ایک بہت عام اور سادہ سی بات ہے جوہم اپنی روزمرہ کی زند گی میں سنتے ہیں کہ ’’کیا آپ کو عقل آچکی ہے؟‘‘ کیا عقل مند ہونے کے لیے عقل داڑھ کا آنا ضروری ہے؟ اگر عقل کے لیے عقل داڑھ آنا شرط ہے تو پھر میرا ماننا ہے کہ دنیا کی 70 فی صد عورتیں عقل اور عقل داڑھ سے محروم ہیں اور خواتین کے لیے یہ بات ماننا ناقابل قبول سا ہے۔
یہاں سوال یہ ہے کہ کیا یہ کہاوت سچ ہے کہ عقل داڑھ کے ساتھ عقل بھی آتی ہے ؟اور یہ دانت دیر سے کیوں نکلتا ہے؟ عقل داڑھ کا تعلق عقل سے نہیں ہے اور اس کے دیر سے آنے کی وجہ یہ ہے کہ جب انسان 17 سے 25 سال تک کی عمرکافاصلہ طے کرتا ہے تو تب انسان عقل کے مراحل طے کر رہا ہوتا ہے تو عموماً اس عمر میں عقل داڑھ کا آغاز ہوتا ہے۔
اس وجہ سے اس داڑھ کو عقل داڑھ کا نام دیا گیا ہے کیوں کہ یہ جوانی میں نکلتی ہے۔ جن کی عقل داڑنہیں نکلتی اس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ ان میں عقل نہیں ہے۔ دنیا کے35 فی صد افراد میں عقل داڑھ نہیں نکلتی۔ عقل داڑھ کیا ہے؟ یہ ہمارے جبڑے میں سب سے آخری دانت ہوتا ہے۔ یہ اوپر کے جبڑے میں دواور نیچے کے جبڑے میں دو دانت رہتے ہیں اور عقل داڑھ 17 سے 25 سال کی عمر میں نکلتی ہے۔
دردکی شدت
جب ہمارے جبڑے میں جگہ نہیں ہوتی تودانت کونکلنے میں کافی مشکل ہوتی ہے اور دانت ہڈی میں پھنس جاتا ہے جس کی وجہ سے درد کی شدت بڑھ جاتی ہے۔ دانت اور کان کے درد کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ کسی دشمن کو بھی نہ ہو کیوں کہ اس کا درد بہت شدید ہوتا ہے۔
عقل داڑھ سر درد کی وجہ
جب عقل داڑھ نکلتی ہے تو ہمارے جبڑے کو لپیٹ میں لے لیتی ہے دانت جبڑے کے ساتھ جڑا ہوتا ہے جس وجہ سے سر میں بھی درد ہوتا ہے۔
کان کا درد
عقل داڑھ کان کے درد کا بھی سبب بنتی ہے کیوں کہ جبڑے کے آس پاس کے دانت اس دانت کو بڑھنے سے روک دیتے ہیں جس وجہ سے درد پھیل جاتا ہے۔ کیا عقل داڑھ نکلوانا بہتر ہے؟ ہمارے جسم میں جس طرح اپنڈکس کا کوئی کردار نہیں ہے اسی طرح عقل داڑھ کو بھی خاص اہمیت حاصل نہیں ہے۔ پہلے وقتوں میں جب آگ کی دریافت نہیں ہوئی تھی‘ لوگ سخت غذا کا استعمال کرتے تھے توعقل داڑھ‘ جوکہ ہڈی میں مضبوطی سے جڑی ہوتی ہے‘ اس کی مدد سے غذا چباتے تھے۔
آگ کی دریافت کے بعد لوگ نرم غذا کے عادی ہوگئے‘ جس وجہ سے عقل داڑھ کی تکلیف سہنے کے بجائے نکلوانا بہترسمجھتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ عقل داڑھ‘ جو ٹیڑھی نکل رہی ہو‘ اُسے نکلوا دینے میں ہی بھلائی ہے۔
عقل داڑھ کاعلاج
عقل داڑھ‘ جسے آخری دانت اور ’’تھرڈ مولر‘‘ بھی کہا جاتا ہے‘ اس کا درد شدید ہوتا ہے، اگرعقل داڑھ ہمارے جبڑے میں ٹیڑھی نکل رہی ہو تو اس کو نکلوا دینا چاہیے۔
پین کلر اس درد کا مستقل علاج نہیں ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کے عقل داڑھ کا درد اگر شدت اختیار کر رہا ہو تو اس کو نکلوا دینا چاہیے اس کے لیے سرجری کی جاتی ہے اور ہلکی بے ہوشی کی دوا دی جاتی ہے۔ اس دانت کو نکلوانا اس لیے بھی ضروری ہے کہ دانتوں کے درمیان خلا کم ہونے کی وجہ سے یہ دوسرے دانتوں کو بھی خراب کرتا ہے اور جس وجہ سے جبڑوں میں بہت درد ہوتا ہے اس وجہ سے مریض کو دانت نکلوانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ اگر خدانحواستہ آپ اس درد میں مبتلا ہیں تو جلد اس دانت کو نکلوا دیں یہ آپ کے لیے بہتر ہے۔
آج کے مصروف دور میں آپ گھر بیٹھے عقل کے استعمال سے ڈاکٹر سے رابطہ کرسکتے ہیں اس کے لیے بہت سی ویب سائٹس موجود ہیں جنہیں آپ گوگل پرسرچ کرسکتے ہیں۔