الخدمت کے تحت خوشیوں بھری تقریب

519

مریم وزیر
ہنستے مسکراتے بچے سوالوں کے جوابات دینے کے لیے ہاتھ اٹھا رہے تھے۔ درست جوابات پر انھیں خوب صورت تحائف دیے جارہے تھے۔ یہ منظر 15 رمضان المبارک دن کے 12 بجے کا ہے، اور جگہ ہے ’’الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ کراچی‘‘۔ تقریب ہے ’’تقسیمِ تحائف‘‘ کی۔
’’کفالتِ یتامیٰ‘‘ کے شعبے کے تحت ہر سال 15 رمضان المبارک کو الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے مختلف شہروں میں تقسیمِ تحائف کی خوشیوں بھری تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
1990ء سے خدمت ِخلق کے لیے کام کرنے والے اس ادارے کا ویمن ونگ 2013ء میں قائم ہوا۔ پاکستان میں خواتین کے تحت اتنے منظم اور بے لوث طریقے سے کام کرنے والے ادارے چند ایک ہی ہیں جن میں ’’الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ‘‘ کا نام سرفہرست ہے، جس کا سلوگن ہے ’’کفالتِ یتامیٰ سے جنت کا حصول بھی …رفاقتِ رسولؐ بھی‘‘۔
الخدمت فاؤنڈیشن عید کی خوشیوں میں انہیں شامل کرتی ہے جن کے بارے میں پیارے رسول صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا ’’میں اور یتیم کی کفالت کرنے والا جنت میں یوں ہوں گے‘‘۔ یہ کہہ کر انگشتِ شہادت اور درمیان والی انگلی کو ساتھ ملایا۔ (رواہ بخاری)
تقسیم تحائف کے اس خوب صورت پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، اس کے بعد اپنی ماؤں کے ساتھ آئے بچوں میں سے کچھ نے نعتِ رسولؐ مقبول پیش کی اور کچھ نے نظمیں سنائیں۔
’’قرآن انسٹی ٹیوٹ‘‘ کی پرنسپل صبا جاوید نے درسِ قرآن دیا۔ انھوں نے ’’سورہ النساء‘‘ کی آیت نمبر 9 اور 10 پر تفصیل سے بات کی اور اللہ کے پیارے رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی اس حدیث کی وضاحت کی جس میں کہا گیا ہے کہ ’’مسلمانوں میں بہترین گھر وہ ہے جس میں کوئی یتیم ہو اور وہاں اس سے حُسن سلوک کیا جاتا ہو، اور بدترین گھر وہ ہے جس میں کوئی یتیم ہو اور وہاں اس کے ساتھ بدسلوکی کی جاتی ہو۔‘‘
’’الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان‘‘ کی صدر کلثوم رانجھا نے اپنے آن لائن پیغام میں کہا کہ ’’الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان بھر میں کُل 12 ہزار بچوں کی کفالت کی ذمے داری اٹھائے ہوئے ہے اور اُن کی تعلیم و تربیت کے ساتھ دیگر ضروریاتِ زندگی کو پورا کرنے کی کوششوں میں لگا ہوا ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’بچے جو کسی بھی معاشرے کا قیمتی ترین سرمایہ ہوتے ہیں، ان کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کیجیے۔‘‘
بعدازاں ایک مختصر مگر پُراثر ویڈیو کلپ ’’کمال کہانی‘‘ دکھایا گیا جس میں معاشرے کے اس طبقے کی کفالت کی اہمیت و فضیلت کو قرآن کے پیغام سے واضح کیا گیا ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن کراچی میں کفالتِ یتامیٰ کے حوالے سے کام کرنے والی مخلص، محنتی ٹیم کا تعارف پیش کیا گیا جن کی بے ریا کاوشوں کی بنا پر تمام انتظامات مکمل ہوئے، ساتھ ہی مہمانِ گرامی ناظمہ کراچی اسماء سفیر سے تعارف کروایا گیا۔ وہ افراد جن کا تعاون اس سفر کو آگے بڑھانے کا باعث بن رہا ہے‘ اُن کا تعارف بھی کروایا گیا۔
باہمت ماؤں نے اپنے شریکِ سفر کے اِس دنیا سے جانے کے بعد زندگی کے معاملات کو کس طرح چلایا، کس طرح جدوجہد کی، ان ماؤں نے یہ کہانی آگے بڑھ کر شرکا سے شیئر کی۔
’’چند لمحات باہمت بچوں کے ساتھ‘‘ پروگرام میں میزبان آمنہ ملک کے ساتھ ڈاکٹر رباح نے بچوں کے ساتھ دل چسپ گفتگو کی، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔ اس موقع پر ماؤں اور بچوں کی خوشی قابلِ دید تھی۔
آخر میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی سابقہ صدر طلعت ظہیر صاحبہ نے الخدمت فاؤنڈیشن کی نائب صدر شمع گلزار کے ساتھ ماؤں اور بچوں میں خوب صورت و دیدہ زیب کپڑے، اور دیگر تحائف تقسیم کیے۔ ہماری ڈونر بہنوں نے بھی اپنے زیر کفالت بچوں کو خصوصی پیار اور شفقت سے نوازا۔ یہ جذباتی منظر شرکائے محفل کی آنکھوں کو نم کرگیا۔ اس کے ساتھ ہی شمع گلزار کی دعا کے ساتھ اس پُروقار تقریب کا اختتام ہوا۔

حصہ