زیادہ بیٹھنا مفید نہیں

215

یوں تو بیٹھنے کے مختلف انداز کے اثرات مختلف ہیں، مگر سائنس دانوں کے مطابق دفتروں میں کرسی پر بیٹھنے کے صحت پر مضر اثرات گھر میں صوفے پر بیٹھ کر ٹی وی دیکھنے جیسے نہیں ہیں۔ مستقل بیٹھ کر ٹی وی دیکھنے اور قبل از وقت موت، ٹائپ ٹو ذیابیطس اور دل کے امراض کے درمیان گہرا تعلق دیکھا گیا ہے۔

کم بیٹھیے، چلیے زیادہ

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ مستقل طور پر نشست پر بیٹھے رہنا قبل از موت کے خطرات میں اضافہ کرتا ہے۔ محققین کے مطابق اگر کوئی شخص ایک نشست میں 30 منٹ سے کم وقت تک بیٹھے تو اس سے کئی معاملات میں بہتری آسکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق 30 منٹ بیٹھنے کے بعد پانچ منٹ کی چہل قدمی یا حرکت ضروری ہے۔

کیا بیٹھے رہنا نئی طرز کی تمباکو نوشی ہے؟

حالیہ کچھ برسوں میں بیٹھے رہنے کو سنجیدہ طبی نقصانات کی وجہ سے ’’نئی طرح کی سگریٹ نوشی‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ گو کہ تمام سائنس دان اس بات پر متفق نہیں کہ اسے تمباکو نوشی جیسا مضرِ صحت قرار دیا جائے، تاہم کہا جارہا ہے کہ بیٹھے رہنے کا بلڈ پریشر، دورانِ خون کے نظام میں خرابی، سرطان، دل کے امراض اور ذیابیطس جیسے امراض سے تعلق واضح ہے۔

کمزوری میں اضافہ

سائنسی رپورٹ کے مطابق ایسی خواتین جو زیادہ وقت بیٹھی رہیں، وہ جسمانی کمزوری کا شکار ہوجاتی ہیں، یعنی ایسی خواتین کو کسی بیماری سے باہر نکلنے یا کسی زخم کے بھرنے میں زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔ تاہم محققین کا کہنا ہے کہ اس جسمانی نقصان کو ختم کیا جاسکتا ہے مگر اس کے لیے حرکت شرط ہے۔

حصہ