طبی مشورے

214

برئے رابطہ0331-8357251

سب سے پہلے تو تمام مریضوں سے بہت بہت معذرت کہ بہت کوشش کے باوجود حالات کی ناسازگاری کی وجہ سے جوابات تاخیر سے دے رہی ہوں۔
سوال: میرے شوہر کو یورک ایسڈ کی زیادتی کا مسئلہ ہے، اس کا آسان علاج اور پرہیز بتا دیں۔
(مریم لاکھانی… اسلام آباد)
جواب: یورک ایسڈ کی تکلیف کا شکار 80 فیصد لوگ ہورہے ہیں، پھر کولیسٹرول کی زیادتی اور یورک ایسڈ کی زیادتی دونوں امراض ایک ساتھ ہورہے ہیں یا آپس میں ملے ہوئے ہوتے ہیں جن کا عام فرد موازنہ نہیں کرسکتا۔ یورک ایسڈ میں پائوں کے انگوٹھے کے جوڑوں میں ورم ہوتا ہے، ایڑیوں میں درد ہوتا ہے۔ اس میں دالوں اور گوشت کا سختی سے پرہیز ہے، مچھلی کم مقدار میں کھا سکتے ہیں۔ سبزیاں بھی جو زمین کے نیچے ہوتی ہیں اُن کا پرہیز ہے۔ سبزیاں اور پانی زیادہ مقدار میں استعمال کریں۔ کسی اچھے دواخانے کا سفوف خارفسک آدھا چمچہ صبح و شام استعمال کریں۔
…٭…
سوال: آنکھوں میں خارش ہوتی ہے جس سے مجھے بہت پریشانی ہے، اور آنکھوں کے گرد حلقے بھی ہیں۔ براہِ مہربانی کوئی سادہ سا علاج بتائیں۔
(نام نہیں لکھا)
جواب: آنکھیں اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہیں، ان کی ہر طرح سے حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ اندھیرے یا کم روشنی میں موبائل کا استعمال یا کثرت سے موبائل استعمال کرنا آنکھوں کے لیے سخت نقصان دہ ہے۔ آنکھوںکو گردوغبار اور دھویں سے بچائیں۔ ایک سادہ اور مؤثر علاج: اپنا لعابِ دہن صبح اٹھ کر منہ ہاتھ دھونے سے قبل آنکھوںمیں لگائیں (کسی دوسرے کا لعابِ دہن لگانا مضر ہے)، صبح و شام آنکھوں پر تازہ پانی کے چھینٹے ماریں، پانی زیادہ پئیں، قبض نہ ہونے دیں، نیند اچھی طرح اور پُرسکون ہو۔ گل منڈی 10 عدد اور ایک چمچہ سونف رات کو بھگو دیں، صبح چھان کر اس کا پانی پی لیں۔ اگر قبض رہتا ہے تو انجیر یا پپیتا استعمال کریں۔
…٭…
سوال: مجھے کمر میں درد ہے اور کندھے میں بھی۔ میری عمر 24 سال ہے، تین چار سال سے یہ شکایت ہے۔
(شاہ زیب… کراچی)
جواب: بیٹا! اس عمر میں کمر میں تکلیف چہ معنی دارد؟ یہ عمر تو دوسروں کو سہارا دینے کی ہوتی ہے۔ اللہ جوانی کی حفاظت فرمائے۔ یہ درد بائیک وغیرہ پر کسی حادثے کا نتیجہ بھی ہوسکتا ہے۔ اپنے بیٹھنے کا انداز درست رکھیں، قبض نہ ہونے دیں۔ کسی معالج سے تفصیلی معائنہ کرائیں۔ گردے یا پتے میں پتھری کا، ٹیسٹ سے پتا چل جائے گا۔ باہر کے کھانے ہماری صحت تباہ کررہے ہیں۔ تخت یا فرش پر سوئیں۔ جوانی کی عبادت کا زیادہ ثواب ہے، اور یہ بات ذہن میں تازہ رہے کہ جوانی کن کاموں میں گزاری؟ اس کا جواب دیے بنا ابن آدم سرک نہیں سکے گا۔ (الحدیث)
…٭…
سوال: حکیم صاحبہ! مجھے بار بار اسقاطِ حمل ہوجاتا ہے، براہِ مہربانی علاج اور احتیاط بتائیں۔ اس کی وجہ سے میری ازدواجی زندگی متاثر ہورہی ہے۔
(طاہرہ بی بی… اسلام آباد)
جواب: طاہرہ بی بی! آپ کو جیسے ہی حمل کا اندازہ ہو، وزنی کام کرنے اور سیڑھیاں چڑھنے سے مکمل پرہیز کریں۔ جتنا ہوسکے بیڈ ریسٹ کریں۔ رحم کے ریشے ڈھیلے اور کمزور ہونا، حاملہ کا کمزور اور بچے کا صحت مند ہونا، لیکوریا کی زیادتی، قبض ہونا، تھائیرائیڈ کی خرابی، خون کی شدید قلت، ڈپریشن، ٹینشن اس کی وجوہات میں شامل ہیں۔ ازدواجی تعلقات میں حمل کے دوران پرہیز رکھیں، قبض نہ ہونے دیں۔ معجون حمل علویمنائی ایک چمچہ نہار منہ حمل کے دوران کھائیں۔ عام صحت کو اچھا بنائیں۔ سبزیوں، پھل اور گوشت کا استعمال کریں۔
…٭…
سوال: میرے ہاتھ پیر اکثر سُن ہو جاتے ہیں، بھوک کم لگتی ہے۔ میری عمر 27 سال ہے۔
(سعدیہ ظفر)
جواب: سعدیہ بیٹی! ہو سکتاہے کہ آپ کا جگر کا فعل کمزور ہو۔ جگر ہی خون بنانے کی فیکٹری ہے۔ خون بنانے والی دوائیں اور غذائیں کھائیں، پانی زیادہ پئیں، باہر کے کھانے نہ کھائیں، چکنی چیزوں کا پرہیز کریں۔ حب کبد نوشادری 2 عدد ہر کھانے کے بعد، اور شربت ِفولاد دونوں وقت کھانے کے بعد دو، دو چمچے لیں۔ انار، انگور اور کا شیک یہ سب فائدہ مند رہے گا۔

حصہ