مرتبہ: صبیحہ اقبال
٭آم کھانے سے کام یا پیڑ گننے سے: (مثل) بے فائدہ حجت سے کیا حاصل؟
٭ آم کے آم گٹھلیوں کے دام: (مثل) جس تجارت میں دہرا نفع ہو، بہت زیادہ فائدے کے موقع پر۔
٭آم مچھلی کی بھینٹ ہو ہی جاتی ہے: (مثل) جب کوئی کسی کو زک دے کر چل دیتا ہے یا چھپ جاتا ہے اُس وقت زک اٹھانے والا کہتا ہے یعنی پھر ملاقات ہوگی تو اس وقت سمجھ لوں گا۔
٭ آم میں مور آنا: آم کے پیڑ میں پھول لگنا جسے آم میں بور آنا بھی کہا جاتا ہے۔
٭ آم ہونا: آم کی فصل ہونا۔ آم کا پھلنا۔
٭آمَن: پتلے اور لمبے آم کو کہتے ہیں۔
٭آمدنی: حاصل۔ نفع۔ آمدنی کے سر سہرا، یعنی آمدنی ہی سے سارا ٹھاٹھ باٹ ہوتا ہے۔
٭آماج: ہدف۔ جس مقام یا جس چیز کو تاک کر گولی چلائیں یا تیر پھینکیں۔
٭آمادہ: مستعد۔ راضی۔ تیار
٭آماس: (مذکر) ورم، سوجن (اکٹھا ہونا)
٭ آمد: آنے کے آثار۔ مضامین اور خیالات کا پے در پے ذہن میں آنا۔ بازار میں غلے کی آمد۔
٭ آمد آمد: آنے کی دھوم۔ آنے کا چرچا۔
٭ آمد برآمد کے دن: رُت پھرنے کا زمانہ۔ فصل تبدیل ہونے کا زمانہ۔ موسم بدلنے کے دن۔
٭ آمدن بارادت و رفت با اجازت: (مثال) آنا اپنے ارادے سے ہوتا ہے اور رخصت ہونا میزبان کی مرضی پر موقوف ہوتا ہے۔
٭ آمدورفت: آنا جانا۔ رسم و راہ۔
٭ آمد و رفت بند ہونا: راہ و رسم ترک ہونا۔ میل جول نہ ہونا۔
٭ آمدورفت لگانا: بار بار آنا جانا، جیسے تم نے یہ کیسی آمد و رفت لگا رکھی ہے؟
٭ آمرزگار: اللہ کی صفت۔ بخشنے والا۔
٭ آمنا سامنا: اچھی طرح نظر آنا۔ روبرو ہوجانا۔ بے پردہ ہوجانا۔ مقابل۔
آمنَّا و صَدَّقنَا: ہم ایمان لائے اور ہم نے تصدیق کی۔ بجا درست: بجا فرمایا۔ درست کہا۔
٭ آموختہ: پڑھا ہوا پچھلا سبق سنانا (مجازاً) کوئی رک رک کر بات کرے یا تیزی سے پڑھے تو کہا جاتا ہے کہ بات کہتے ہو یا آموختہ سناتے ہو۔
٭آموزگار (ف): سکھانے والا۔ معلم۔ استاد
٭ آمیزش (ف) : اچھی چیز میں ناقص چیز ملا دینا+ بکذات کر دینا+ باہم اتفاق کرنا۔ گھل مل جانا۔
٭آمین: (ع): اے خدا ایسا ہی ہو۔ دعا کی قبولیت کے لیے بولا جانے والا ایک کلمہ۔
٭آمین آمین ہونا: امن وامان ہونا۔ سکھ چین۔ پھیل جانا۔
آن (ع): وقت۔ ساعت۔ تھوڑی دیر۔ لحظہ بھر۔ دَمِ بھر۔
٭آن (ف): ناز و انداز۔ معشوق کی ادا۔ شانِ حُسن