الخدمت کی چرم قربانی مہم اور جذبۂ ایثار

844

زین صدیقی
کورنگی میں واقع ٹینری میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں تھیں ،ڈھا ئی سو کے قریب مزدور ایک ساتھ 10,10گاڑیوں سے چرم قربانی اتارتے میں مصروف تھے ۔ہرگاڑی پرایک نظم وضبط کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا ۔گاڑی کے ساتھ آنے والے افراد بھی نہایت شگفتہ لہجے میں ہم کلام ہورہے تھے ۔عید الاضحی کا دن تھا ۔گاڑیوں کے ساتھ آنے والے ہر شخص میں متانت ودیانتداری تھی اوراس میں جذبہ قربانی عیاں تھا ۔صبر وتحمل تھا ۔خفگی یا ناراضی کے دور دور تک آثارنہیں تھے اور ہوتے بھی کیو ں وہ سب ایک مقصد اور ایک ارادے کے ساتھ وہاں آئے تھے ۔وہ ایسی تحریک سے وابستہ لوگ تھے جس کا وصف ہی شرافت ،تقویٰ اور پرہیز گاری ہے ۔پھران میں صبر وبرداشت کیوں نہ ہوتا۔ ان کے نزدیک ایک ہی مقصدتھا کہ اللہ کو راضی کیا جائے اور اسی مقصد کے ساتھ وہ اس ٹینری میں آرہے تھے ۔یہ ٹینری الخدمت کی ٹینری تھی جہاں نہ صرف کھا لیں وصول کی جارہی تھیں بلکہ ان کھالوں کو محفوظ بنانے کا بھی کام جاری تھا ۔ یہ لوگ جماعت اسلامی کے کارکنا ن اورالخدمت کے رضاکار تھے ۔ایک گاڑی پر ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ جبکہ بعض گا ڑی سے کھالیں اتارنے میں اس سے بھی زیادہ وقت درکار تھا مگر کھالیں لانے اور انہیں اتروانے کے عمل میں کسی کو نہ کوئی جلد ی تھی اورنہ ہی اس دن کسی نے اس بات کا اظہار کیا ۔ہم نے نہ کسی کو یہ کہتے سنا عید کا دن ہے ،گھر پہنچنا ہے نہ ہی یہ سنا کہ ہمیں کسی کام سے جانا ہے ،یہاں صبروتحمل کی عظیم مثال دیکھنے کو ملی ۔
ٹینری میں آنے والے افراد کے ساتھ ساتھ یہاں متعین الخدمت کے رضاکاروں کا جذبہ دیدنی تھا کہ کو ئی ٹرانسپورٹ کنٹرول کررہا تھا ۔کوئی کھالیں گنوا کرگاڑیوں سے اتروارہا تھا ،کوئی کچن میں فرائض انجام دے رہا تھااور کوئی پانی اور مینٹی ننس کے فرائض انجام دے رہا تھا ۔الغرض ہر فرد اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دے رہا تھا اورتمام کے تمام لوگ ہی مسلسل تین دن تک اسی جذبے اورلگن کے ساتھ کام میں مصروف رہے اورگاڑیوں کی لمبی قطار یں لگی رہیں اورچھوٹے اور بڑے جانوروں کی قربانی کی کھا لیں جمع کرنے کا سلسلہ جاری رہا ۔
ہم نے پہلی بار الخدمت کی ٹینری کادورہ کیا تو ہم حیران ہوئے بغیر نہیں رہ سکے کہ یہاں اتنے جذبے اور محنت کے ساتھ منظم انداز میں کام جاری تھا اور ہر شخص میں ایک جذبہ نظر آرہا تھا ۔گھربار سے دور وہ بھی عید الاضحی کے خاص موقع پر جب لوگ قربانی کے بعد گھر میں رہ کر قربانی کے گوشت سے بنے پکوان کے مزے اڑانے کے خواہش مند ہوں ،ہمیں معلوم ہوا کہ الخدمت کی اس ٹینری میںشہر قائد سے تنظیمی طور پر منقسم 10اضلاع سے کھالیں لائی جارہی ہیں ۔کھالوں میں گائے،اونٹ ،بیل ،دنبہ اوربکرے کی کھالیں شامل تھیں ۔
اس پورے عمل میں ایک خاص بات ہمیں یہ نظرآئی کہ الخدمت کے جہاں کارکنان ورضاکار مصروف عمل رہے وہاں رہنما بھی موجودتھے ،الخدمت کے صدر اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن بھی کارکنا ن کے حوصلہ افزائی کیلئے عید کے پہلے دن الخدمت کے دفاتر کے دوروں ،قربانی کے انتظامات کے جائزے واجلاسوں سے فراغت کے بعد ٹینری میں رات گئے تک کارکنوں کی دلجوئی کیلئے موجود تھے ۔انہوں نے کارکنوں سے عید ملی اورن کی دلجوئی کی ،جس سے کارکنان کا جوش و جذبہ مزید بڑھ گیا ،جبکہ ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین نے بھی تینوں روز عام کارکنوں کی طرح کام کیا، ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی بھی کارکنان کاجذبہ بڑھا نے کیلئے موجود تھے ۔الخدمت قربانی مہم کے نگران انجینئرصابراحمد نے بھی تمام امور کی بہترین انداز میں نگرانی کی ۔
الخدمت کے تحت ہرسال 10اضلا ع میں اجتماعی قربانی ،آسان قربانی اور اجتماعی قربانی کا اہتما م کیا جاتا ہے اور سال با سال اجتماعی قربانی کا رجحان بڑھتا جارہا ہے ۔امسال عید الاضحی پر جماعت اسلامی و الخدمت کے زیر انتظام 50ہزار جانوروں کی قربانی کی گئی جس کی کھا لیں ،تنظیمی کارکنان نے اس ٹینری تک پہنچائیں ،جبکہ شہر یوں نے بھی بڑی تعداد میں الخدمت کو قربانی کی کھالیں دیں ۔الخدمت کی چرم قربانی میں ہرسال اضافہ ہورہا ہے۔
ہمیں ٹینری کے تمام مناظردیکھ کر ہمیں بہت خوشی ہوئی اوراحساس ہو ا کہ الخدمت واقعی ملک کی بڑی این جی اوہے اور اس سے منسلک لوگ بھی انتہا ئی مخلص ،دیانتدار اور فرض شناس ہیں ،جن کے مقصود صرف اور صرف رضا ئے الٰہی ہے ۔ورنہ تمام افرادی قوت کیلئے صرف ہونے والی مشینری ،ٹینری میں آنے والے بڑی تعداد میں وہیکلز کے اخراجات ،پٹرولنگ اور ان ٹرکوں کے ساتھ آنے والے افراد کا وقت اور مشقت کا ہی جا ئزہ لے لیں تویقینا ہمیںوہ عظیم جذبہ نظرآئے گا جو صرف اورصرف رضائے الٰہی کے مقصد کی عکاسی کرتا ہے۔
علاوہ ازیں ان تمام لوگوں کی کاشیں جنہوں نے لوگوں سے رابطے کرکے کھالیں ایک جگہ جمع کیں، ساراسال وہ ان لوگوں کے رابطے میں رہتے ہیں،دعوت دین کا بھی کام کرتے ہیں ۔اپنے عمدہ اخلاق کے ساتھ لوگوں سے اچھے تعلقات کی بنیاد ڈالی اوران کے اپنی ذات کو مثالی ثابت کیا ۔یہ سب وہ محنت ہے جو ایک رضاکار اپنی اچھی تنظیمی ساکھ کیلئے کرتا ہے ۔ان سیکڑوں افراد کی محنت کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا وہ تہہ دل سے مبارک باد کے مستحق ہیں ۔
بلاشبہ الخدمت ملک کی صف اول کی سماجی تنظیم ہے ۔اس کی خدمات کے بارے میں ہمیں بہت کچھ پہلے سے جاننے کا شرف حاصل ہے بعد میں کچھ نئی چیزیں جاننے کو ملیں ۔الخدمت پر دنیا اعتماد کر تی ہے ،نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک بھی لوگ اس کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،خود پاکستان میں بسنے والے اس کے کاموں کے معترف ہیں ۔کارکنوں کے کیا کہنے اس سے جو بھی لوگ منسلک ہیں ان کے اخلاص کی نظیر نہیں ملتی ۔زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والی الخدمت خدمات کی فہرست طویل ہے ۔
صحت،تعلیم ،روزگار،کفالت یتامیٰ ،صاف پانی ،کمیونٹی سروسز ،ڈیزاسٹرمینجمنٹ وہ شعبہ جات ہیں جن میں الخدمت کی خدمات بہت وسیع ہیں ۔الخدمت بلامبالغہ ملک وقوم کی خدمت کر رہی ہے،ہرمشکل کھڑی میں اس نے قوم کا ساتھ دیا ہے ۔الخدمت کو کئی معاملات میں دیگر این جی اوز سے ممتاز حیثیت حاصل ہے ۔ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اسکے آڈٹ کا نظام موثر اور باقاعدہ ہے۔ جب حسابات میں اللہ کو جواب دہی کا تصور ہواوراس کا خوف بھی موجود ہو تو کسی بھی قسم کی بے قاعدگی کا شائبہ نہیں رہتا۔الخدمت اورجماعت اسلامی کی اسی دیانت داری کی دنیامعترف ہے۔
انسانیت کی بلاتفریق خدمت کا جذبہ رکھنے والوں کے ساتھ اللہ ہے ،لیکن نیکی کے اس عمل میں مخیر حضرات کی کاوشوں کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ،کیونکہ سارا سال خدمت کے عمل میں ان کا ساتھ اور تعاون رہتا ہے ۔یہ تعاون ان کیلئے بڑے اجروثواب کا باعث ہے ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر معاشرے میں ایثار اورقربانی کا جذبہ ہو تومعاشروں میں مثبت تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا ۔

حصہ