لیجیے آسمانی برکتوں کا مہینہ سایہ فگن ہونے کو ہے خوش قسمت ہیں وہ جو اس ماہ کی با برکت ساعتوذں تک پہنچے۔ رمضان کا چاند اللہ کی رحمت کی خوش خبری ان کے لیے لے کر آئے گا رحمتوں اور برکتوں کی۔ ان ساعتوں سے بھرپور طریقے سے مستفید ہونے کے لیے کمر کس لیجیے۔ دو رکعت نفل کے ساتھ دعا کیجیے کہ اللہ ہم کو ایمان کی زینت اور صحت کی بلندی کے ساتھ اس ماہ کے ہرلمحے سے فیض یاب ہونے کا موقع فراہم کرے (آمین)
حفظ قرآن‘ تفہیم قرآن اور دورۂ قرآن کے لیے نصاب روزانہ کی بنیادوں پر مقرر کر لیجیے۔ سیرت رسولؐ اور احادیث رسولؐ کے مطالعے کے دوران اپنے لیے عمل کے نکات ضرور تحریر کیجیے۔ اخلاق حسنہ کے کم از کم تین ہتھیاروں کو پوری محنت سے چمکانے کا ارادہ کیجیے خاص طور سے وہ جن کی کم اپنے اندر محسوس کرتے ہوں ساتھ ہی شیطان کے وہ ہتھیار حسن کو وہ آپ پر بڑی خوبی سے استعمال کرتا ہے کند کرنے کا منصوبہ بنایے۔
اپنی بقیہ رہ جانے والی عمر اپنا مال‘ صلاحیتیں اور قابلیتیں جو رب نے آپ کو کی ہیں ان کی زکوٰۃ نکال کر انہیں پاک کیجیے ساتھ رب سے انہیں قبول کرنے کی درخواست کیجیے۔ جان لیجیے کہ روزہ جو ڈھال ہے اور نماز جو بے حیائی کے کاموں سے روکتی ہے انسان کو ایسی صورت میں تبدیل کرتے ہیں جب بندہ اپنے عمل کی استقامت سے انہیں قوت دیتا ہے ورنہ کمزور اور نحیف روزے‘ نماز شیطان کے ایک وار کے آگے سر نگوں ہو جاتے ہیں۔ تب قصور عبادات کا نہیں بندے کا ہوتا ہے جو اپنے کردار کی استقامت سے اسے اوت نہیں پہنچاتے۔ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو ایمان و عمل کی استقامت عطا فرمائے‘ آمین۔
(غزالہ عزیز… انچارج صفحہ خواتین)