ہربل فیشل، بدلتے موسم میں خواتین کی ضرورت ہیں

1016

امیر سلیم
دھوپ اور سورج کی تپش کی وجہ سے چہرے کی اسکن کھردری اور بے رونق ہوجاتی ہے۔ ایسا سورج کی شعاعوں کے براہِ راست ٹکرائو کی وجہ سے ہوتا ہے جو جلد کا رنگ خراب کردیتی ہیں، اور جلد کی قدرتی چمک ختم ہونے سے جھریاں اور دانے نکلنا شروع ہوجاتے ہیں۔ ایسے وقت پر فیشل کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ سورج کی تپش سے متاثرہ جلد کی حفاظت ہوسکے۔
کسی تقریب سے پہلے فیشل کرنے سے جلد تروتازہ ہوجاتی ہے اور میک اپ بہت اچھا ہوتا ہے۔ آج کل بیوٹی پارلرز پر مختلف طرح کے فیشل کیے جاتے ہیں جن کی قیمت بھی اسی حساب سے ہوتی ہے۔ فیشل کرنا کوئی مشکل نہیں ہے اور یہ گھر پر بھی بآسانی ہوسکتا ہے جس پر زیادہ لاگت نہیںآتی، کیوں کہ تمام اشیاء گھر پر ہی مل جائیںگی۔ اس کے لیے یہ سامان اکٹھا کرلیں: تولیہ، روئی، ٹشو پیپر، برتن میںگرم پانی، ہیئر بینڈ، کلینزنگ کریم، اسکرب، ماسک، زیتون یا ناریل کا تیل، چند جڑی بوٹیاں اور اسکن ٹونک۔
آپ پریشان نہ ہوں کہ یہ سب کہاں سے آئے گا! آپ یہ سب کچھ گھر پر بنائیں گی۔ سب سے پہلے اپنے بالوں کو ہیئر بینڈ سے اچھی طرح باندھ لیں۔
آلمنڈ کلینزنگ کریم:
دو انڈوں کی زردی اور 125 گرام شہد کو اچھی طرح مکس کریں۔ ایک الگ پیالی میں 1/4 کپ بادام کا تیل اور 60 گرام بادام پسے ہوئے ملائیں۔ اب ان دونوں آمیزوں کو ملا دیں، ساتھ آدھا چائے کا چمچ میٹھا سوڈا بھی شامل کریں۔ آپ اس کریم کو دو ماہ تک فریج میں رکھ کر استعمال کرسکتی ہیں۔
کلینزنگ کریم کو نقطوں کی طرح پورے چہرے اور بدن پر لگا کر مساج کریں۔
مساج کا طریقہ:
مساج گردن سے شروع کریں، انگلیوں کو نیچے سے اوپر حرکت دیں۔ چہرے پر مساج کرتے ہوئے اپنے دونوں ہاتھوں کی انگلیوں کو اس طرح رکھیں کہ ایک انگلی ہونٹ کے اوپری حصے پر اور تین انگلیاں ٹھوڑی پر ہوں۔ اب دائیں ہاتھ کو دائیں اور بائیں ہاتھ کو بائیں طرف حرکت دیں۔ گالوں پر انگلیوں کو دائرے کی صورت میں گھمائیں اور انگلیوں کو نیچے سے اوپر لے کر جائیں۔ ناک کے اطراف انگوٹھے سے گولائی میں مساج کریں۔ ناک کے اوپر ہڈی پر شہادت کی انگلی کو آگے پیچھے حرکت دے کر مساج کرنا ہے۔
آنکھوں پر شہادت کی انگلی کو گول گھمائیں:
پیشانی پر بھی دائرے کی صورت میں مساج کریں یا پیشانی کے وسط سے انگلیوں کو دائیں اور بائیں حرکت دیں۔ کلینزنگ اور اسکرب میں مساج کا یہ عمل تین تین بار کرنا ہے۔
جن کی جلد خشک یا نارمل ہو وہ زیتون یا ناریل کے تیل سے مساج کرکے روئی سے صاف کریں۔
فیس اسکرب:
دال مسور، مونگ اور چنا کو یکساں مقدار میں لیں اور دودھ، دہی یا شہد کے ساتھ اچھی طرح مکس کرکے چہرے اور گردن پر نرم ہاتھوں سے مساج کریں، پھر منہ دھو لیں۔
بھاپ لینا:
برتن میں پانی گرم کریں، جب ابال آنے لگے تو پانی میں ایک لیموں کا رس، ساتھ چھلکے، پودینہ کی چند پتیاں اور تھوڑا سا عرقِ گلاب ڈال دیں۔ تین چار منٹ پکنے دیں، کسی ایسی جگہ کا انتخاب کریں جہاں آپ بآسانی کھڑے ہوکر بھاپ لے سکیں، اپنا چہرہ بھاپ سے 8 سے 10 انچ کے فاصلے پر رکھ کر بھاپ لینے کا عمل شروع کریں۔ سر کو تولیے سے کور کرلیں کہ بھاپ باہر نہ نکلے۔ تین سے پانچ منٹ تک بھاپ لیں۔ بھاپ سے چہرہ ہٹا کر کچھ دیر تولیے سے کور رہنے دیں اور پھر ٹشو سے صاف کرلیں۔
ماسک:
دو کھانے کے چمچ شہد دو کھانے کے چمچ دودھ میں ملا کر چہرے اور گردن پر دس منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
خشک اور داغ دھبوں والی جلد کے لیے جئی کا آٹا، شہد اور دہی ملا کر پیسٹ بنا لیں، چہرے اور گردن پر دس سے پندرہ منٹ لگا رہنے دیں اور پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
ماسک آنکھوں اور ہونٹوں کے اوپر نہ لگائیں۔ ماسک لگاکر آنکھوں پر کھیرے کے قتلے رکھیں، اس سے آنکھوں کو سکون ملے گا۔
آخر میں ٹونر عرق گلاب لگائیں۔ اگر جلد پر دانے ہیں تو برف سے مساج کرکے عرقِ گلاب لگائیں۔

حصہ