نمکین گوشت
یہ گوشت کا ایک مزیدار لیکن سادہ پکوان ہے۔ روایتی طور پر بھیڑ یا بکرے کے گوشت کے چھوٹے ٹکڑوں کو ادرک، نمک، کالی مرچ یا سبز مرچوں کے ساتھ پکایا جاتا ہے اور خوردنی تیل کے بجائے جانور کی چربی کو ترجیح دی جاتی ہے۔ تازہ گوشت، پکانے کے لیے چربی فراہم کرتا ہے، اور گرما گرم نان اور کٹی ہوئی پیاز کے ساتھ پیش کرنا اسے نہایت لذیذ بنادیتا ہے۔ عیدالاضحیٰ کے لیے دو پسندیدہ پکوانوں میں سے ایک نمکین گوشت ہے۔
اجزا: چوتھائی یا آدھا چائے کا چمچ کالی مرچ پائوڈر، ایک کلو بکرے کی ران کا گوشت چھوٹے ٹکڑوں میں کٹا ہوا، ڈیڑھ سے دو چائے کے چمچ تازہ کٹی ہوئی ادرک، چار سے پانچ سبز مرچیں، نمک حسبِ ذائقہ، چوتھائی سے آدھا کپ تیل، تاہم تازہ گوشت میں جانور کی چربی بھی کافی ثابت ہوتی ہے۔
ترکیب: تیل کو مکمل طور پر ڈھکے ہوئے برتن میں گرم کریں، سبز مرچوں اور ادرک کو اس میں ایک منٹ کے لیے تل لیں، اور پھر گوشت، نمک، ٹماٹر اور کالی مرچ شامل کرلیں۔ تیز آنچ پر انہیں کچھ دیر تک چمچ سے اُس وقت تک ہلاتے رہیں جب تک گوشت سے رس خارج نہ ہونے لگے۔ اب برتن کو ڈھکن سے بند کرکے ہلکی سے درمیانی آنچ میں کچھ منٹ تک ابال لیں، پھر آنچ کو ہلکا کردیں اور اُس وقت تک پکائیں جب تک گوشت نرم ہوکر ہڈیوں سے گرنے نہیں لگتا۔ گوشت سے نکلنے والا پانی بتدریج بھاپ بن کر اڑ جائے گا۔ سست روی سے پکانا ہی اس کو بہترین بناتا ہے۔ ممکن ہو تو اس میں پانی ڈالنے سے گریز کریں، تاہم ضرورت پڑنے پر تھوڑی مقدار ڈال کر پکانے کے عمل کو پورا کرلیں۔ نمکین گوشت کو نان، لیموں اور کٹی ہوئی پیاز کے ساتھ پیش کریں۔
حیدرآبادی دم کا قیمہ
اجزا: کالے چنے دوکھانے کے چمچے، بھنے ہوئے خشخاش ایک کھانے کا چمچہ، سفید اور کالا زیرہ ایک چائے کا چمچہ، چھوٹی الائچی سات سے آٹھ عدد، لونگ چار سے پانچ عدد، کالی مرچ چھ سے سات عدد، بیف کا قیمہ ایک کلو (مشین کا پسا ہوا)، دہی ایک پائو، لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچہ، کچا پپیتا پسا ہوا دو کھانے کے چمچے، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، ہری مرچ پسی ہوئی دو سے تین عدد، گرم مسالہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، لیموں کا رس دو چائے کے چمچے، پودینہ ایک گٹھی، تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: گرائنڈر میں کالے چنے، خشخاش، سفید زیرہ، کالا زیرہ، چھوٹی الائچی، لونگ اور کالی مرچ ڈال کر پیس لیں۔ پھر ایک پیالی میں لال مرچ،کچا پپیتا، ادرک لہسن کا پیسٹ، پودینہ، ہری مرچ، پسے ہوئے اجزا اور پسا ہوا گرم مسالہ ڈال کر اچھی طرح یکجا کرکے فرائی پین میں ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ قیمہ گل جائے تو اس میں لیموں کا رس اور تیل ڈال کر یکجا کرلیں اور چار سے پانچ منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں۔ مزیدار حیدرآبادی دم کا قیمہ تیار ہے۔ مرچ اور پیاز سے گارنش کرکے پیش کریں۔
لب ِ شیریں
اجزا: دودھ ڈیڑھ لیٹر، چینی دوکپ، فریش کریم ایک کپ، ونیلا کسٹرڈ یا کارن فلور تین کھانے کے چمچے، لال جیلی ایک پیکٹ، پیلی جیلی ایک پیکٹ، ہری جیلی ایک پیکٹ، ابلی رنگین سوّیاں ایک کپ، آم دو عدد، کیلے چار عدد، سیب تین عدد، انگورایک کپ،آڑوایک عدد، پستے، بادام ایک کپ۔
ترکیب: ونیلا کسٹرڈ یا کارن فلور کو تھوڑے سے پانی میں گھول لیں۔ دیگچی میں دودھ اور چینی ڈال کر اُبلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب چینی اچھی طرح حل ہوجائے تو کارن فلور کو الگ پیالی میں ٹھنڈے دودھ کے ساتھ حل کریں۔ پھر اس مکسچر کو گرم دودھ میں شامل کرلیں اور اس دوران مسلسل چمچہ چلاتی رہیں، اور اتنا پکائیں کہ کسٹرڈ گاڑھا ہوجائے۔ پھر اس کو ٹھنڈا کرلیں اور تھوڑا سا کسٹرڈ پیالے میں نکالیں، پھر اس میں کریم مکس کریں اور اس مکسچر کو فریج میں رکھ دیں۔ جیلی کو بناکر جما لیں اور جمنے کے بعد کیوب کی شکل میں کاٹ لیں۔ سارے پھلوں کو چھیل کر کاٹ لیں۔ پھرایک پیالے میں سارے پھل، جیلی، رنگین اُبلی ہوئی سوّیاں ڈال کر اوپر کسٹرڈ ڈال دیں۔ پستے، بادام سے سجاکر ٹھنڈا کرکے پیش کریں۔