بزم محبان ادب کا عید ملن مشاعرہ

213

بزمِ محبانِ ادب ایک نئی ادبی تنظیم ہے جس کی روح رواں شگفتہ عروج اور سلمیٰ رضا ہیں جنہوں نے 21مئی کو شادمان ٹائون کراچی میں اقبال رضوی کی رہائش گاہ پر عید ملن مشاعرہ منعقد کیا جس میں رونق حیات‘ سخاوت علی نادر‘ امت الحئی وفا‘ نظر فاطمی‘ یاسر سعید صدیقی‘ واحد رازی‘ مہر جمالی‘ شاہدہ عروج‘ شائق شہاب‘ سلمیٰ رضا اور کشور عروج نے اپنا اپنا کلام پیش کیا۔ اس موقع پر رونق حیات نے کہا کہ کراچی میں شاعری بہت اچھی ہو رہی ہے‘ اب نئی نسل بھی شاعری کی طرف راغب ہو رہی ہے تاہم جن اداروں کے ذمے اردو زبان و ادب کی ترقی کا کام سونپا گیا ہے وہ ستائش باہمی کی بنیاد پر کام کر رہے ہیں۔ کراچی کے قلم کاروں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے‘ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قلم کاروں کے مسائل پر توجہ دی جائے‘ ان کو ملازمتیں اور ان کے بچوں کو تعلیمی وظائف دیے جائیں۔ غریب و نادار قلم کاروں کی مالی اعانت بھی کی جائے۔ کشور عروج نے کلماتِ تشکر ادا کیے جب کہ سلمیٰ ظفر نے کلماتِ تشکر ادا کرتے ہوئے کہا شعروسخن کی ترقی اس وقت تک ممکن جب تک جب ہم متحد نہ ہو جائیں۔ طارق جمیل نے کہا کہ ہم اس شہر میں ادبی فضا بحال کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں‘ ہم اپنی تنظیم کے تحت بہت سے اہم اور بڑے مشاعرے کرا چکے ہیں لیکن ہم ہر ادبی تنظیم کے ساتھ کھڑے ہیں تاکہ زبان و ادب کی ترقی جاری رہے۔ بزم محبان ادب اپنی مدد آپ کے تحت سرگرم عمل ہے۔

حصہ