سید وزیر علی قادری
پاکستان سپر لیگ کا 5 واں ایڈیشن 20فروری سے شروع ہوگا اور فائنل 22مارچ کو کھیلا جائے گا۔ افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ کل34 میچز ہونگے ۔ کراچی میں 9، ملتان میں 3، راولپنڈی میں 8اور لاہور میں 14میچز کھیلے جائیں گے۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں اور شیڈول بھی جاری کردیا۔ یہ ہی نہیں غیر ملکی کھلاڑی بھی پاکستان آنا شروع ہوگئے ہیں ۔ اب جبکہ 3روز باقی ہیں پاکستان میں شائقین کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ جلد 20 فروری آئے اور اسٹیڈیم میں داخل ہوکر اپنے اپنے ہیروز کو سپورٹ کریں۔ پی سی بی نے ٹکٹس کی آن لائن فروخت کا آغاز کیا تو بہت سے انکلوثرز کی بکنگ چند گھنٹوں میں مکمل ہوگئی اور نجی کورئیر سروس کے زریعے ٹکٹس کی فروخت بھی زور و شور سے جاری ہے۔
اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کا مکمل انعقاد ملک میں نہیں ہوسکا تھا۔ لیکن 5واں ایڈیشن اس لحاظ سے بڑی اہمیت کا حامل ہے کہ اس مرتبہ تمام کے تمام میچز پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے۔ گزشتہ کھیلے گئے 4 ایڈیشن میں جو 2016, 2017, 2018 اور 2019کو کھیلا گیا اس میں کوئٹہ گلئیرٹرز نے آخری معرکہ سر کیا تھا۔
فرنچائز مالکان کا پاکستان سپر لیگ2020میں شامل اسکواڈز پر اظہار خیال
پاکستان سپر لیگ 2020 کے آغاز میں صرف3 روز باقی رہ گئے ہیں۔ جوں جوں ایونٹ کے آغاز کا وقت قریب آرہا ہے توں توں لیگ سے جڑے ہر اسٹیک ہولڈر کی خوشی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ایک طرف تو کرکٹ کے مداح سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر لیگ میں شامل تمام ٹیموں پر مشتمل اپنی متوقع پلیئنگ الیونز کا اعلان کررہے ہیں تودوسری طرف فرنچائز مالکان کا بھی اس حوالے سیجوش و خروش دیدنی ہے۔پہلی مرتبہ لیگ کے مکمل ایڈیشن کا پاکستان میں انعقاد، تمام فرنچائز مالکان کے لیے خوشی کاسبب ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے دسمبر میں پلیئر ڈرافٹ اور چند روز قبل ریپلیسمنٹ ڈرافٹ کے ذریعے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔اس حوالے سے تمام فرنچائز مالکان کی آراء بڑی اہمیت کی حامل ہے۔
علی نقوی، مالک اسلام آباد یونائیٹڈ(2 مرتبہ کی چیمپئن)
اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی کا کہنا ہے کہ گذشتہ ایڈیشنز کی طرح ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکواڈ متوازی ہے۔انہوں نےکہا کہ ڈرافٹ کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ نے”دماغ سے” حکمت عملی کے تحت فرنچائز کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔علی نقوی نے کہاکہ اسلام آبادیونائیٹڈ ڈرافٹ کے لیے مقررہ اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
اسکواڈ:شاداب خان(کپتان)، ڈیل اسٹین، کولن انگرام، کولن منرو، فہیم اشرف، آصف علی،رومان رئیس، لیوک رونکی، حسین طلعت، فل سالٹ، ظفر گوہر، عماد بٹ، رضوان حسین، موسیٰ خان، عاکف جاوید، احمد صفی عبداللہ، سیف بدراورڈیوڈ ملان۔
ندیم عمر، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز(دفاعی چیمپئن)
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کا کہنا ہے کہ وہ مجموعی طور پر اسکواڈ کے انتخاب پر خوش ہیں۔انہوں نے کہاکہ جیسن رائے اور بین کٹنگ کا گلیڈی ایٹرز فیملی کا حصہ بننا اور فواد احمد کا اسکواڈ میں برقرار رہنا فرنچائز کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ندیم عمر نے کہاکہ آرش علی خان اور اعظم خان جیسے نوجوان کرکٹرز مستقبل میں پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ثابت ہوں گے، وہ پرامید ہیں کہ دونوں کھلاڑی ایونٹ میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
اسکواڈ:سرفراز احمد (کپتان)، جیسن رائے، محمد نواز، بین کٹنگ، شین واٹسن، احمد شہزاد، فواد احمد، عمر اکمل، محمد حسنین، سہیل خان، ٹائمل ملز، عبدالناصر، نسیم شاہ، احسان علی، آرش علی خان، اعظم خان، کیمو پاؤل، خرم منظوراور زاہد محمود۔
جاوید آفریدی، مالک پشاور زلمی(2017 ایڈیشن کی چیمپئن)
پشاورزلمی کے مالک جاوید آفریدی کاکہنا ہیکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے لیے ڈرافٹنگ کا عمل ان کی فرنچائز کے لیے بہترین ثابت ہوا۔ جاوید آفریدی نے کہاکہ پشاور زلمی کو بیشتر راؤنڈز میں پہلی پک نہیں ملی مگر وہ منتخب کردہ اسکواڈ پر مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈرافٹ میں کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا محمد اکرم کی ذمہ داری ہے اور وہ ہمیشہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھاتے ہیں۔جاوید آفریدی نے کہاکہ وہ شدت سے ایونٹ کے آغاز کاانتظار کررہے ہیں۔
اسکواڈ:وہاب ریاض، حسن علی، کیرون پولارڈ، ٹام بنٹن، شعیب ملک، کامران اکمل، لیام ڈاسن، ڈیرن سیمی، امام الحق، محمد محسن، راحت علی، لوئس گریگری، عادل امین، عمر امین، عامر خان، عامر علی، لیام لیونگ اسٹون، حیدر علی اور کارلوس بریتھ ویٹ۔
سلمان اقبال، مالک کراچی کنگز
کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کاکہنا ہے کہ وہ اور فرنچائز کی ساری انتظامیہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے لیے منتخب کردہ اسکواڈ سے مطمئن ہے۔ انہوں نے کہاکہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لیے اسکواڈ کا انتخاب کرتے وقت بنیادی فلسفہ اپنایا گیا اور وہ یہ کہ اہم ترین اراکین کو اسکواڈ میں برقرار رکھا جائے جو فرنچائز کے لیے سودمند ہوگا۔سلمان اقبال نے کہاکہ وہ بابراعظم، ایلکس ہیلز، شرجیل خان اور کیمرون ڈیلپورٹ کی موجودگی میں بہترین ٹاپ آرڈر کے انتخاب پر بہت مسرور ہیں۔
اسکواڈ:عماد وسیم(کپتان)، ایلکس ہیلز، بابراعظم، محمد عامر، کرس جارڈن، افتخار احمد، شرجیل خان، کیمرون ڈیلپورٹ، مچل میکلنگن، اویس ضیاء، عامر یامین، محمد رضوان، عمید آصف، چیڈوک والٹن، علی خان، اسامہ میر، ارشد اقبال اور عمر خان۔
عاطف رانا، سی ای او لاہور قلندرز
لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کاکہنا ہے کہ پوری قوم کی طرح لاہور قلندرز بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے آغاز کے لیے پرجوش ہے۔انہوں نے کہاکہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لیے لاہور قلندرز اپنے من پسند کھلاڑیوں کو ری ٹین اور پک کرنے میں کامیاب رہا ہے۔عاطف رانا نے کہاکہ اسکواڈ میں باصلاحیت قومی اور بہترین غیرملکی کھلاڑی شامل ہیں۔
اسکواڈ:سہیل اختر (کپتان)، کرس لین، محمد حفیظ، فخر زمان، ڈیوڈ ویزے، شاہین شاہ آفریدی، عثمان شنواری، سمت پٹیل، حارث رؤف، سیکوگے پرسنا، بین ڈنک، فرزان راجہ، جاہد علی، سلمان بٹ، محمد فیضان، دلبر حسین اور ڈین ولاز۔
عالمگیر ترین، ملتان سلطانز
ملتان سلطانز کے مشترکہ مالک عالمگیر ترین نے کہاانہیں خوشی ہے کہ تھنک ٹینک کی جانب سے جن کھلاڑیوں کی نشاندہی کی گئی تھی آج وہ سب ملتان سلطانز کے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے لیے ملتان سلطانز کااسکواڈ معیاری ہے اور وہ ایونٹ میں بہترین نتائج کے لیے پرعزم ہیں۔عالمگیر ترین کا کہنا ہے کہ وہ ملتان سلطانز میں شامل تمام ایمرجنگ اور نوجوان کھلاڑیوں کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔
اسکواڈ:شان مسعود (کپتان)، شاہد آفریدی، معین علی، رائیلی روسو، محمد عرفان، ذیشان اشرف، روی بوپارہ، سہیل تنویر، جنید خان، جیمز ونس، خوشدل شاہ، عثمان قادر، فابیئن ایلن، علی شفیق، روحیل نذیر، محمد الیاس، عمران طاہر، وائن میڈسن، اور بلاول بھٹی۔
پی ایس ایل5کیلئے کمنٹری پینل کی تشکیل
پاکستان سپر لیگ 5 کے لیے کمنٹری پینل تشکیل دے دیا گیا ۔پینل میں ڈینی موریسن، جونٹی رھوڈز، ہلٹن ڈیون ایکرمین، ڈرک نینز، مائیکل سلیٹر، کیس نائیڈو، ڈومینک کورک، ایلن ویلکنز، مارک بوچر بھی شامل ہیں۔ کمنٹری پینل میں پاکستان کے معروف نام رمیز راجا، وقار یونس ، بازید خان ، عروج ممتاز بھی پینل کا حصہ ہیں۔دوسری جانب پریزینٹرز میں ایرن ہالینڈ اور زینب عباس شامل ہیں۔
پاکستان آکر خوشی محسوس ہو رہی ہے، پی ایس ایل کے لیے تیار ہیں اور بہت پر جوش بھی ہیں،ڈیرن سیمی
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پی ایس ایل میں حصہ لینے کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ڈیرن سیمی کراچی ایئر پورٹ پہنچے اور میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر خوشی محسوس ہو رہی ہے، پی ایس ایل کے لیے تیار ہیں اور بہت پر جوش بھی ہیں۔ڈیرن سیمی کو کراچی میں دیکھ کر مداحوں کی بڑی تعداد ان کے آس پاس جمع ہوگئی اور سیلفیاں لینے لگی۔واضح رہے کہ ڈیرن سیمی پاکستان سپر لیگ فائیو کے لیے پاکستان پہنچنے والے پہلے غیر ملکی کرکٹر ہیں ۔ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اطلاع دی تھی کہ وہ پاکستان جا رہے ہیں اور کہا تھا کہ یہ کرکٹ نہیں بلکہ اس سے آگے کی چیز ہے۔ڈیرن سیمی نے اردو میں ٹوئٹس کر کے جہاں پی ایس ایل کے لیے اپنا جوش و جذبہ دکھایا وہیں پاکستان میں موجود اپنے مداحوں کے دل بھی جیت لیے۔دوسری جانب پشاور زلمی پی ایس ایل فائیو کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز کراچی میں کردیا۔
اس تناظر میں یہ حقیقت مسلمہ ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا 5 واں ایڈیشن گزشتہ کھیلے گئے 4 ایڈیشن کے مقابلے میں بہت اہمیت اختیار کرگیا ہے جس کی وجہ اس کے تمام میچز پاکستان میں منعقد ہورہے ہیں۔