زرافہ دنیا کا سب سے طویل القامت جانور

452

زرافہ کا شمار دنیا کے سب سے لمبے جانوروں میں ہوتا ہے۔ یہ افریقہ کا جگالی کرنے والا جانور ہے۔ زرافہ کی گردن اور ٹانگیں بہت لمبی ہوتی ہیں، ان ٹانگوں کی وجہ سے وہ بہت تیز دوڑ سکتا ہے اور لمبی گردن کی بدولت اونچے اونچے درختوں سے پتے بڑی آسانی سے کھا لیتا ہے۔ اس کی زبان بھی کافی لمبی ہوتی ہے۔ زرافہ کی کھال پر بڑے بڑے سیاہ دھبے ہوتے ہیں اور ان دھبوں کے درمیان باریک باریک دھاریاں ہوتی ہیں جو زیبرے کی دھاریوں سے ملتی جلتی ہیں۔ زرافہ کا چہرہ اونٹ کے چہرے سے مشابہہ ہوتا ہے اور اس کی جلد کے دھے چیتے کے دھبوں جیسے ہوتے ہیں۔
زرافہ کی نو مختلف اقسام پائی جاتی ہیں اور اس کی اقسام جلد کے دھبوں سے پہچانی جاتی ہیں، یعنی مختلف النوع زرافوں کے جسم کے دھبے مختلف ہوتے ہیں جو انہیں ایک دوسرے سے جدا رکھنے میں مدد دیتےہیں۔
زرافہ کے سر پر چھوٹے چھوٹے گول سینگ ہوتے ہیں جو عمر کے ساتھ بڑھتے بڑھتے پانچ انچ تک بڑے ہوجاتے ہیں۔ زرافہ کے یہ سینگ اس کا موثر ہتھیار ہوتے ہیں جو لڑائی کے وقت اس کے سر کی حفاظت بھی کرتے ہیں اور دشمن کو پسپا بھی کرتے ہیں۔
نر زرافہ کا قد اور وزن مادہ زرافہ کی نسبت بہت زیادہ ہوتا ہے۔ نر زرافہ عام طور پر اٹھارہ سے بیس فٹ تک لمبا ہوتا ہے اور وزن سولہ سو کلو کے قریب ہوتا ہے جبکہ مادہ زرافہ کا قد سولہ فٹ اور وزن آٹھ سو تیس کلو ہوتا ہے۔ ایک صحت مند زرافہ جنگل کی آزاد فضا میں پچیس سے تیس سال تک زندہ رہ سکتا ہے۔ زرافہ افریقہ کے جنگلوں میں گھومتا پھرتا ہے، جہاں اسے کھانے کے لیے اونچے اونچے ہرے بھرے درخت اور وسیع سرسبز میدان میسر آتے ہیں۔ زرافہ ایسا جانور ہے جو پانی کے بغیر کئی دن تک زندہ رہ سکتا ہے۔ وہ اپنی پیاس پتوں میں موجود نمی سے پوری کرلیتا ہے۔

حصہ