گلشن معمار کراچی میں الخدمت آغوش ہوم کا قیام

726

الخدمت کا شمار پاکستان کی صفِ اوّل کی فلاحی تنظیموں میں ہوتا ہے۔ 7 شعبہ جات میں کام کرنے والی الخدمت خدمات کے حوالے سے یوں تو زندگی کے تمام شعبوں کا احاطہ کررہی ہے، مگرکفالت یتامیٰ اس کا اہم ترین منصوبہ ہے۔ بنیادی طورپر اس منصوبے کے دو حصے ہیں ۔ ’’آرفن فیملی سپورٹ پروگرام‘‘ اور دوسرا ’’آغوش ہوم پراجیکٹ۔‘‘
کفالت یتامیٰ پراجیکٹ کے تحت یتیم بچے‘ جو اپنی ماں یا کسی سرپرست کے ساتھ رہتے ہوں‘ اُن کی ان کے گھروں پر تعلیمی اخراجات کی مدمیں مالی معاونت کی جاتی ہے۔ فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت الخدمت آرفن کیئر پروگرام میں رجسٹرڈ بچوں کی وہ مائیں جو کوئی ہنر جانتی ہیں اورچاہتی ہیں کہ وہ اپنے اس ہنر سے کوئی کاروبار کریں‘ انہیں مواخات پروگرام کے تحت 50 ہزار روپے تک کے بلاسود ی قرضے بھی دیے جاتے ہیں تاکہ وہ باعزت طریقے سے اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں ۔
الخدمت اس وقت کراچی میںاپنے آرفن کیئر پروگرام میں رجسٹرڈ ایک ہزار 170 یتیم بچوں کی ان کے گھروں پرکفالت کر رہی ہے۔ اس سلسلے کو مزید تقویت دینے اور یتیم بچوں کو پاکستان کا روشن مستقبل بنانے کے لیے الخدمت کے تحت ملک بھر میں 14 آغوش ہوم بھی قائم کیے گئے ہیں، دیگر شہروں کی طرح کراچی کے علاقے گلشن معمار کے پُر سکون ماحول میں 16 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک شاندار طرز تعمیر کا حامل آغوش ہوم تعمیر کیا گیا ہے جس کے لیے9 کروڑ 20 لاکھ کی خطیر رقم ایک ڈونر نے اپنی والدہ کے نام سے قائم ٹرسٹ سے فراہم کی ہے۔ آغوش ہوم 6,000 مربع فٹ پر قائم ہے۔ یہ مجموعی طور پر 200یتیم بچوں کا رہائشی پراجیکٹ ہے‘ جہاں پہلے مرحلے میں 100 یتیم بچوں کے لیے رہائش‘ تعلیم اور طعام کا اہتمام کیا جائے گا۔
الخدمت فوری طور پر اس کا آغاز 30 بچوں سے کر رہی ہے جن کا انتخاب آرفن کیئر پروگرام میں رجسٹرڈ بچوں میں سے کیا گیا ہے۔ ان میں سے وہ بچے جن کی عمریں 6 سے 9 سال ہیں، انہیں اس آغوش ہوم کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جہاں انہیں انٹر تک تعلیم دی جائے گی ۔اس پراجیکٹ میں ایک اسلامک کلچرل سینٹر بھی تعمیرکیا جا رہا ہے جس میں بیک وقت 580 افرادکے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔ یہ آڈیٹوریم ابھی تکمیل کے مراحل میں ہے ۔
آغوش ہوم کی دو منزلہ عمارت کی پہلی منزل پر 50 بچوں کی رہائش کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ ہر کمر ے میں 6 بیڈز، الماریاں، ریڈنگ ٹیبلز ہیں، ہر کمرہ ہوادار اور خوب صورت ہے روشنی کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے۔ آغوش ہوم میں 100 بچوں کے لیے لگژری ڈائننگ روم بھی بنایا گیا ہے۔ عمارت کی بالائی منزل پر رہائشی کمرے قائم ہیں، جبکہ ایک بڑا باورچی خانہ بھی بنا یا ہے جہاں سے بچوں کو انتہائی معیاری کھانا فراہم کیا جائے گا۔ آغوش ہوم میں بچوں کے لیے ایک مسجد قائم کی گئی ہے۔
الخدمت نے شہر کے ایک بڑے اور معیاری ایجوکیشنل سسٹم عثمان پبلک اسکول کی انتظامیہ سے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت عثمان پبلک اسکول کا ایک خصوصی کیمپس ’’آغوش ہوم‘‘ میں قائم کیا جائے گا جہاں ان یتیم بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی جبکہ اسکول انتظامیہ ان بچوں کے لیے خصوصی طور پر نصاب تشکیل دے گی۔ ان بچوں کی دینی واخلاقی تربیت کا بھی خصوصی انتظام ہوگا۔ انہیں تفریحی اور مطالعاتی دوروں پر بھی لے جایا جا ئے گا۔
الخدمت کی جانب سے آغوش ہوم میں یتیم بچوں کو گھر جیسی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ با پ جیسی عظیم ہستی سے محروم یہ بچے کسی محرومی کا شکار نہ ہوں۔ الخدمت نے ان بچوں کی کفالت اور ان کو سہارا دینے کا بیڑا اٹھایا ہے تاکہ یہ بچے مایوسی کا شکار ہو کر اندھیروں میں نہ کھونے کے بجائے ملک وقوم کا روشن مستقبل ثابت ہوں۔ آغوش ہوم میں زیر پرورش بچوں کو ہفتے میں ایک بار ان کی ماؤں سے ملوانے کا بھی اہتمام ہوگا اور اس کا اہتمام الخدمت خود کر ے گی۔
یتیم کی کفالت کا جو بیڑا لخدمت نے اٹھایا ہے عین حکم الٰہی اور سنت بنوی صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق ہے اور اس کا اجر وثواب بھی بڑا ہے۔ اس کفالت کے عمل کی خصویت یہ ہے کہ آغوش ہوم میں ان بچوں کی مکمل کفالت کی جائے گی۔ ان یتیم بچوں کو گھر یہاں جیسا صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے گا اور انہیں تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس منصوبے پر فی بچہ 12 ہزار روپے ماہانہ اور ایک لاکھ 44 ہزار روپے سالانہ کے اخراجات آئیں گے۔ الخدمت یہ بڑا کام محض اللہ کی رضا کے لیے کر رہی ہے، صاحب ثروت افراد کو چاہیے کہ وہ اس نیک مشن میں الخدمت کا ساتھ دیں۔

حصہ