انصرمحمودبابرکدھر
آج کل موسم ِ گرما بھی اپنے عروج پہ ہے اور عیدکی تعطیلات بھی چل رہی ہیں۔اورساتھ ہی ساتھ تعلیمی اداروں میںموسم ِ گرماکی چھٹیاںبھی شروع ہوچکی ہیں۔توان تمام مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اکثردوست احباب چھٹیاں گزارنے شمالی علاقہ جات یادیگرصحت افزا پہاڑی مقامات کارخ کرتے ہیں۔یہ ایک بہت اچھی اور صحت مندانہ سرگرمی ہے لیکن نوآموزحضرات شائد اس چیزسے آگاہی نہ رکھتے ہوںکہ تمام سیاحتی مقامات پہ قائم ہوٹل والوں کابھی یہ سیزن ہوتاہے اوراس دوران وہ اپنے من چاہے کرائے وصول کرتے ہیں۔ایسے میںخصوصاً اسکول اورکالج (سرکاری اور پرائیویٹ دونوں) کے طلبا وطالبات کو میںمشورہ دوں گاکہ اگر آپ سیر و تفریح کے ساتھ ساتھ کچھ سیکھنے کے بھی خواہش مند ہیں تو اسکائوٹنگ آپ کے لیے بہترین رہے گی۔ طالبات کے لیے گرلز گائیڈ کا ادارہ موجودہے جہاںسے تربیت لے کرہمارے تعلیمی اداروں کی بچیاںبھی بہت ساری مثبت سرگرمیوں کواپنے ماحول اورمعاشرے میں فروغ دے سکتی ہیں۔ اسکائوٹنگ ہو یا گرلز گائیڈ، ہر ایک کا یہ تربیتی ٹور ایک ہفتے پر مشتمل ہوتا ہے۔ یہ تربیتی کیمپ مری کی خوشگوار فضائوں اور تازہ ہوائوںکے حامل انتہائی خوب صورت اور تاریخی مقام گھوڑا گلی میںواقع ہے جہاں پر حکومت نے بر اعظم ایشیا کے سب سے بڑے گرمائی تربیتی کیمپ کے لیے ایک وسیع علاقہ وقف کر رکھا ہے۔ وہاںکی صاف ستھری آب و ہوا اور قدرتی چشموں کا انتہائی ٹھنڈا اور میٹھاپانی ایک ایسی نعمت ہے کہ جو آپ کو ہمیشہ یاد رہے گی۔ ہمارے میدانی علاقوں میں جون، جولائی اور اگست کے مہینوں میں جھلسا دینے والی گرمی کاوہاں تصور بھی نہیں ہے۔
گرد و غبار اور پسینے سے دوریہ سہاناموسم آپ کو خوابوں اور تخیلات کی وادی کا مسافر بنا دے گا۔ وہاں آپ فطرت کے اتنے قریب ہوتے ہیں کہ رنگ، ترتیب، شوخیاں، گنگناہٹ اور شاعری آپ کے مزاج کاحصہ بن جاتے ہیں اور یہ آپ کے لیے معقول اخراجات میںایک ایسی شاندار تفریح ہے کہ جس کاآج کی مہنگائی کے دور میں تصوربھی نہیں کیاجاسکتا۔
قارئین ِ کرام! اس کیمپ میںمختلف کورسزبھی کروائے جاتے ہیںجیسے ’’اسکائوٹ ماسٹر‘‘ اور ’’وڈبیج‘‘ وغیرہ۔ ان کورسز کے کامیاب اختتام پر آپ کی ڈیوٹی سرکاری سطح پرحاجی کیمپ میںبھی لگ سکتی ہے اورخوش نصینی سے بذریعہ قرعہ اندازی آپ کوحکومت پاکستان مفت حج کی سہولت بھی دیتی ہے۔ چنانچہ آپ اس قیمتی وقت کابھرپورفائدہ اٹھائیںاوراپنی ذہنی وجسمانی آسودگی کی خاطر کچھ وقت اپنے لئے ضرورنکالیں اور خوب انجوائے کریں۔اگرآپ اپناکاروبارکرتے ہیں یا کہیں جاب کرتے ہیں توبھی میں سمجھتاہوںکہ پھرتوآپ پہ یہ ٹور لازم ہے ۔اس لئے کہ آپ کی فٹنس اور کارکردگی کوبہتربنانے کے لیے سالانہ ٹورز اکسیرکادرجہ رکھتے ہیں ۔ جیساکہ بعض سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میںریفریشرکورس کروائے جاتے ہیں اسی طرح سیروتفریح بھی آپ کی زندگی اور کاروبارکالازمی جزوہوناچاہیے۔ اسکائوٹنگ ایک ایساپلیٹ فارم ہے کہ جہاں آپ کواپنی چھپی ہوئی اورخوابیدہ صلاحیتوں کاپتاچلتاہے اوران تمام پوشیدہ اورمثبت سرگرمیوںکوایک نئی زندگی ملتی ہے۔یہ وہاں کے ماحول اور آب وہواکااثرہے کہ آپ کے اندرکاجوبچہ ہے وہ اپنی تمام تر شرارتوں اوربچپنے کے ساتھ بھر پورانگڑائی لے کر بیدارہوجاتاہے اور آنے والے کم ازکم ایک سال کے لئے آپ کوتازہ دم اورچاک وچوبندرکھتاہے یہ میراذاتی تجربہ ہے۔
اسی ایک ہفتہ کے دوران آپ چاہیںتوپنڈی پوائنٹ والی چئیرلفٹ کالطف اٹھاسکتے ہیں۔مال روڈاورکشمیرپوائنٹ کی رونقیںانجوائے کرسکتے ہیں۔بلندوبالاپہاڑوں سے اترتے دھواں دھواںسے بادلوں کے پس منظرمیںبھاپ اڑاتی خوش ذائقہ چائے ا ٓپ کے اس وقت کوخوشگواربنادے گی۔انھی سات دنوں میں سے وقت نکال کر آپ ایوبیہ چلے جائیں جواس ریجن کا بلندترین مقام ہے اور خیبرپختونخواہ میں واقع ہے۔ایوبیہ میں بھی چئیرلفٹ لگی ہوئی ہے ۔یہاں کے چپلی کباب بہت مشہور ہیں ۔یہاں سے کچھ ہی آگے نتھیاگلی کامشہورمقام ہے۔کسی اوردن وقت نکالیں اورنیومری کیلئے عازم ِ سفرہوجائیں۔یہاںپرایشیاء کی سب سے بڑی چئیرلفٹ اور کیبل کار ہے اورملک کے طول وعرض سے لوگ جوق درجوق یہاںآتے ہیںاورایک بھرپوراورشانداردن گزارکرلوٹتے ہیں۔
سکائوٹنگ میں مندرجہ ذیل سہولیات سے آپ بھرپورفائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
1۔ معیاری تفریح‘ 2۔ کم خرچ بالانشیں‘ 3۔ گروپ ٹورز‘4۔فرسٹ ایڈ کی تربیت‘ 5۔ٹریفک رولز کی تربیت‘ 6۔قدرتی آفات سے نپٹنے کی تربیت‘ 7۔حالت جنگ کے حوالے سے خصوصی تربیت‘8۔ہائیکنگ‘ 9۔ٹریکنگ‘ 10۔ کیمپ فائر‘ 11۔ علوم وفنون کی مشہورشخصیات سے ملاقات کا موقع‘ 12۔فوٹوگرافی‘ 13۔کوکنگ اینڈ پریزنٹیشن‘ 14۔خیمہ لگانے کی تربیت‘ 15۔ خالص علمی اور تفریحی ماحول
اس کے علاوہ بھی بہت کچھ سیکھنے اورسکھانے کوملتاہے۔اس دوران آپ دوسروں کے تجربات سے اوردوسرے لوگ آپ کے تجربات سے استفادہ کرتے ہیں۔
بوائے اسکائوٹس اورگرلزگائیڈمیں رجسٹریشن کروانے کا طریقہ کاریہ ہے کہ اپنے متعلقہ تعلیمی اداروں کے فزیکل انسٹرکٹرزسے رابطہ میںرہیں اورجیسے ہی موسم گرما چھٹیاں قریب آئیں اپنانا م لکھوا دیں۔ نیز اپنے ’’EDO‘‘ آفس سے بھی رابطہ میں رہیںتاکہ اس سمرکیمپ میںجانے کے وقت اور تاریخ سے آپ آگاہ رہیں۔اگرتوآپ طالب علم ہیں توپھرتوکوئی مشکل ہی نہیں ہے۔لیکن اگرآپ تعلیمی دورسے فارغ ہوچکے ہیں توبھی آپ اس کیمپ میں جانے والے اپنے قریبی ادارے کے ساتھ منسلک ہوسکتے ہیں۔اوراگرآپ کااپنادوستوں کاگروپ ہے تو آپ اپنے گروپ کی رجسٹریشن کرواکرلیٹربنوالیں اوروہاں جاکرانجوائے کریں۔ایک گروپ 9افرادپرمشتمل ہوتاہے جس میںآٹھ اسکائوٹ اور نواں اسکائوٹ لیڈر یا گروپ لیڈر ہوتاہے۔ اسی ترتیب سے گروپ بناکرآپ رجسٹریشن کرواسکتے ہیں اورخیمے حاصل کرسکتے ہیں۔ 2016 تک اس کی رجسٹریشن فیس 200 روپے فی کس کے حساب سے ہواکرتی تھی جس کے بدلے میں آپ کو خیمہ الاٹ کردیاجاتاہے اورآپ ان کے طریقہ کار کے مطابق وہاں رہیں اورایک ہفتہ کے ٹورکے اختتام پرکیمپ انتظامیہ کی جانب سے گورنمنٹ آف پاکستان کے جاری کردہ سرٹیفکیٹ بھی حاصل کریں۔