مشترکہ خاندانی نظام

931

شافعہ افضل
معاشرہ اور خاندان افراد سے بنتے ہیں۔ ایک ہی گھرانے سے تعلق رکھنے والے لوگ جن کا آپس میں خون کا رشتہ ہوتا ہے، مل کر ایک خاندان تشکیل دیتے ہیں، پھر ان سے وابستہ اور لوگ بھی اس میں شامل ہوتے جاتے ہیں اور خاندان پھلتا پھولتا ہے۔ مشترکہ خاندانی نظام مشرقی روایات کا ایک ثبوت ہے۔ اس کی مضبوطی کو روایات کی مضبوطی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے۔
پرانے زمانے میں خاندان سے الگ رہنا ایک طرح سے گناہ سمجھا جاتا تھا اور الگ رہنے والے یا علیحدگی کا مطالبہ کرنے والے کو مجرم۔ اس بات کا کوئی تصور نہیں تھا کہ الگ رہ کر بھی انسان اپنے رشتے داروں سے اچھے تعلقات رکھ سکتا ہے۔ علیحدگی کا مطلب تعلقات ختم کرنا تھا۔ جیسے جیسے معاشرے نے ترقی کی، لوگوں کے خیالات اور سوچ تبدیل ہوئی، لوگوں نے علیحدہ رہنے کو جائز اور وقت کی ضرورت سمجھ کر قبول کر لیا۔ اب یہ تصور ختم ہو گیا ہے کہ چاہے جئیںیا مریں، رہیں گے ساتھ ہی۔
جب والدین اپنی اولاد کو دن رات ایک کر کے پالتے ہیں تو ان کے جوان اور والدین کے بوڑھے ہونے کے بعد ان کی اپنی اولاد سے بہت سی امیدیں وابستہ ہو جاتی ہیں۔ وہ یہ چاہتے ہیں کہ جیسے انہوں نے اپنے بچوں کو محبت سے پالا ہے اسی طرح بڑھاپے میں وہ بھی ان کو محبت اور توجہ دیں۔ اگر ان کی اولاد خاص طور پر بیٹے ان کے ساتھ رہتے ہیں تو ان کی زندگی آسودہ رہتی ہے اور بڑھاپا سہل ہو جاتا ہے۔ بعض دفعہ بڑھاپے میں والدین چڑچڑے ہو جاتے ہیں۔ ان کا رویہ بالکل بچوں جیسا ہو جاتا ہے۔ مگر اس کے متعلق ہمارے مذہب میں تاکید کی گئی ہے کہ انہیں اف تک نہ کہا جائے۔ ان کے ساتھ محبت اور برداشت کا مظاہرہ کیا جائے۔ آج کے دور کا المیہ یہ ہے کہ صبر اور برداشت کی ہر شخص میں کمی ہو گئی ہے۔ اب نہ ہی والدین اپنی اولاد کے ساتھ اس طرح پیش آتے ہیں جیسے پہلے کے والدین پیش آتے تھے اور نہ ہی اولاد اپنے والدین کی باتوں کو اس طرح برداشت کرتی ہے جیسے پہلے زمانے میں کیا جاتا تھا۔ آج کے دور میں بچے بہت ہی چھوٹی عمر سے اپنی مرضی کی زندگی گزارنا شروع کر دیتے ہیں اور اپنی ذاتی زندگی میں اپنے والدین تک کی مداخلت برداشت نہیں کرتے نا کہ خاندان کے کسی اور فرد کی۔ اس صورتحال میں مشترکہ خاندانی نظام ناکامی کا شکار نظر آتا ہے۔
بے شمار والدین بڑھاپے میں اپنی اولاد کی دوری برداشت کرتے ہوئے نوکروں کے رحم و کرم پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اب کچھ گھرانوں کے علاوہ یہ تصور ختم ہو کر رہ گیا ہے کہ گھر میں بزرگ موجود ہوں اور بچے ان کی خدمت کریں۔
یہ طے ہے کہ جو بچے مشترکہ خاندانی نظام میں پل کر جوان ہوتے ہیں ان کی طبیعت میں ٹھہراؤ ، صبر ، برداشت اور ہر قسم کی صورتحال کا سامنا کرنے کی صلاحیت علیحدہ رہنے والے بچوں سے زیادہ ہوتی ہے۔ کیونکہ ان کا بچپن اس قسم کے حالات کا سامنا کرتے ہوئے یا مشاہدہ کرتے ہوئے گزرتا ہے۔ خا ص طور پر لڑکیاں۔ آگے چل کر جب ان کی شادی ہوتی ہے تو انھیں سسرال میں رہنے والے مختلف مزاج کے لوگوں کے ساتھ گزارا کرنے میں اتنی مشکل نہیں پیش آتی جتنی علیحدہ رہ کر جوان ہونے والی بچیوں کو ہوتی ہے کیونکہ وہ اس کی عادی نہیں ہوتیں۔ بحر حال اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ مشترکہ خاندانی نظام میں رہنے اور پلنے والی لڑکیاں ہی اچھی بہوئیں ثابت ہوتی ہیں۔ اچھا یابرا انسان اپنے اور دوسروں کے رویوں اور اعمال کی بنیاد پر ہوتا ہے۔ شخصیت سازی میں بچپن کا دور ، حالات اور واقعات بہت اہمیت رکھتے ہیں۔
جہاں تک بات ہے کہ کون سا نظام بہتر ہے ؟ ہر چیز کی طرح ان دونوں کے بھی منفی اور مثبت پہلو ہیں۔ مشترکہ خاندانی نظام اس لحاظ سے اچھا ہے کہ اس میں کسی ایک فرد پر ہر طرح کا بوجھ نہیں پڑتا۔ کاموں کا بٹوارہ ہو جاتا ہے اور مالی مسائل بھی کم ہوتے ہیں۔ بچّوں کو بزرگوں کی صحبت ملتی ہے جس کی بدولت وہ ان کے تجربات سے استفادہ حاصل کرتے ہیں اور بزرگوں کو بھی اپنے بچوں اور بچوں کے بچوں سے دوری برداشت نہیں کرنی پڑتی۔ ان کی دیکھ بھال بھی بہتر طور پر ہو جاتی ہے۔ دکھ سکھ میں تمام لوگ آپ کا ساتھ دیتے ہیں آپ کو اکیلے تمام مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
نقصان یہ ہے کہ آپ کی ذاتی زندگی محدود ہو جاتی ہے۔ آپ کا ہر معاملہ سب کا معاملہ ہوتا ہے۔ بعض دفعہ کچھ لوگ بے جا مداخلت بھی کرتے ہیں جس سے اختلافات پیدا ہوتے ہیں۔ درمیان میں فاصلے اور دلوں میں کدورتیں پیدا ہو جاتی ہیں۔ آپ اپنی اولاد کے بارے میں کوئی فیصلہ اکیلے نہیں کر سکتے سارے لوگ اس میں شامل ہوتے ہیں۔ اپنی اچھی یا بری رائے کا اظہار بھی کرتے ہیں۔ کوئی بات چھپی ہوئی نہیں رہتی۔ پردہ دار خواتین کے لیے خاص طور پر بہت مشکل ہوتی ہے۔ ایک گھر میں رہتے ہوئے پردے کا اہتمام کرنا مشکل ہوتا ہے۔
اسی طرح علیحدہ رہنے کے بھی منفی اور مثبت دونوں پہلو ہیں۔ علیحدہ رہنے سے آپ کو خاندان کے ہر فرد کی ہر اچھی بری بات کا اندازہ نہیں ہو پاتا اس طرح بعض باتیں چھپی رہتی ہیں جس میں کبھی کبھی بہتری پوشیدہ ہوتی ہے۔ آپ اپنے بچوں کی تربیت اپنی مرضی سے کر سکتے ہیں۔ بچوں کو اپنی مرضی کے مطابق منظم کر سکتے ہیں۔ غلط بات پر ٹوکنے پر دوسرا کوئی ان کی طرف داری نہیں کرتا جس سے ان کے اندر صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط سمجھنے کا شعور پیدا ہوتا ہے۔ غرض یہ کہ آپ اور آپ کے بچے اپنی مرضی کے مطابق بغیر کسی کی مداخلت کے زندگی گزار سکتے ہیں۔
اس کے کچھ نقصانات بھی ہیں۔ ہمیں اور ہمارے بچوں کو لوگوں کے ساتھ کس طرح پیش آنا ہے ، کیسا روّیہ رکھنا ہے ، مل جل کر کیسے رہنا ہے ، اپنی چیزیں دوسروں کے ساتھ کیسے بانٹنی ہیں یہ سب علیحدہ رہتے ہوئے مشکل سے سمجھ میں آتا ہے۔
کوئی بھی نظام چاہے وہ مشترکہ ہو یا علیحدہ اس وقت تک کامیاب یا ہمارے لیے فائدہ مند نہیں ہوگا جب تک ہمارے اندر صبر ، ایک دوسرے کی باتوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت ، میانہ روی ، اچھے برے کا فرق کرنے کی سمجھ اور دوسروں کے بارے میں بھی اپنی ہی طرح سوچنے کی صلاحیت پیدا نہیں ہو گی۔ اگر ہمارے اندر یہ تمام باتیں نہیں ہوں گی تو ہم کسی بھی نظام میں رہتے ہوئے بھی خوش اور مطمئن نہیں رہ پائیں گے اور نہ ہی لوگ ہم سے خوش ہوں گے۔ اس لیے کوشش کرنی چاہیے کہ چاہے آپ مشترکہ خاندانی نظام میں رہیں یا علیحدہ اپنے دلوں کو اپنے خاندان کے افراد کی طرف سے صاف رکّھیں۔ اچھی باتوں کو ہمیشہ یاد رکّھیں اور بری باتوں کو جلد از جلد بھول جائیں۔ خود بھی خوش رہیں اور دوسروں کو بھی خوش رکھنے کی کوشش کریں۔

حصہ