خوشی اور اطمینان

232

پیارے بچو! آپ کو خوشی اور اطمینان کب حاصل ہوتا ہے؟ یقینا آپ کا جواب ہوگا کہ جب ہمیں کوئی کامیابی ملتی ہے، کوئی تحفہ یا انعام ملتا ہے تب ہم خوش ہوتے ہیں۔
عزیز ساتھیو! خوشی ایک ایسی شے ہے جو انسان کی اپنی ذات کے اندر موجود ہوتی ہے۔ خوشی خوش بو کی طرح ہے جو ہر طرف پھیلتی ہے اور ایک خوب صورت احساس دلاتی ہے۔ کچھ لوگ اس بات سے بے خبر ہوتے ہیں۔ وہ خوشی کی تلاش میں اِدھر اُدھر بھٹکتے رہتے ہیں۔ وہ دوسروں سے خوشی حاصل کرنے کے خواہش مند رہتے ہیں حالانکہ خوشی دوسروں سے لینے کی چیز نہیں بلکہ دوسروںکو دینے کی چیز ہے۔ اگر کوئی شخص دکھی اور اداس ہے تو اس کا غم بانٹ کر اسے خوش کردیا جائے تو اس سے بڑھ کر خوشی اور کیا ہوسکتی ہے! ایسا کرنے سے آپ کو نہ صرف خوشی ہوگی بلکہ اطمینان بھی حاصل ہوگا۔ آپ کا دل اور آپ کی روح خوش اور مطمئن ہوجائے گی۔ آپ کو ایسا سکون حاصل ہوگا جسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔
اسی لیے کہا جاتا ہے ’’اپنے آپ کو خوش رکھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ دوسروں کو خوش رکھنے کی کوشش کی جائے۔‘‘
اچھا انسان ہر بات میں اللہ کی رضا اور خوشی کا خیال رکھتا ہے، اس لیے آپ جب بھی کوئی اچھا کام یا نیکی کریں گے آپ کو خوشی اور اطمینان ضرور حاصل ہوگا۔

حصہ