عید خوشیوں اور میل جول کا تہوار ہے اس لیے سب ایک دوسرے کے گھر جاتے ہیں اورخوشیاں بانٹتے ہیں اور خواتین نت نئے کھانے تیار کرتی اور داد پاتی ہیں مگر کچھ روایتی کھانے ایسے ہوتے ہیں جو ہر تہوار کی جان ہوتے ہیں ۔ لہٰذا ہم آپ کو چند روایتی کھانوں کی تراکیب بتاتے ہیں۔
دیگی بریانی:
اجزا: سیلا چاول (آدھا کلو ابلے ہوئے)، گوشت آدھا کلو ، دہی ایک پاؤ، لال مرچ دو چائے کے چمچ (کٹْی ہوئی ) ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ ، پسی لال مرچ ایک چائے کا چمچ ، نمک دو چائے کے چمچ ، تیل ایک کپ،مکس گرم مصالحہ ایک کھانے کا چمچ،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،چائنیز سالٹ آدھا چائے کا چمچ،جائفل آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)،جاوتری آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)،بادیان کے پھول چار عدد،آلو تین عدد،زردے کا رنگ آدھا چائے کا چمچ،پیاز ایک چائے کا چمچ (فرائی کی ہوئی)،ٹماٹر ایک پاؤ،آلو بخارے پچاس گرام،ہرا دھنیا آدھی گٹھی،پودینہ آدھی گٹھی،چاٹ مصالحہ دو چائے کے چمچ،کڑی پتے چھ عدد، ادرک ایک کھانے کا چمچ (باریک کٹی ہوئی۔)
ترکیب:ایک پاؤ دہی میں سے تھوڑے سے دہی میں زردہ رنگ ملا کر ایک طرف رکھ دیںایک پین میں ایک کپ پانی، باقی دہی، کْٹی لال مرچ، ہلدی، پسی لال مرچ، نمک، ایک کپ تیل، مکس گرم مصالحہ، ادرک لہسن کا پیسٹ، چائنیز سالٹ، پسی جائفل، پسی جاوتری اور بادیان کے پھول ڈال کر مکس کریں۔پھر گوشت شامل کرکے دس منٹ پکائیں۔پھر آلو ڈال کر بھونیں، جب آلو آدھے گل جائیں تو اوپر سے زردے رنگ والا دہی پھیلائیں۔ فرائی پیاز، ٹماٹر، آلو بخارے، ہرا دھنیا، پودینہ، چاٹ مصالحہ، کڑی پتے اور ادرک ڈال کر اْبلے چاول ڈالیں۔اب چاولوں پر آدھا کپ تیل ڈال کر آدھے گھنٹے کے لیے دم پر رکھ دیں اور چولہا بند کر دیں۔مزیدار دیگی بریانی تیار ہے۔رائتے کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔
شیر خورمہ
اجزا: دودھ ایک لیٹر،سویاں ایک پیالی،چینی دو پیالی،لونگ دو عدد،(الائچی چھ عدد باریک کچلی چھوٹی)چھوہارے آٹھ عدد ،پستے،بادام حسبِ پسند ،گھی دو کھانے کے چمچ،کنڈینس ملک آدھا ٹن۔
ترکیب: سب سے پہلے چھوہاروں کی گٹھلیاں نکال کرچار ٹکڑے کرلیں۔پھر ایک پتیلی میں گھی ڈال کر اس میں الائچیاں اور لونگ ڈال دیں۔جب دونوں چیزوں کی خوشبو آنے لگے تو سویاں ڈال کرہلکا سا بھون لیں۔پھر سویاں نکال کر چھوہارے، پستے اور بادام ڈال دیں اور تل کر نکال لیں۔اب پتلی کو چولھے سے نیچے اتار کر 5 منٹ کے لیے ٹھنڈا کریں اور دودھ ڈال دیں۔اس کے بعد چینی ڈال کر تھوڑی دیر کے لیے اور پکالیں۔جب چینی حل ہوجائے تو سویاں ڈال کر پکائیں اور ٹھنڈا کرکے کنڈینس ملک شامل کریں اور تمام میوہ ڈال کر سرو کریں۔
ربڑی کھیر:
اجزا : چاول 2 مْٹھی (پسے ہوئے)، دودھ 2 کلو، چینی ایک کپ، الائچی پائوڈر آدھا چائے کا چمچہ، کیوڑہ ایسنس 2 سے 3 قطرے، تازہ ربڑی ایک پائو (لچھے دار)، بادام اور پستہ حسب ضرورت۔
ترکیب: دودھ کو اتنا پکائیں کہ اْس کی رنگت ہلکی گلابی ہوجائے۔ پھر دودھ میں چاول ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں یہاں تک کہ چاول اچھی طرح گَل جائیں۔ پھر اس میں چینی شامل کریں اور کچھ دیر پکائیں۔اب الائچی پائوڈر اور خشک میوے ڈال کر ان چیزوں کو دس منٹ تک پکائیں۔
کھیر درمیانی گاڑھی ہونے لگے تو چولہے سے اتار لیں۔ ربڑی اور کیوڑہ ایسنس ڈال کر ہلکا مکس کرلیں اور پھر ٹھنڈا کرنے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔لیجیے انتہائی آسان میٹھی ڈش اسپیشل ربڑی کھیر تیار ہے۔