الجھے ہوئے بال

1210

اس سے قطع نظر کہ بال سیدھے ہیں، لہریئے دار ہیں یا گھنگھریالے… ہر طرح کے بال الجھائو کا شکار ہوسکتے ہیں، اور یہ بہت ہی پریشان کن مسئلہ ہوتا ہے۔ تاہم وہ خواتین جن کے بال قدرتی طور پر گھنگریالے ہیں اُن کے لیے اُن کے بال ہمیشہ چیلنج بنے رہتے ہیں۔ ماہر آرائشِ گیسو کا کہنا ہے کہ جن خواتین کے بال گھنگریالے ہوتے ہیں ان کی اکثریت بس ایک ہی طرح کی شکایت کرتی ہے کہ ان کے بال الجھے الجھے رہتے ہیں اور انہیں سلجھانا بے حد مشکل ہوتا ہے۔ اس مسئلے پر قابو پانے کے کئی طریقے ہیں اور ان میں قدرتی طریقہ بھی ہے اور مصنوعی بھی، یعنی پروڈکٹس کے ذریعے۔
اگرچہ بالوں کا الجھائو گھنگھریالے بالوں میں زیادہ دیکھا گیا ہے، مگر جن کے بال ٹوٹ پھوٹ کے عمل سے گزر رہے ہیں وہ بھی اس الجھائو کی شکایت کرسکتی ہیں۔ الجھائو تب شروع ہوتا ہے جب بالوں کو پروسیسنگ کے عمل سے نقصان پہنچتا ہے، یا پھر بالوں کو اسٹائل دینے والی پروڈکٹس اور آلات کا بالوں پر بے دریغ استعمال کیا جاتا ہے۔ وہ تمام عوامل جو بالوں میں الجھائو پیدا کرتے ہیں، بالوں میں خشکی اور سختی کا سبب بھی بنتے ہیں۔ ان شکایات سے بچنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ بالوں کو دھونے کے بعد ان پر فیاضی سے تیل کا استعمال کیا جائے یا مساج کریں۔ گھنگھریالے بالوں کو لمبا کرنے سے بھی مسئلہ حل ہوسکتا ہے، کیوں کہ بال لمبے ہوں گے تو ان کے وزن میں اضافہ ہوگا جس سے بال کھنچے رہیںگے۔ لمبے بالوں کو اسٹائل دینے کے لیے تیل، ایلوویرا اور جیل کا بھی استعمال کرنا ہوگا، اس سے بال الجھائو سے بچے رہیں گے۔

حصہ