ایک دن سیدنا حضرت سلیمان علیہ السلام اپنے لشکر کے ساتھ عسقلان کی طرف پیش قدمی فرما رہے تھے۔ آپؑ کے لشکر میں صرف انسان ہی نہیں، جنات اور جانور، پرندے تک شامل تھے۔ آپؑ کا لشکر ایک وادی میں پہنچا… وہاں ایک چیونٹی نے حضرت سیدنا سلیمانؑ کے اس لشکر کو آتے دیکھا تو چلائی: ’’چیونٹیو! بھاگو۔ سلیمانؑ بادشاہ کا لشکر آرہا ہے کہیں تم ان کے گھوڑوں کے پیروں تلے نہ کچلی جائو… بھاگ کر اپنے اپنے بلوں میں گھس جائو!‘‘ حضرت سلیمانؑ کو چونکہ جانوروں، پرندوں اور کیڑے مکوڑوں کی بولیوں کا علم بھی بخشا گیا تھا۔ لہٰذا آپؑ نے اس چیونٹی کی یہ چیخ پکار سن لی، اس پر آپؑ نے تبسم فرمایا۔ آپؑ جان گئے تھے کہ یہ چھوٹی سی چیونٹی بھی آپؑ کی پیغمبری اور بادشاہت کے مقام بلند سے واقف ہے اور جانتی ہے کہ ایک پیغمبرؑ بادشاہ کی حیثیت سے آپؑ جان بوجھ کر تو اللہ تبارک و تعالیٰ کی اس ننھی سی مخلوق کو نقصان نہیں پہنچائیں گے! اس پر آپؑ نے اللہ تبارک و تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ اس نے اس ننھی سی مخلوق کی جانیں بچا دیں!