بھارت میں کورونا کی تباہ کاریاں

255

حکیم الامت، شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبالؒ کا 83 واں یوم وفات سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کی صورت دیکھ کر خوشی ہوئی۔ آپ کو حیرت ہو گی کہ سوشل میڈیا پر علامہ اقبالؒ کے سنجیدہ شائقین کی ایک اچھی نسل پائی جاتی ہے اور یہ نسل نوجوان بھی ہے، پُر عزم بھی اور اُس کی پوسٹوں سے لگتا ہے کہ بہت زیادہ لگائو بھی رکھتی ہے۔
اس کار خیر میں ایک بڑا ہاتھ یعنی علامہ اقبالؒ کو نئی نسل سے متعارف کرانے میں تحریک لبیک کے امیر علامہ خادم حسین رضوی کا ہے۔ وہ نہ صرف قرآن و حدیث کے مجموعے کے حافظ تھے بلکہ علامہ اقبال ؒ اور مولانا رومؒ کے کلام کے بھی حافظ تھے‘ صرف اردو ہی نہیں فارسی کلام کے بھی۔ اُن کی گفتگو و تقاریر میں اقبال کی شاعری کا اتنی کثرت سے برجستہ استعما ل کہیں اور سننے کو نہیں ملا۔ دینی رہنمائوں میں اُن سے قبل مرحوم قاضی حسین احمداور ڈاکٹر اسرار احمدؒ کی گفتگو میں اقبال کے حوالے ملتے تھے۔ لیکن جتنی کثرت سے علامہ رضوی استعمال کرتے بہرحال اس کا کوئی مقابلہ نہیں تھا.ٹوئٹر پر #AllamaIQBAL , #AllamaMuhammadIqbal , #21April1938 کے ساتھ ان کی یادگار تصاویر و شاعری کی پوسٹیں بھر پور انداز سے شیئر ہوتی رہیں۔ فیس بک پر علامہ اقبال کے نام سے ایک ویری فائڈ پیج موجود ہے جس پر مجموعی طور پر ڈیڑھ کروڑ فالوورز و لائکس موجود ہیں۔
بھارت میں کورونا کی بدترین لہر کی خبریں تواتر سے جاری رہیں۔ اس ہفتے معاملہ نمبروں میں مزید کہیں آگے چلا گیا۔ بین الاقوامی میڈیا نے بہرحال کوئی رعایت نہیں برتی اور دی گارجین کی سرخی System has collapsed: India descent into Covid hell نے سماجی میڈیا پر صورت حال واضح کی۔
کچھ دن قبل مودی نے مغربی بنگال میں ایک جلسہ سے خطاب کیا۔ اُسی دن 2,34,000 نئے کورونا کیسز سامنے آئے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت میں گزشتہ ایک ہفتے میں تقریباً 16لاکھ کیسز سامنے آچکے ہیں اور مجموعی تعداد ڈیڑھ کروڑ ہو چکی ہے۔ صورت حال یہ ہو چکی ہے کہ اسپتال میں جگہ، آکسیجن سلینڈر اور ویکسین سب کی شارٹیج ہو چکی ہے اور لوگ اپنے تئیں سوشل میڈیا پر صورت حال کو بیان کر رہے ہیں۔ 400 بھارتی روپے اور600 بھارتی روپے فی ڈوز میں ملنے والی ویکسین کے باوجود صرف نئی دہلی میں 65 فیصد مریض چالیس سال سے کم عمر ہیں۔ اس ضمن میں بھارت میں کورونا سے مرنے والوں کی لاشیں جلانے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر ہوتی رہیں۔ ایک دن میں 2100کے قریب اموات کی بلند ترین تعداد بھی اسی ہفتے سامنے آئی۔
ریاست مہاراشٹر کے ایک ہسپتال میں آکسیجن سلنڈر لیکیج سے وینٹی لیٹر سے جڑے 25 مریض آکسیجن نہ ملنے سے مارے گئے۔ اس پوری صورت حال میں سب نے ہاتھ صاف کیے اور ٹوئٹر پر کچھ سیاسی ٹرینڈ اس رد عمل پر بنائے گئے جن میں #ModiResignOrRepeal، NashikOxygenLeak شامل تھے۔ اگر آپ بھارت کی مجموعی ہفتہ بھر کی ٹرینڈ لسٹ کا جائزہ لیں تو آپ کو یہ کہیں نہیں محسوس ہونے دے گی کہ کوئی کورونا ہے یا تو حکومت کی جے جے کار ملے گی یا پھر سلمان خان کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم کا ٹریلر بھی دو دن ٹرینڈ لسٹ میں گھومتا ملے گا۔ گانے، ڈرامے، آئی پی ایل میچز، تفریح، ناچ گانا سب ملے گا‘ ہاں بیچ میں ایک آدھ مذہبی تہوار بھی ملے گا۔

حصہ