دشمن کے سو بھیس…!۔

222

ایک ننھا سا خرگوش اپنے ماں باپ کے ساتھ اپنے گھر میں رہتا تھا… اس کے ماں باپ نے اسے سختی سے سمجھا رکھا تھا کہ کچھ بھی ہو، گھر سے باہر نہیں نکلنا۔ باہر لومڑی اور دوسرے بہت سارے بڑے بڑے جانور گھومتے ہیں جو چھوٹے جانوروں کو کھا جاتے ہیں۔ اس لیے ننھا خرگوش گھر سے باہر نہیں نکلتا تھا۔ وہیں ایک لومڑی بہت دن سے اس کی تاک میں تھی۔ مگر ننھا خرگوش اس کے ہاتھ نہیں آرہا تھا۔ خود لومڑی اس کے گھر میں اس لیے نہیں گھس سکتی تھی کہ خرگوش خاندان کے گھر کا دروازہ بس اتنا بڑا تھا کہ صرف اس کے خاندان کے لوگ ہی اندر باہر آجا سکتے تھے۔ ایک دن ننھے خرگوش نے دیکھا کہ لومڑی ایک نیولے کو سکھا پڑھا رہی ہے کہ وہ بھی چونکہ ایک چھوٹا سا جانور ہے اس لیے خرگوش کے گھر میں جا کر ننھے خرگوش کو باہر نکال سکتا ہے۔ اس وقت ننھے خرگوش کے ماں باپ بھی باہر گئے ہوئے تھے۔ جیسے ہی نیولا اس کے گھر میں داخل ہوا۔ ننھا خرگوش گھبرا کر باہر کی طرف بھاگا تاکہ خود کو نیولے کے تیز دانتوں اور ناخنوں سے بچا سکے… مگر لومڑی باہر اس کی تاک میں تھی، اس نے جھپٹ کر ننھے خرگوش کو پھاڑ کھایا۔
سبق: اپنے ہر طرف سے ہمیشہ خبردار اور ہوشیار رہو۔ دشمن کبھی دوست کے بھیس میں بھی سامنے آسکتا ہے۔

اپنے ہاتھ سے کام کرنا

مسلمانوں کے ایک خلیفہ حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ گزرے ہیں۔ آپ بہت ہی نیک اور سادہ مزاج تھے۔
ایک دن آپ کے یہاں ایک مہمان آیا۔ آپ چراغ کی روشنی میں کچھ لکھ رہے تھے۔ اتفاق سے چراغ میں تیل نہ رہا۔ اور وہ تھوڑی دیر میں ٹمٹما کر گل ہونے لگا۔ مہمان بولے۔
’’آپ فکر نہ کریں، میں ابھی ٹھیک کئے دیتا ہوں‘‘۔
’’مہمان سے خدمت لینا درست نہیں ہے‘‘۔
خلیفہ نے جواب دیا۔
’’اچھا تو نوکر کو جگائے دیتا ہوں وہ اسے ٹھیک کر دیگا۔‘‘
مہمان نے عرض کیا۔
’’نہیں! اس غریب کو سونے دو۔ ابھی ابھی تو سویا ہے۔ خواہ مخواہ اسے تکلیف ہوگی۔ یہ کہہ کر خلیفہ خود ہی اٹھے اور چراغ میں تیل ڈال لائے۔
’’آخر آپ ہی نے تکلیف فرمائی‘‘ مہمان نے کہا۔
’’کیا ہوا؟‘‘ خلیفہ نے جواب دیا۔ ’’اس میں تکلیف کی کیا بات تھی۔ جب میں تیل ڈالنے گیا تھا، اس وقت بھی عمر تھا۔ اور اب واپس آیا ہوں تو اب بھی عمر ہی ہوں۔‘‘
مہمان ان کا یہ جواب سن کر لا جواب ہو گیا۔

چند عجیب و غریب اور دلچسپ معلومات

٭دنیا کے سب سے بڑے جانور بلیو وہیل کا وزن 200 ٹن (1لاکھ 8ہزار کلو گرام) تک ہوتا ہے۔
٭کشش ثقل کے اثرات کی وجہ سے آپ کا وزن اس وقت تھوڑا کم ہو جاتا ہے جب چاند عین آپ کے سر کے اوپر آجاتا ہے۔
٭اٹلی کا شہر وینس 118چھوٹے سمندری جزیروں پر تعمیر کیا گیا ہے، جنہیں 400 پلوں کی مدد سے ایک دوسرے سے منسلک کیا گیا۔
٭ ایک بلیو وہیل روزانہ 3 ٹن غذا کھا سکتی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی ایک دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ یہ بغیر کچھ کھائے 6 ماہ تک زندہ رہ سکتی ہے۔

حصہ