہے۔ یہاں آپ کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ان سے آپ کس طرح کا برتائو کریں؟ ان پر آپ کے کیا حق ہیں اور آپ پر اُن کے کیا حق ہیں؟ ان کے ساتھ ٹھیک ٹھیک برتائو کرنے ہی پر دنیا اور آخرت میں آپ کی راحت‘ خوشی اور کامیابی کا انحصار ہے۔ اگر آپ غلط برتائو کریں گے تو دنیا کو اپنے لیے جہنم بنا لیں گے اور دنیا ہی میں نہیں بلکہ آخرت میں خدا کے سامنے بھی سخت جواب دہی آپ کو کرنی ہوگی۔
پھر آپ کی تعلقات دنیا کے بے شمار لوگوں سے ہیں۔ کچھ لوگ آپ کے ہمسائے ہیں۔ کچھ آپ کے دوست ہیں۔ کچھ آپ کے دشمن ہیں۔ بہت سے وہ لوگ بھی ہیں جو آپ کی خدمت کرتے ہیں اور بہت سے وہ لوگ بھی ہیں جن کی آپ خدمت کرتے ہیں۔ کسی سے آپ کو کچھ لینا ہے اور کسی کو کچھ دینا۔ کوئی آپ پر بھروسا کرکے اپنے کام آپ کے سپرد کرتا ہے۔ کسی پر آپ خود بھروسا کرکے اپنے کام اس کے سپرد کرتے ہیں۔ کوئی آپ کا حاکم ہے اور کسی کے آپ حاکم ہیں۔ غرض اتنے آدمیوں کے ساتھ آپ کو رات دن کسی نہ کسی قسم کا معاملہ پیش آتا ہے جن کا آپ کا شمار نہیں کرسکتے۔ دنیا میں آپ کی مسرت‘ آپ کی کامیابی‘ آپ کی عزت اور نیک نامی کا سارا انحصار اس پر ہے کہ یہ سارے تعلقات جو میں نے آپ کے سامنے بیان کیے ہیں‘ صحیح اور درست ہوں۔ اسی طرح آخرت میں خدا کے ہاں بھی آپ صرف اسی وقت سرخ رُو ہو سکتے ہیں کہ جب اپنے مالک کے سامنے آپ حاضر ہوں تو اس حال میں نہ جائیں کہ کسی کا حق آپ نے مار رکھاہو‘ کسی پر ظلم کیا ہو‘ کوئی آپ کے خلاف وہاں نالش (فریاد) کرے‘ کسی کی زندگی خراب کرنے کا وبال آپ کے سر پر ہو‘ کسی کی عزت یا جان و مال کو آپ نے ناجائز طور پر نقصان پہنچایا۔ لہٰذا آپ کو یہ فیصلہ کرنے کی بھی ضرورت ہے کہ ان بے شمار تعلقات کو درست کر طرح رکھا جائے اور ان کو خراب کرنے والے طریقے کون سے ہیںجن سے پرہیز کیا جائے۔
اب آپ غور کیجیے کہ اپنے جسم سے‘ اپنے گھر والوں سے اور دوسرے تمام لوگوں سے صحیح تعلق رکھنے کے لیے آپ کو ہر ہر قدم پر علم کی روشنی درکار ہے‘ قدم قدم پر آپ کو یہ معلوم ہونے کی ضرورت ہے کہ صحیح کیا ہے اور غلط کیا؟ حق کیا ہے اور باطل کیا؟ انصاف کیا ہے اور ظلم کیا؟ کس کا حق آپ پر کتنا ہے اور کس پر آپ کا حق کتنا ہے‘ کس چیز میں حقیقی فائدہ ہے اور کس چیز میں حقیقی نقصان ہے؟ یہ علم اگر آپ خود اپنے نفس کے پاس تلاش کریں گے تو وہاں یہ نہ ملے گا۔ اس لیے کہ نفس تو خود جاہل ہے۔ اس کے پاس خواہشات کی سوا کیا دھرا ہے؟ وہ تو کہے گا کہ شراب پیو‘ زنا کرو‘ حرام کھائو‘ کیوں کہ اس میں بڑا مزا ہے‘ وہ تو کہے گا کہ سب کا حق مار کھائو اور کسی کا حق ادا نہ کرو‘ کیوں کہ اس میں فائدہ ہی فائدہ ہے‘ لے لیا سب کچھ اور دیا کچھ نہیں۔ وہ تو کہے گا کہ سب سے اپنا مطلب نکالو اور کسی کے کچھ کام نہ آئو‘ کیوں کہ اس میں نفع بھی ہے اور آسائش بھی۔ ایسے جاہل کے ہاتھ میں جب آپ اپنے آپ کو دے دیں گے تو وہ آپ کو نیچے کی طرف لے جائے گا‘ یہاں تک کہ آپ انتہا درجے کے خود غرض‘ بد نفس اور بد کار ہو جائیں گے اور آپ کی دنیا اور دین دونوںخراب ہوںگے۔
دوسری صورت یہ ہے کہ آپ نفس کے بجائے اپنے ہی جیسے دوسرے انسانوں پر بھروسا کریں اور اپنی باگ اُن کے ہاتھ میں دے دیں کہ جدھر وہ چاہیں اُدھر لے جائیں۔ اس صورت میں یہ خطرہ ہے کہ ایک خود غرض آدمی کہیں آپ کو خود اپنی خواہش کا غلام نہ بنا لیے یا ایک جاہل آدمی خود بھی گمراہ ہو اور آپ کو بھی گمراہ کر دے یا ایک ظالم آپ کو اپنا ہتھیار بنائے اور دوسروں پر ظلم کرنے کے لیے آپ سے کام لے۔ غرض یہاں بھی آپ کو علم کی وہ روشنی نہیں مل سکتی جو آپ کو صحیح اور غلط کی تمیز بتا سکتی ہو اور دنیا کی اس زندگی میں ٹھیک ٹھیک راستے پر چلا سکے۔
حقیقی ہدایت… صرف اللہ کی طرف سے:
اس کے بعد صرف ایک خدائے پاک کی وہ ذات رہ جاتی ہے جہاں سے یہ روشنی آپ کو مل سکتی ہے۔ خدا علیم اور بصیر ہے‘ وہ ہر چیز کی حقیقت کو جانتا ہے‘ وہی ٹھیک ٹھیک بتا سکتا ہے کہ آپ کا حقیقی نفع کس چیز میں ہے اور حقیقی نقصان کس چیز میں۔ آپ کے لیے کون سا کام حقیقت میں صحیح ہے اور کون سا غلط۔ پھر خداوند تعالیٰ بے نیاز بھی ہے۔ اس کی اپنی کوئی غرض ہے ہی نہیں۔ اسے اس کی ضرورت ہی نہیں ہے کہ معاذ اللہ آپ کو دھوکا دے کر کچھ نفع حاصل کرے۔ اس لیے وہ پاک‘ بے نیاز مالک جو کچھ بھی ہدایت دے گا بے غرض دے گا اور صرف آپ کے فائدے کے لیے دے گا۔ پھر خداوند تعالیٰ عادل بھی ہے‘ ظلم کا اس کی ذاتِ پاک میں شائبہ بھی نہیں ہے‘ اس لیے وہ سراسر حق کی بنا پر حکم دے گا۔ اس کے حکم پر چلنے میں اس بات کا کوئی خطرہ نہیں ہے کہ آپ خود اپنے اوپر یا دوسرے لوگوں پر کسی قسم کا ظلم کر جائیں۔
الٰہی ہدایت سے استفادہ… مگر کیسے؟
یہ روشنی جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ملتی ہے‘ اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے دو باتوںکی ضرورت ہے۔
o… ایک یہ کہ آپ اللہ پر اور اس کے رسولؐ پر جس کے واسطے سے یہ روشنی آرہی ہے‘ سچے دل سے ایمان لائیں‘ یعنی آپ کو پورا یقین ہو کہ خدا کی طرف سے اس کے رسولِ پاکؐ نے جو کچھ ہدایت دی ہے وہ بالکل برحق ہے‘ خواہ اس کی مصلحت آپ کی سمجھ میں آئے یا نہ آئے۔
o… دوسرے یہ کہ ایمان لانے کے بعد آپ اس کی اطاعت کریں‘ اس لیے کہ اطاعت کے بغیر کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوسکتا۔ فرض کیجیے ایک شخص آپ سے کہتا ہے کہ فلاںچیز زہر ہے‘ مار ڈالنے والی چیز ہے‘ اسے نہ کھائو۔ آپ کہتے ہیں کہ بے شک تمِ نے سچ کہا ہے‘ یہ زہر ہی ہے‘ مار ڈالنی والی چیز ہے‘ مگر یہ جاننے اور ماننے کے باوجود آپ اس چیز کو کھا جاتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ اس کا نتیجہ وہی ہوگا جو نہ جانتے ہوئے کھانے کا ہوتا۔ ایسے جاننے اور ماننے سے کیا حاصل؟ اصلی فائدہ تو اسی وقت حاصل ہو سکتا ہے جب آپ ایمان لانے کے ساتھ اطاعت بھی کریں۔ جس بات کا حکم دیا گیا ہے اس پر فقط زبان ہی سے امنا و صدقنا نہ کہیں بلکہ اس پر عمل بھی کریں اور جس بات سے روکا گیا ہے‘ اس سے پرہیز کرنے کا زبانی اقرار نہ کریں‘ بلکہ اپنے اعمال میں اس سے پرہیز بھی کریں۔ اسی لیے حق تعالیٰ بار بر فرماتا ہے:
-1 میری اطاعت کرو اور میرے رسولؐ کی اطاعت کرو۔‘‘ (المائدہ: 92-5)
-2 اگر میرے رسولؐ کی اطاعت کرو گے تب ہی تم کو ہدایت ملے گی۔‘‘ (النور: 54-24)
-3 ’’وہ لوگ جو ہمارے رسولؐ کے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہیں ان کو ڈرنا چاہیے کہ کہیں وہ کسی آفت میں نہ پڑ جائیں۔‘‘ (النور 63-24)
اللہ اور رسولؐ کی اطاعت کا مطلب:
برادرانِ اسلام! یہ جو بار بار آپ سے کہتا ہوں کہ صرف اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کرنی چاہیے اس کا مطلب آپ یہ نہ سمجھ لیں کہ آپ کو کسی آدمی کی بات ماننی ہی نہیں چاہیے۔ نہیں‘ دراصل اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ آنکھیں بند کرکے کسی کے پیچھے نہ چلیں‘ بلکہ ہمیشہ یہ دیکھتے رہیں کہ جو شخص آپ سے کسی کام کو کہتا ہے وہ خدا اور رسولؐ کے حکم کے مطابق کہتا ہے یا اس کے خلاف۔ اگر مطابق کہتا ہے تو اس کی بات ضرور ماننی چاہیے کیوں کہ اس صورت میں آپ اس کی اطاعت کب کر رہے ہیں‘ یہ تو دراصل اللہ اور اس کی رسولؐ ہی کی اطاعت ہے۔ اور اگر وہ حکمِ خدا اور رسولؐ کے خلاف کہتا ہے تو اس کی بات اس کے منہ پر دے ماریے۔ خواہ وہ کوئی ہو‘ کیوں کہ آپ کے لیے خدا اور رسولؐ کے سوا کسی کے حکم کی اطاعت جائز نہیں ہے۔
یہ بات آپ سمجھ سکتے ہیںکہ اللہ تعالیٰ خود تو آپ کے سامنے آکر حکم دینے سے رہا۔ اس کو جو کچھ احکام دینے تھے وہ اس نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے سے بھی دیے۔ اب رہے حضرت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم‘ تو آپؐ بھی ساڑھے تیرہ سو برس پہلے وفات پا چکے ہیں۔ (واضح رہے کہ یہ خطبات ۱۳۵۷ہجری (1938ء) کو دیے گئے تھے۔ اُن دنوں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کو ساڑھے تیرہ سو برس ہوئے تھے۔) آپ کے ذریعے سے جو احکام خدا نے دیے تھے وہ قرآن اور حدیث میں ہیں لیکن قرآن اور حدیث خود بھی چلنے پھرنے اور بولنے اور حکم دینے والی چیزیں نہیں ہیں کہ آپ کے سامنے آئیں اور آکر کسی بات کا حکم دیں اور کسی بات سے روکیں۔ قرآن اور حدیث کے احکام کے مطابق آپ کو چلانے والے بہرحال انسان ہی ہوں گے۔ اس لیے انسانوں کی اطاعت کے بغیر تو چارہ نہیں‘ البتہ ضرورت جس بات کی ہے وہ یہ ہے کہ آپ انسانوں کے پیچھے آنکھیں بند کرکے نہ چلیں بلکہ جیسا کہ میں نے ابھی آپ سے کہا کہ یہ دیکھیے کہ وہ قرآن و حدیث کے مطابق چلا رہے ہیں یا نہیں۔ اگر قرآن و حدیث کے مطابق چلالیں تو ان کی اطاعت آپ پر فرض ہے اور اگر اس کے خلاف چلائیں تو ان کی اطاعت حرام ہے۔
(جاری ہے)

حصہ