اسکول لنچ باکس میں کیا دیں؟۔

560

والدین پر جہاں بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، وہیں ایک اور اہم ذمہ داری بھی اُن پر عائد ہوتی ہے، اور وہ ذمہ داری بچوں کی کھانے کی عادات بنانا ہے۔ اس تربیت کے ذریعے والدین مستقبل کی بہت ساری بڑی بیماریوں جیسے موٹاپا، ذیابیطس، بلند فشارِ خون سے اپنے بچوں کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ اسکول جانے والے بچوں کے لنچ باکس کی تیاری والدین کے لیے اہم فریضہ ہوتا ہے۔ اس لنچ باکس کی تیاری میں والدین بچوں کی پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی اشیا بھی رکھ دیتے ہیں جو ان کو صحت مند بنانے کے بجائے بیمار کردینے کا باعث بنتی ہیں۔ تو آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ بچوں کے لنچ باکس میں ایسی کون سی اشیا ہیں جو کہ نہیں رکھنی چاہئیں۔

1: بازاری نگٹس

یہ بچوں کی پسندیدہ ترین خوراک ہوتے ہیں، اور والدین بچوں کی پسند کو پیش نظر رکھتے ہوئے خطیر رقم خرچ کرکے ان کے لنچ باکس کے لیے خرید لیتے ہیں۔ اس طرح ایک جانب تو وہ اپنا وقت بچا لیتے ہیں، کیوں کہ یہ صبح کے وقت میں تیار کرنا بھی آسان ہوتا ہے اور بچے خوشی سے کھا بھی لیتے ہیں، مگر ان نگٹس کی تیاری کے دوران ان میں سوڈیم کی بڑی مقدار استعمال کی جاتی ہے، اس کے علاوہ ان کو محفوظ کرنے کے لیے ان میں دیگر کیمیکل بھی موجود ہوتے ہیں، جس کے سبب ان میں غذائیت کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔ اس لیے بچوں کو بازاری نگٹس کے بجائے گھر کے بنے ہوئے نگٹس دیے جا سکتے ہیں۔ ایک تو یہ کم قیمت ہوتے ہیں، دوسرا ان میں مضر صحت اشیا بھی نہیں ہوتیں۔

2: آلو کے چپس

آلو کے چپس لنچ باکس میں سب سے زیادہ دی جانے والی چیز ہے، مگر یہ درحقیقت سب سے خطرناک ہے۔ اس میں ایک جانب تو بہت زیادہ نمکیات موجود ہوتی ہے، اس کے ساتھ اس میں موجود چکنائی بچوں کے لیے آنے والے وقت میں کئی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ بچوں کو جنک فوڈ کھانے کی عادت ڈال دیتی ہے۔ اس عادت کے سبب بچے کا جسم بھوک لگنے پر ایسی ہی غذا کا تقاضا کرتا ہے، جو کہ بلند فشارِ خون کا سبب بنتی ہے اور بڑے ہونے پر صحت کے لیے خطرناک ہوتی ہے۔

3: ڈبے والے جوس

چپس کے ساتھ والدین بچوں کو پانی کے بجائے جوس کے ڈبے لنچ باکس میں دے دیتے ہیں جس میں فروٹ تو موجود نہیں ہوتے بلکہ اس کی جگہ پر مصنوعی فلیور اور مٹھاس شامل ہوتی ہے، اس طرح یہ جوس بچے کو غذائیت دینے کے بجائے زیادہ ہائپر کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان سے پیاس بھی بڑھ جاتی ہے۔ اس لیے بچوں کو تازہ جوس دیا جائے، اس سے بچوں کی صحت بھی بچ جاتی ہے اور ان کو توانائی بھی حاصل ہوتی ہے۔ یا پھر اس کی جگہ پر مشروب کے طور پر بچوں کو سادہ پانی پینے کی عادت ڈالیں جو کہ ان کی صحت کے لیے بھی بہتر ہوتا ہے اور ان کے اندر مثبت عادات پیدا کرنے کا بھی باعث بنتا ہے۔

4: مایونیز اور مارجرین والے سینڈوچ

آسانی سے دیے جانے والے لنچ کی فہرست میںیہ بھی مشہور ترین لنچ ہے۔ ڈبل روٹی کے سلائس پر چکن اسپریڈ یا مارجرین اور جام لگا کر بچوں کو دے دیا جاتا ہے جو کہ صرف پیٹ بھرنے کا باعث بنتا ہے۔ اس سے بچوں کو توانائی کے نام پر صرف اور صرف مضر صحت چکنائی ملتی ہے جو ان کے موٹاپے کا باعث بنتی ہے اور قد بڑھنے کے عمل کو روک دیتی ہے۔ اس کے بجائے بچوں کو مکھن لگا کر دیا جا سکتا ہے اور جیم بھی گھر میں تازہ پھلوں سے تیار کیا جا سکتا ہے جس میں طاقت بھی ہوتی ہے۔

5: فروٹ جیلی اور کینڈیز

فروٹ جیلی جوکہ پھلوں کے نام کے سبب بہت سارے والدین سمجھتے ہیں کہ اس میں پھلوں کی طاقت موجود ہوتی ہے، یہ ان کی خام خیالی ہے۔ اس جیلی میں پھلوں کے فلیور کے علاوہ کچھ بھی شامل نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ بچوں کو لنچ میں کینڈیز بھی دی جاتی ہیں جو کہ مصنوعی فلیور کے سبب صرف اور صرف نقصان پہنچاتی ہیں۔

حصہ