طبی مشورے

1015

حکیم ثمینہ برکاتی
سوال: مجھے ڈاکٹر نے فسچولا (Fistula) تجویز کیا ہے اور سرجری بھی۔ لوگ کہتے ہیں سرجری کے بعد یہ تکلیف دوبارہ ہوجاتی ہے، حکمت میں اس کا کامیاب علاج ہے۔ براہِ کرم مجھے بھی علاج اور پرہیز بتادیں۔
(مسز مزمل… کراچی)
جواب: Fistula انتہائی تکلیف دہ چیز ہے، اس میں اور بواسیر میں فرق کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ مرض دوائوں سے کنٹرول تو ہوجاتا ہے لیکن جڑ سے ختم کرنے کے لیے آپریشن مؤثر طریقہ ہے۔ بہرحال احتیاط ہر صورت میں لازم ہے۔ زیادہ دیر نہ بیٹھیں، قبض نہ ہونے دیں، فوم کا استعمال نہ کریں۔ گائے کا گوشت، بینگن، گوبھی، ماش کی دال سے پرہیز کریں۔ کھانے کے بعد امرود بہت افاقہ کرے گا۔ پانی کا استعمال بہت زیادہ رکھیں، چائے بہت کم استعمال کریں۔
سوال: ورزش سے پہلے کیا احتیاط ضروری ہے، رہنمائی فرمائیں۔
(زرین کنول… کراچی)
جواب: بہت اچھا سوال ہے، ورزش میں احتیاط نہ کرنے سے ورزش کے وہ فائدے حاصل نہیں ہوتے جو ہونے چاہئیں۔ معدہ اور مثانہ خالی ہو، لباس ڈھیلا ہو، چست نہ ہو، جس جگہ ورزش کرائی جائے وہاں کا درجہ حرارت باہر کے درجہ حرارت سے مختلف نہ ہو، ورزش کا دورانیہ 15 سے 20 منٹ ہو، ورزش سے پہلے آرام سے لیٹ کر گہرے سانس لیے جائیں، جسم کو ڈھیلا رکھا جائے، عضلات میں تنائو نہ ہو۔
سوال: مجھے ہرنیا کی تکلیف ہوگئی ہے، بہت پریشان ہوں۔ کیا علاج اور احتیاط کروں؟ میری عمر 35 سال ہے، پیٹ بہت بڑھ گیا ہے۔
(صنوبر… کراچی)
جواب: صنوبر بیٹا! سب سے پہلے تو پریشان ہونا چھوڑیں اور اللہ کی رضا پر راضی رہیں۔ بیماری جان کی زکوٰۃ ہوتی ہے۔ ایک بہت آسان، اچھا اور اللہ سے تعلق مضبوط کرنے والا طریقہ ہے سجدہ، رکوع لمبا کریں۔ بادی اور باسی چیزیں نہ کھائیں۔ وزن کم کرنے کی کوشش کریں۔ سفید زیرہ بھنا ہوا ½ چمچہ کھانے کے بعد چباکر کھالیں۔ سب سے بڑی احتیاط وزن نہ اٹھائیں۔
سوال: مجھے لیکوریا کی تکلیف ہے، قبض بھی رہتا ہے، ٹانگوں میں درد رہتا ہے، جسمانی صحت ٹھیک نہیں۔ براہ کرم علاج بتائیں۔
(نوشابہ… سکھر)
جواب: بی بی آپ مرغن اور مصالحہ دار چیزیں ترک کردیں۔ ابلے ہوئے سات سنگھاڑے سات روز تک کھائیں۔ سبزیاں، پھل زیادہ مقدار میں لیں۔ سوتے وقت 2 انجیر لیں، یا کھانے کے بعد پپیتا۔ پالک، ہری سبزیوں کا استعمال زیادہ کریں۔ کاٹن کی شلوار استعمال کریں، پانی زیادہ پئیں۔ کسی معیاری دواخانے کی حب سلف اور شربتِ فولاد استعمال کریں۔
سوال: میری بیٹی کو ایام نارمل نہیں آتے اور وقت پر بھی نہیں آتے، میں ہارمونز کی دوائیں دینا چاہتی ہوں، کوئی آسان گھریلو نسخہ بتائیں۔
(نیہا… کراچی)
جواب: بیٹیاں اللہ کی رحمت ہیں، ان کی پرورش بہت نازک مسئلہ ہے، خصوصاً آج کے پُرفتن دور میں۔ بریسٹ کینسر کی وجوہات میں ایک وجہ ہارمونل علاج بھی ہے۔ کوشش کریں کہ ہارمونز نہ دیے جائیں۔ کلونجی، میتھی دانہ پچاس، پچاس گرام، سونف دس گرام۔ سب کو مٹی کے کسی برتن میں بھگو دیں۔ صبح اس میں لیموںکا عرق ایک چمچہ اور ایک چمچہ شہد ملا کر کچھ عرصہ پلائیں۔ فاسٹ فوڈ اور باہر کے کھانوں سے پرہیز کرائیں۔ بارش میں بھیگنے، شام کو نہانے اور آئس کریم سے پرہیز کرائیں۔
سوال: میرا رنگ کالا ہے، اس کی وجہ سے بہت اداس رہتی ہوں، کسی کام میں دل نہیں لگتا۔ کوئی سادہ سا علاج بتائیں۔
(شبنم… سرگودھا)
جواب: بیٹا! اگر آپ اپنے کردار کو اجلا بنائیں گی تو سب آپ کے رنگ کو دیکھنے کے بجائے آپ کے کردار اور حسنِ سیرت کو دیکھیں گے۔ بلال حبشیؓ کا مقام یاد ہے ناں آپ کو۔ ویسے کچے دودھ سے صبح و شام چہرے کو دھوئیں۔ پودینے کی دس بارہ پتیاں رات بھر پانی میں بھگو دیں، صبح چھان کر اس کا پانی پی لیں۔ گل منڈی آٹھ عدد صبح سے پانی میں بھگو دیں، سوتے وقت اس کو جوش دے کر اس کا پانی پی لیں۔ ان شاء اللہ رنگ میں فرق محسوس کریں گی۔ چہرے کو نقاب سے ڈھانکیں، اللہ بھی خوش اور رنگت بھی اجلی۔

حصہ