الخدمت نے ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی کے علاقے گلشن ِ معمار میں ایک عالی شان’’ آغوش ہوم‘‘ تعمیر کیا ہے، جو ایک بورڈنگ طرز کا ادارہ ہے، جہاں رہائش پذیر بچوں کو گھر جیسی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ملک بھر میں الخدمت کے14آغوش ہوم قائم ہیں جبکہ کئی شہروں میں آغوش ہوم پر تعمیراتی کام جاری ہیں۔
الخدمت کراچی کا آغوش ہوم جلد آپریشنل ہونے والاہے۔ اس آغوش ہوم میں رہائش پذیر بچوں کو نہ صرف تعلیم دی جائے گی بلکہ انہیں یہاں کھانے پینے ،کھیلوں اور صحت سمیت زندگی کی دیگر سہولتیں بھی فراہم کی جائیںگی، اس کے لیے پورا نظام وضع کیا گیا ہے ۔
الخدمت نے آغوش ہوم میں داخل بچوں اور الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے بچوں کے لیے پاکستان کے76 واں جشن آزادی شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ اس کے لیے آغوش ہوم میں پہلی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ویسٹ شہر یار گل میمن تھے جبکہ تقریب کی صدارت چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کمشنر محمد اشرف، میونسپل کمشنر وسیم مصطفی، سپرنٹنڈنٹ انجینئر طارق مغل، ڈائریکٹر عبد الرحمن فدا، سینئر منیجر ریسورس موبلائزیشن عنایت اللہ اسماعیل، منظر عالم، ڈاکٹر میاں خلیل، کوآرڈینیٹر معمار ہاؤسنگ پراجیکٹ عاصم خورشید، صدر ندیم قریشی‘ رکن مجلس عاملہ گلشن معمار پراپرٹی ایڈوائزر ایسوسی ایشن نعمان مقصود اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا جس کی سعادت طالب علم محمد نعیم نے حاصل کی۔ تقریب میں بچوں کے درمیان ملی نغموں اور تقاریر کا مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں یتیم بچوں نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہارکیا۔ تقریب میں بچوں کی تفریح کے لیے میجک شو کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں میجک ماسٹر جاوید انصاری نے بچوں کو کمالات دکھائے،جس سے بچے خوب محظوظ ہوئے۔
تقریب کے آغاز پر تمام مہمانوں نے بچوں کے ساتھ آغوش ہوم کی عمارت پر قومی پر چم لہرایا۔ بچوں نے پاکستانی پرچم والے رنگوں والے خوب صورت ملبوسات زیب تن کیے ہو ئے تھے اور ہاتھوں میں پاکستانی جھنڈیاں تھامے ہوئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر ویسٹ شہریار گل میمن نے آغوش ہوم کے بچوں کے لیے کھیلوں کے سامان پر مشتمل تحائف چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ کے حوالے کیے گئے جو بعدا زاں بچوں میں تقسیم کیے گئے۔ مہمانوں کو آغوش ہوم کا تفصیلی دورہ بھی کروایا گیا جنہوں نے بچوں کے رہائشی کمرے،کچن، ڈائننگ روم، واش رومز، وضو خانے، لیکچر روم اور مسجد سمیت دیگر حصوں کا معائنہ کیا اور آغوش ہوم کے معیاری طرزِ تعمیر کی تعریف کی ۔
تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر ویسٹ شہریار گل میمن نے کہا کہ تقریب میں بچوں کا جذبہ دیکھ کر انہیں انتہائی خوشی ہو ئی ہے۔ یہ زندہ قوموں کا نشان ہے۔ انسانی زندگی ارتقائی عمل سے جڑی ہے۔ یہ ارتقائی عمل ہے جو ترقی کی جانب جاتا ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو چاہیے کہ مل کر پاکستان کی ترقی کے لیے کام کریں کیوں کہ یہ ملک ہم سب کا ہے، اسے بڑی قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل کیا گیا ہے۔ مل کر ملک کے لیے کام کر یں گے تو ملک ترقی کرے گا ۔
انہوں نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی اور کہا کہ الخدمت کی فلاحی خدمات قابل قدر ہیں ۔ یہ یتیم بچوں کے لیے جو کام کر رہی ہے یہ ہم سب کے لیے روشن مثال ہے‘ سب کو الخدمت کا ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے الخدمت کو اپنے تعاون کی بھی یقین دہانی کروائی۔
نوید علی بیگ نے کہا کہ یہ خوب صورت موقع ہے کہ آغوش ہوم میں ان باہمت بچوں کے ساتھ پہلی تقریب ہو رہی ہے۔ پاکستان اللہ کی عطا ہے۔ پاکستان کا معرض وجود میں آنا اللہ کا معجزہ ہے۔ الخدمت زندگی کے 7 مختلف شعبہ جات صحت، تعلیم، روزگار، ڈیزاسڑ مینجمنٹ، کفالت یتامیٰ، کمیونٹی سروسز اور صاف پانی میں بھرپور کام کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ کفالت یتامیٰ الخدمت کا اہم ترین پروگرام ہے جس کے دو حصے ہیں ایک حصے میں ہم ان یتیم بچوں کی گھروں پر کفالت کر رہے ہیں جو اپنی ماؤں یا سرپرستوں کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ دوسرے حصے میں یتیم بچوں کو آغوش ہوم میں بورڈنگ کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت یتیموں کی کفالت کا اہم فریضہ انجام دے رہی ہے۔ پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ یتیم بچوں کی پرورش کے لیے آگے آئے کیوں کہ یہ سنت رسول ؐ ہے اور اسی مقصد کے لیے ہم نے آغوش ہوم قائم کیا جہاں بچوں کو صحت، تعلیم اور غیر نصابی سرگرمیوں سمیت دیگر سہولتیں میسر ہوں گی۔ یہ بورڈ نگ طرز کا بہترین ادارہ ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گلشن معمار کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے الخدمت کو یہ جگہ فراہم کی۔ اللہ تعالیٰ الخدمت کے ساتھ تعاون کرنے والوں کے جذبے کو قبول کرے۔
عنایت اللہ اسماعیل نے الخدمت کے تمام ڈونرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے الخدمت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آغوش ہوم جلد آپریشنل ہونے والا ہے۔ پورے ملک میں الخدمت کے 14آغوش ہوم موجود ہیں۔ کراچی میں آغوش ہوم کا قیام ایک خواب تھا جو الحمدللہ پورا ہوگیا ہے۔ یہاں سے نکلنے والے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جب کہ کچھ عملی زندگی میں اعلیٰ مقام حاصل کر چکے ہیں۔ کراچی کا آغوش ہوم ان بچوں کو عثمان پبلک اسکول جیسے معیاری تعلیمی ادارے کی سہولت اور دیگرسہولتیں فراہم کرے گا۔ انہوں نے الخدمت آغوش اور آرفن کیئر پروگرام کے تمام کارکنان سے اظہار تشکر کیا۔ تقریب کے آخر میں بچوں میں ایوارڈ بھی تقسیم کیے گئے۔