موسم نے کروٹ کیا لی… ٹھنڈی خشک ہوائوں نے ڈیرا ہی جما لیا۔ سورج کی کرنیں شام ڈھلنے سے پہلے ہی پھیکی پڑنے لگیں۔ یہ سرد سہانا موسم اپنے ساتھ سردی کی سوغاتیں بھی لے کر آتا ہے۔ اس ٹھنڈے موسم میں سب کو اپنے گھر کے گرم ماحول میں بیٹھ کر مزیدار سوپ، گرم کافی اور چائے پینا پسند ہے۔ گرم بھنی مونگ پھلی بھی سب کی من پسند ہے۔ گاجر، دال اور اخروٹ کے حلوے بھی ہمارے عمومی گھرانوں میں بنائے جاتے ہیں۔ گرم اونی سوئٹر، لحاف اور کمبل بھی اسٹور روم سے نکال لیے جاتے ہیں۔ یوں تو ہم گرم ملبوسات اور خصوصی پکوان سے خود کو ٹھنڈ سے محفوظ رکھنے کی پوری کوشش کرتے ہیں، مگر جتنی بھی کوشش کرلیں مختلف انفیکشنز ہمیں جکڑ ہی لیتے ہیں،کیوں کہ سرد موسم طرح طرح کی انفیکشن بھی ساتھ لے کرآتا ہے۔
کھانسی، نزلہ، زکام سرد موسم کی عام بیماریاں ہیں۔ ان عمومی انفیکشن کے ساتھ ساتھ اس موسم میں ہمیں ’’کورونا‘‘ جیسے مہلک وائرس کا بھی سامنا ہے۔ تحقیقات سے یہ ثابت ہوا ہے کہ ہم اپنی ’’قوتِ مدافعت‘‘ کو بہتر بنا کر ان تمام وائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
قدرت نے ہمارے لیے موسم سرما میں خصوصی طور پر کچھ پھل اور سبزیاں ایسی مہیا کی ہیں جو ہمارے ’’مدافعتی نظام‘‘ کے لیے اکسیر ہیں۔ ہم ان پھلوں اور سبزیوں کے باقاعدہ استعمال سے انفیکشن سے بچ سکتے ہیں۔
پھلوں میں امرود، ناشپاتی، نارنگی، سیب، پپیتا، املوک، انار اور کیوی اپنی بے مثال خوبیوں کے باعث سرفہرست ہیں۔ یہ تمام پھل قدرتی اجزا سے مالامال ہیں جس میں میگنیشیم، پوٹاشیم، آئرن، کیلشیم، وٹامن سی اور فاسفورس شامل ہیں۔ ان پھلوں کے روزمرہ استعمال سے نہ صرف قوتِ مدافعت کو قابلِ رشک بنا سکتے ہیں بلکہ یہ آنتوں، جگر اور معدے کے دیگر عوارض سے بھی نجات کا باعث بنیں گے۔ اس کے علاوہ مختلف قسم کے’’جوسز‘‘ بھی بے حد کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔ مثلاً سیب، گاجر اور موسمبی کا جوس۔ یہ قدرتی مرکب کئی وٹامن پر مشتمل ہے، اس کے علاوہ پوٹاشیم اور فولک ایسڈ بھی حاصل ہوتا ہے۔
گریپ فروٹ کا جوس :
کینو اور مالٹا کی فیملی سے تعلق رکھنے والا پھل گریپ فروٹ وٹامن سی کا اہم ترین جزو سمجھا جاتا ہے۔ یہ عناصر ٹھنڈ اور فلو کا مقابلہ کرتے ہیں۔ ان میں ’’اینٹی آکسیڈنٹ‘‘ (وہ عناصر جو جسم میں موجود زہریلے مادوں کا اخراج کرتے ہیں) بھی ہوتے ہیں جو جسم کو بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔
ٹماٹر کا جوس:
آج کل ہمارے ملک میں ٹماٹر کی قیمت بہت بلند ہے مگر پھر بھی ہمیں اس ’’قیمتی پھل‘‘ کی افادیت جان کر قیمت بڑھنے کا ملال کسی حد تک کم ہوجائے گا۔ ٹماٹر کا جوس موسم سرما میں خاص فائدہ پہنچاتا ہے۔ یہ فولک ایسڈ، فولاد اور وٹامن اے اور سی سے بھرپور ہوتا ہے۔ یہ ہماری قوتِ مدافعت کو بے حد مضبوط بناتا ہے۔ اس کے علاوہ پالک، بند گوبھی اور سلاد پتّا کے جوس میں فولاد کا خزانہ موجود ہے جو ہماری قوتِ مدافعت کو فولاد کی طرح مضبوط کرتا ہے۔
یقینا آپ سب جاڑے کے اس خوب صورت موسم میں قدرت کے دیے گئے ان صحت بخش خزانوں کا بھرپور استعمال کریں گے اور خود کو اور اپنے اہل و عیال کو ہر طرح کی بیماریوں سے محفوظ بنائیں گے۔