سونا لوگ

217

دروازہ بہت دیر سے بج رہا تھا۔ بولنے پر بچوں نے کمرے میں آکر اطلاع دی کہ رحمت اللہ آیا ہے، جاکر دیکھیں۔
’’سلام باجی!‘‘ اس نے اپنے سفید موتیوں جیسے دانتوں کی نمائش کرکے مسکراتے ہوئے سلام کیا۔
’’آپ نے جمعرات کو بلایا تھا۔‘‘
’’آج تو ہفتہ ہے…‘‘ میں نے کہا۔
کہنے لگا ’’میری طبیعت ٹھیک نہیں تھی، اور میں اپنی جھگی کا سامان شفٹ کررہا تھا، زمین کے مالک نے پلاٹ خالی کرنے کو کہا تھا۔
رحمت اللہ اور اُس جیسے کرداروں سے ہماری دنیا بھری پڑی ہے۔ میں اس کو سات سال پہلے جانتی تک نہ تھی، وہ ہماری بلڈنگ کا کچرا اٹھاتا تھا۔ نہایت ایمان دار، حیادار نوجوان تھا۔ کچرا دینے کے درمیان یا بلڈنگ کی صفائی کے موقع پر اگر ہمارا دروازہ تھوڑا سا بھی کھلا رہ جاتا توآواز لگاتا ’’باجی پردہ کرلو۔‘‘ خوددار اتنا کہ پہلوٹھی کے بچے کے انتقال پر چھٹیاں کرنے کی وجہ سے کم تنخواہ ملنے پر ہم نے کچھ دینا چاہا تو کہنے لگا ’’باجی ہمارا گزارا ہورہا ہے‘‘۔ بہت دن وہ نہیں آیا تو بلڈنگ والوں نے دوسرے کچرا اٹھانے والوں کا انتظام کرلیا۔ اُس نے اپنے مہینے بھر کی تنخواہ بھی نہیں لی تھی۔ خاصے دنوں بعد جب آیا تو بتایا کہ مجھے یرقان ہوگیا تھا، ڈاکٹر نے اس کام کو منع کردیا، اب کباڑیے کے ساتھ کام کرتا ہوں۔
میں نے دیہاڑی پوچھی تو بتایا: 300 روپے روزانہ۔ پھر اُس وقت سے آج تک ہمارے فون کرنے پر کبھی کبھار دیواریں، پنکھے اور چھت کی صفائی وغیرہ کے کام کے لیے آجاتا، اور اس طرح اُس کی کچھ مدد بھی ہوجاتی۔ رفتہ رفتہ بلڈنگ کے دوسرے مکین بھی اُس سے مہینے میں ایک مرتبہ یہ کام لینے لگے۔ اس طرح اُس کی کچھ اضافی آمدنی ہوجاتی۔ اِس عید میں تو اپنے چھ سالہ بیٹے کو بھی لایا، جو اس کی طرح خوب صورت اور صحت مند تھا۔ کام کرنے کے دوران اپنے بچے کو اپنے قریب بٹھا لیا۔ میں نے کہا: اس کو بچوں کے ساتھ کھیلنے دو، تو کہنے لگا: نہیں، یہ کھلونے اور ٹی وی دیکھے گا، میں اس کو یہ ماحول دکھانا نہیں چاہتا۔ اس کی تربیت کا یہ بہترین انداز تھا۔ کہنے لگا: باجی یہ صرف مدرسے جاتا ہے، آپ کو معلوم ہے میرا چھوٹا بھائی بھی حافظ بن گیا ہے، اور اِس سال تو اُس نے تراویح بھی پڑھائی ہے۔
مجھے معلوم تھا اُس نے چھوٹے بھائی کو بڑے لاڈ سے پڑھایا تھا۔ چھوٹی بہن کی ذمے داری بھی بہ خوبی نبھائی تھی۔ بات بات پر اللہ کا شکر ادا کرنے والا رحمت اللہ، جس کے چہرے پر اطمینان سے بھرپور مسکراہٹ تھی، بھرے پیٹوں سے لاکھ درجہ بہتر تھا۔

حصہ