خلق خدا کی خدمت بڑا کام ہے اور اس کار خیر کے پیچھے رضائے الٰہی کے حصول کی سوچ ہو تو یہ پورے معاشرے کیلئے نا صر ف خیر وبرکت کا سبب بنتی ہے ،بلکہ جذبہ ایثار وقربانی کی بھی مثال قائم کرتی ہے ۔اس نظریے اور سوچ کو لے کر الخدمت تین دہا ئیوں سے زائد عرصے سے زندگی کے7شعبہ جات میں لوگوں کی خدمت کر رہی ہے ۔تعلیم ،صحت ،صاف پانی ،کفالت یتامیٰ، مواخات، کمیونٹی سروسزاورڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبہ جات میںخدمت کے کام سارا سال جاری رہتے ہیں اورالحمد اللہ الخدمت ان شعبہ جات میںاپنی خدمات کے سبب ملک کی صف اول کی فلاحی تنظیم بن چکی ہے ،جس کا اعتراف دنیا بھر میں کیا جاتا ہے ،لیکن الخدمت کا ایک شعبہ ایسا ہے جوہنگا می حالات سے نمٹنے کے لیے ہروقت تیار رہتاہے۔وہ ہے شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ۔
الخدمت کے پاس ملک بھرمیں ہزاروں رضاکاروں کی ٹیم موجودہے ، جبکہ کراچی میں بھی سیکڑوںرضاکار ہر مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں ۔مون سون کی بارشیں ملک بھر میں ہوتی ہیں ،مگرحالیہ بارشو ں کے چھٹے اسپیل نے کراچی کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے ۔کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، اس لیے اس کی ملک کے دیگر شہروںکی نسبت الگ حیثیت ہے۔حالیہ بارشوں سے کراچی کا پورا نظام درہم برہم ہوگیا ۔نشیبی علاقوں میں گھر پانی میں ڈوب گئے ،جبکہ پوش علاقوں کی صورتحال بھی خراب تھی، متاثرہ لوگوں کو کھانے اور صاف پانی کی ضرورت تھی ،خشک راشن اورشیلٹر کی ضرورت تھی ۔بہت سے لوگ بارش کے باعث اپنے ہی گھروں میں پھنس گئے تھے ۔پسماندہ علاقوں میں بہت سے مکانات تباہ ہوگئے۔کر اچی کا کوئی علاقہ یا سڑک ایسی نہیں تھی جو بارش سے متاثر نہ ہو ئی ہو ۔زیادہ تر سڑکوں پر 3سے 4فٹ پانی جمع تھا ۔الخدمت مون سون کی بارشوںکے پہلے اسپیل سے ہی میدان میں آگئی تھی اور اس نے فوری طور پر ریسکیو ریلیف آپریشن شروع کر دیا تھا ۔
الخدمت نے سب سے پہلے شہر میں کشتی سروس شروع کی اور میت بسوں کو بار ش میں پھنسے شہریو ں کو ان کی منز ل مقصو دتک پہنچایا ۔بارش سے سرجانی اور ملیر،قائدآباد اور اورنگی کے علاقے بہت زیادہ متاثر ہوئے ،جہاں لوگ گھر وں میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے غم اور بھوک کا شکار تھے ۔الخدمت کے رضاکار ان تک پہنچے اور ان کی داد رسی کی ۔
الخدمت نے متاثرین بار ش کیلئے ریلیف کیمپس قائم کیے، جہاں بارش سے متاثرہ خاندانوں کو لا کر رکھا گیا اور انہیں کھانااوردیگر ضروری اشیا فراہم کی گئیں ۔الخدمت نے لاکھوں کی تعداد میں کھانے کے پیک اور صاف پانی کی بوتلیں متاثرین بار ش کے گھر وں تک پہنچائیں ۔بارش میں پھنسے ہزاروں لوگوں کو کشتی کے ذریعے ریسکیو کیا گیا ۔ہزاروں لوگوں کو شٹل سروس کے ذریعے منزل مقصود تک پہنچایا گیا ۔بارش کے بعدشہریوں کو وبائی امراض سے بچانے کیلئے الخدمت نے بارش سے متاثر ہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس قائم کیے ہیں ،جہاں ماہر ڈاکٹرز لوگوں کا معائنہ کر رہے ہیں اوراب تک ان میڈیکل کیمپو ں سے ہزاروں بچوں ،بوڑھوں ،خواتین اور نوجوانوں نے استفادہ کیا ہے ،جبکہ مفت ادویہ بھی فراہم کی جا رہی ہیں ۔ ملیر کھوکھرا پار کی یوسی 4کے لوگ سات روز سے پانی میں ڈوبے ہوئے تھے اور اذیت کا شکار تھے ۔الخدمت نے وہاں موٹر لگاکر پمپ کے ذریعے پانی نکالا ،علاقہ کے مکینوں کی خوشی دیدنی تھی ۔بارش کے باعث تمام اسپیلز میں رضاکاروں نے پانی میں پھنسی گاڑیوں کو نکالا،بندموٹرسائیکلوں کو اسٹارٹ کرنے میں بھی مدد دی ۔
الخدمت کے رضاکاروں نے شہر بھر میں امدادی کام کیے ۔بارش کے چھٹے خوفناک اسپیل میں حب ریور روڈپرگڑھے میں پھنس کر مسافروں سے بھری بس الٹی تو الخدمت کے رضاکاروں نے موقع پر پہنچ کر مسافروں کو بحفاظت ریسکیو کیااوربس کو گڑھے سے نکالا ،اورنگی میں ایک فیملی جان بچانے کیلئے اپنے گھر کی ٹین کی چادروں کی چھت پر بے یارومدد گار تھی ۔خاندان بھوک اور خوف کا شکار تھا۔الخدمت رضاکاروں نے فوری پہنچ کر انہیں ریسکیو کیا اور ریلیف کیمپ میں منتقل کرکے انہیں کھانا اور ضروری سہولت فراہم کی۔
یاسین آبا دکے نالے میں ڈوبنے والے دو بچوں کی تلاش میں مدد فراہم کی۔ گلستان جوہر میں لینڈ سلائیڈنگ کے دوران پہاڑی تودہ گر نے سے گھر متاثر ہوئے اور گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں تھیں،الخدمت کے رضاکاروں نے وہاں سے ملبہ ہٹانے کا کام بھی بخوبی انجام دیا ۔الخدمت نے سیکڑوں متاثرین بارش کی دیلیز پرخشک راشن اورترپاپال بھی پہنچائے ۔
الخدمت کی جانب سے اب بھی شہریوں وبائی امراض سے بچانے کیلئے مستقل شہر کے مختلف علاقوں میں نہ صرف میڈیکل کیمپ لگائے جارہے ہیں بلکہ سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں طلبہ اور شہریوں کوصاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے جراثیم کش ادویہ کا اسپرے کیا جارہا ہے ۔
صدر الخدمت حافظ نعیم الرحمن نے بھی بارشوں سے متاثرہ علا قوں کا دورہ کیا اور وہاں متاثرین سے ملاقاتیں کیں،ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے آواز اٹھائی ،جبکہ الخدمت کے ذمہ داران ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین نے بھی عملی طور پر شہریوں کی بھر پور مدد کی ۔
الخدمت کو اس بات کا ادراک ہے کہ کراچی کی بارشوں نے پورے کا پورا نظام درہم برہم کردیا تھا ،لیکن الخدمت نے اپنی ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹی ۔اہلیان کراچی کی پھر پور مدد کی ۔الخدمت نے کراچی کی حالیہ بارشوں میں غریب گھرانوںکے تباہ ہونے والے مکانات کاسروے کیا ہے،جس کا مقصد نقصانات کا جائزہ لے کر تعمیر نو کے لیے تخمینہ لگا نا ہے۔
ملک کے تمام سیاسی ،سماجی حلقوں نے حالیہ بارشوں کے دوران الخدمت کے بے لوث کاموں کو سراہا ہے اورمیڈیا میں بھی اس کی ستائش کی جارہی ہے ۔یہاں یہ بات بتانا ضروری ہے کہ الخدمت حکومتی امداد کے بغیر کام کر تی ہے ۔مخیر اور اہل خیر افرادکا تعاون الخدمت کو حاصل رہتا ہے اوراسی طرح الخدمت سارا سال خدمت کے کام کرتی رہتی ہے ،اگر مزید بارشیں آتی ہیں تو بھی الخدمت کے رضاکار اس کیلئے تیارہیں۔الخدمت کے تمام رضاکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انشااللہ الخدمت کراچی کے لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
الخدمت کے ذمہ داران نے بارش متاثرین کیلئے فیلڈ میں آکر کام کیا ۔ الخدمت ان کے ساتھ ہے وہ تنہا نہیں ہیں ۔میڈیا سے اپیل ہے کہ وہ الخدمت کے ہاتھ مضبوط کرے اورکراچی کے لوگوں کی خدمت کرنے والی الخدمت کے کاموں کو میڈیا کے ذریعے لوگوں تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دے۔