محمد عبدالشکور
روئے زمین پر زندگی کے وجود کو قائم رکھنے اور اس کی نشوونما کے لئے مختلف موسموں کا ایک مربوط اور منظم نظام بھی خدا تعالیٰ کی اپنی مخلوق کو عطا کردہ نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے۔اس کائنات میں بسنے والا ہر ذی روح ان ماحولیاتی اثرات کے زیرِ اثر رہتا ہے۔ موسموں کے نظام میں تغیر کے موجودہ حالات کے باعث مختلف امراض کے جنم لینے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ اپنی خوراک، لباس اور دیگر معمولات زندگی کواس تبدیلی کی مناسبت سے ڈھالا جاتا ہے۔ کیونکہ ذرا سی بے احتیاطی سے یہ موسم آپ کے لئے رحمت سے زحمت بن سکتا ہے۔ پاکستان شدید موسموں والے خطوں میں شمار ہوتا ہے۔ بہار اور خزاں کا موسم مختصر سہی لیکن طویل موسم گرما اورپھر صبر آزما جاڑا۔ پہاڑی علاقے مہینوں برف سے ڈھکے رہتے ہیں جبکہ میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج رہتا ہے۔ موسم کی شدت سے خود کو محفوظ رکھنے کے لئے لوگ گرم کپڑوں، خشک میوہ جات اور ایندھن کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ لیکن انھی حالات میں ایک کثیر تعدادایسے نفوس کی بھی ہے جن کے لئے موسم سرما کی آمد کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں ہوتی۔ان کی اکثریت یا توکھلے آسمان تلے سڑکوں پر یاپھر کپڑے کے جھونپڑوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوتی ہے۔ ایسے میں بارش کی آمد ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیتی ہے۔ سردی ہر کسی پر اپنا اثر چھوڑتی ہے لیکن بچے اور بزرگ افراد کم قوت مدافعت کے باعث موسم کی شدت کا زیادہ شکا ر ہوتے ہیں۔’جان ہاپکنز یونیورسٹی‘ اور غیر سرکاری تنظیم ’سیو دا چلڈرن‘ کی ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق اگلی دہائی کے آخر تک دنیا بھر میں ایک کروڑ آٹھ لاکھ بچے نمونیا کے باعث ہلاک ہو سکتے ہیں۔ نائجیریا کے 17 لاکھ، پاکستان کے 7 لاکھ جبکہ کونگو کے قریب ساڑھے 6 لاکھ بچوں کی زندگیوں کو 2030ء تک نمونیا کے باعث خطرہ ہے۔شدید موسم اور زمینی حالات کی سنگینی ہی ان پاکستانیوں کا مسئلہ نہیں بلکہ سہولیات کا فقدان ،کم مالی وسائل اور مہنگائی بھی اِن کے مصائب میں ایسا اضافہ کرتی ہے کہ ہم اس کا تصور نہیں کر سکتے۔
ان سنگین حالات کے پیشِ نظر الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کے تحت ہر سال ونٹر پیکج کی تقسیم کا اہتمام کیا جاتا ہے۔جس میںاپنے مصیبت میں گھرے بھائیوں کو شدیدموسم کے جبر سے بچانے کے لئے ان میںگرم کپڑے ، لحاف اور کمبل تقسیم کئے جاتے ہیں۔رواں سال بھی الخدمت فائونڈیشن نے ملک کے مختلف شہروں سمیت دور افتادہ پسماندہ علاقوںمیں1 لاکھ 17ہزار 7سوپچاس مستحق افراد کو ونٹر پیکج مہیا کئے ہیں اور تقسیم کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔اِس حوالے سے ملک کے مختلف علاقوں میں ونٹر پیکج تقسیم کے خصوصی پروگرامات منعقد کئے جارہے ہیں جہاں منظم مربوط پروگرام کے تحت چھان بین کے بعد دیانت داری سے مستحقین کی فہرستیں تیار کی جاتی ہیں، انہیں کوپن جاری کیاجاتا ہے اور ونٹر پیکج ان مستحقین کے حوالے کیا جاتا ہے۔خدمت انسانی کے مقدس مشن میں مصروف ِ عمل الخدمت فائونڈیشن اپنی ایک قابل فخر تاریخ رکھتی ہے۔ اللہ تعالی کے فضل سے الخدمت فائونڈیشن کو پاکستان کی نمایاں خدمت ِ خلق کی تنظیم ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور ہمارا سب سے بڑا سرمایہ، ہمارا ہر اول دستہ ملک بھر میں پھیلے وہ ہزاروں بے لوث رضاکار ہیں جو صرف رضائے الہی کے حصول کی خاطر بے سہارا اور ضرورت مند لوگوں کی خدمت میں ہمہ وقت مصروف رہتے ہیں۔ رواں موسم سرما میں بھی جب ہر کوئی اپنے گھر میں گرم لحافوں میں دبکے خشک میوہ جات سے لطف اندوز ہونے کو ترجیح دیتا ہے ، الخدمت کے رضاکارانھی سرد راتوں میںسڑکوں پر کھلے آسمان تلے پڑی ٹھٹھرتی زندگیوں کی فکر میں ہلکان ہوتے نظر آئے۔شہر تو شہر یہ شیر دل جوان پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کے باوجودپیادہ قافلوں کی صورت میں میلوں کی دشوار گزارمسافت طے کرکے اپنے بے آسرا بھائیوں کے لئے کمبل،رضائیوں اور گرم بستروں پر مشتمل ونٹر پیکج لے کر پہنچے۔
اِ ن رضا کاروں کے ساتھ ساتھ ہمیں اندرون ملک اور بیرون ملک سے آپ ایسے صاحب خیر حضرات کا تعاون بھی حاصل ہے۔ جو اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے لئے دردِ دل رکھتے ہیں اور کسی بھی نا گہانی آفت یا ضرورت کے وقت امدادی سامان اور رقوم ارسال کرتے ہیں ۔ گزشتہ سالوں میں آئی قدرتی آفات جیسے زلزلے اور سیلاب میں بھی الخدمت فائونڈیشن نے جہاں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے تحت متاثرین کو ریسکیو کیا ، اُنہیں طبی امداد مہیا کی اور اُن میں پکا پکایا کھانا ، خشک راشن ،خیمے ، ترپال،ھائی جین کٹس کی تقسیم کیں وہیںمتاثرین میں جی ۔آئی شیٹ(Galvanized iron sheets)اور ونٹر پیکج بھی تقسیم کئے گئے ۔یہ آپ کا الخدمت فائونڈیشن پر اعتماد اور بھروسہ ہی ہے کہ جب الخدمت فائونڈیشن نے کسی مشکل گھڑی میں اپیل کی تو آپ نے زندہ قوم کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے لئے دل کھول کر مدد کی ۔
الخدمت فائونڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔الخدمت کی جانب سے شروع کی گئی بہت سی چھوٹی چھوٹی کاوشیںاللہ کے فضل و کرم، الخدمت کے کارکنان کی بے لوث خدمت اور صاحبِ استطاعت افراد کے تعاون سے اب باقاعدہ پروگرام کی شکل میں جاری ہیں۔ ونٹرپیکج بھی ایسی ہی ایک خوبصورت مثال ہے۔الخدمت فائونڈیشن آپکو دعوت دیتی ہے کہ اس کڑے موسم کی شدت سے اپنے مجبور و مستحق بھائیوں کو محفوظ رکھنے کے مشن میں ہمارا ساتھ دیں۔ اپنے علاقوں میں نہ صرف الخدمت کے مراکز پر اپنا مالی حصہ ڈالیں ، ونٹر پیکج کو1 لاکھ 17ہزارسے بڑھا کر ان ہزاروں، لاکھوں مستحقین تک پہنچائیں جو اس شدید سردی میں ہماری توجہ اور امداد کے منتظر ہیں۔ ایک ونٹر پیکج کی فی کس مالیت محض 35 سو روپے ہے لیکن یقین کریںکہ آپ کی یہ کاوش نہ صرف دنیا میںآپ کے لئے دلی راحت کا باعث بنے گی بلکہ توشہئِ آخرت بھی ثابت ہوگی۔