نہ بھولنے والی سوشل میڈیا ورکشاپ

400

جولائی کی خوبصورت شام تھی، جب ضلع ائیرپورٹ کے تحت ’’گل خیرن انسٹی ٹیوٹ‘‘ میں ایک منفرد سوشل میڈیا ٹریننگ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ اپنی نوعیت کی یہ ایک بہترین ورکشاپ تھی جس میں مختلف ماہر ٹرینرز کو بھی مدعو کیا گیا تھا، جن کے لیکچرز کے ذریعے بہت کچھ سیکھنے کے بہترین مواقع تھے۔
خوشگوار موسم، ٹھنڈی شام، ایسے میں خوبصورتی سے سجائی گئی نشست، اور اسٹیج پر ایک بڑی اسکرین اور وہاں کی سجاوٹ دیکھ کر منتظمین کے ذوق کی داد دینی پڑی۔
6 سیشنز پر مشتمل 5گھنٹے کی طویل ورکشاپ کے باوجود شرکاء کی دلچسپی اس لیے بھی آخر تک برقرار رہی کہ اس میں مختلف مواقع پر شرکاء کو تحائف دینے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
جابجا مختلف پودے بھی ٹھنڈی ہوا اور بر ستی پھوار میں کھِل اٹھے، اور ساتھ ہی شرکاء کے دلوں کو نہال کر گئے۔
نہایت عمدگی کے ساتھ اپنے اپنے موضوع کو ماہر ٹرینرز نے کھول کھول کر سمجھایا، اور سوشل میڈیا کے اسپیشل ٹولز اور بے شمار اسکلز سمجھائیں، اور احسن انداز میں شرکاء کو جدید تقاضوں کے مطابق نت نئی تیکنیک کے ساتھ ترجیحی بنیاد پر کرنے والے کام کے ضوابط سمجھائے گئے۔
مختلف Activity کے ذریعے شرکاء کے اذہان کو تروتازہ کیا اور نہایت سہل انداز میں انہیں سمجھایا گیا۔
تلاوت سے ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس کے بعد انچارج سوشل میڈیا ٹیم محترم اطہر بلال نے تعارفی کلمات اور اغراض و مقاصد پیش کیے۔
موبائل جرنلزم پر معروف صحافی حامد الرحمن اعوان نے مختلف زاویوں سے موبائل کے ذریعے ویڈیو میٹنگ و دیگر اہم ٹِپس بتائے۔
اگلا سیشن ایونٹ میڈیا مینجمنٹ پر تھا، جسے میر شاہد حسن نے کروایا۔ مغرب کی نماز کے وقفے کے فوری بعد ریفرشمنٹ کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ٹوئٹر ایکسپرٹ حارث عالم کے سیشن کا آغاز ہوا جو کہ ’’انٹرنیشنل ابلاغی ہتھیار‘‘ کے عنوان پر تھا۔ انہوں نے دیگر اسکلز کے ساتھ ٹوئٹر پر کام کے حوالے سے نئی تکنیک سمجھائی اور ایکٹیویٹی بھی کروائی جس سے شرکاء بہت محظوظ ہوئے۔
محترم شمس الدین امجد انچارج سوشل میڈیا ڈپارٹمنٹ جماعت اسلامی پاکستان نے ’’سوشل میڈیا کی دھمک اور اثرات‘‘ کے موضوع پر لاہور سے بذریعہ آن لائن بہت خوبصورت گفتگو کی اور شرکاء کو ہم آہنگ ہونے کی تلقین کی۔ اس کے بعد امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن بذریعہ ویڈیو لنک شرکاء سے مخاطب ہوئے، انہوں نے کامیاب ورکشاپ پر مبارک باد پیش کی۔ آخری سیشن میں اطہر بلال انچارج سوشل میڈیا ڈپارٹمنٹ ضلع ائیرپورٹ نے سوشل میڈیا کی تنظیمی نزاکتوں اور الیکشن بیسڈ سوشل میڈیا پر بہترین گفتگو کی اور الیکشن کے حوالے سے مفید معلومات شرکاء تک پہنچائیں۔
محترم امیر ضلع ائیرپورٹ توفیق الدین نے اختتامی گفتگو کرتے ہوئے شرکاء کو بھرپور تعاون دینے کا اعلان کیا۔
اس کے بعد قیم ضلع ائرپورٹ محمد فرحان خان کی دعا سے اس خوبصورت ورکشاپ کا اختتام ہوا، جس کے بعد شرکاء برستی بوندوں میں گرما گرم کباب پراٹھوں سے پیٹ بھرنے کے بعد نئے عزم سے گھروں کو روانہ ہوئے۔

حصہ