چیونٹیوں سے نجات کے چند مفید ٹوٹکے

3062

مزنہ حسین
چیونٹیاں عموماً بارش کے موسم میں یا گرمیوں میں گھروں میں داخل ہوجاتی ہیں۔ چیونٹیوں کی کثیر تعداد باورچی خانہ اور کمروں میں ہمیشہ ہی پریشانی اور ذہنی کوفت کا باعث ہوتی ہے، لیکن آپ کی اس پریشانی کا حل ہمارے پاس موجود ہے۔ آپ کو چیونٹیوں سے نجات کے چند طریقے بتا رہے ہیں جو نہایت کارگر ثابت ہوںگے۔
نمک:
اگر گھر میں ہر جگہ چیونٹیاں نظر آرہی ہیں تو نمک ان کی گزر گاہوں پر چھڑک دیں۔ چیونٹیاں اس رکاوٹ کو عبور کرنے کی ہمت نہیں کرسکیں گی۔
پودینہ:
پودینہ بھی کیڑوں کو دور بھگانے میں مؤثر ہے۔ چیونٹیاں پودینے کی مہک سے دور رہنا پسند کرتی ہیں۔ پودینے کے تیل کے 10 قطرے ایک کپ پانی میں ملا کر داخلی راستوں پر ٹپکا دیں۔ یہ عمل دن میں دو بار کریں۔ اس کی جگہ خشک پودینے کو بھی چھڑکا جا سکتا ہے۔
مرچیں:
گرمیوں میں چیونٹیاں اکثر چینی تلاش کرتی ہیں تو انہیں مرچوں کا مزا لینے دیں۔ پسی ہوئی سرخ مرچ کو ان جگہوں پر ڈال دیں جہاں چیونٹیاں بہت زیادہ ہوں، وہ غائب ہو جائیں گی۔
دار چینی:
دارچینی اور لونگوں کو گھر کے داخلی دروازے اور ایسے حصوں میں ڈال دیں جہاں سے چیونٹیاں اندر آسکتی ہیں۔ مانا جاتا ہے دارچینی کیڑوں کو دور رکھنے میں مدد دینے والا مسالہ ہے۔
لیموں:
سب سے پہلے لیموں کا عرق کچھ مقدار میں فرش پر دہلیز کے مقام پر اور کھڑکیوں پر چھڑک دیں، اس کے بعد ایسے کسی سوراخ یا دراڑ میں اس عرق کو ڈالیں جہاں سے چیونٹیاں آتی ہوں۔ آخر میں لیموں کے چھلکے کے چھوٹے ٹکڑے کرکے بیرونی دروازے کے گرد رکھ دیں۔ اب آپ کو کسی مہنگے اسپرے کی ضرورت نہیں، اس ٹوٹکے سے چیونٹیوں کو دور بھاگتے دیکھیں گے۔

حصہ