رابعہ شیخ
عام طور پر پودینے کو کھانوں میں سجاوٹ، چٹنی کی لذت بڑھانے یا پھر قہوہ کے مزے لینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، لیکن بظاہر یہ عام سی سبزی اپنے اندر صحت کے بے شمار خزانے لیے ہوئے ہے۔ اگر ہم اس سستی ترین سبزی کی افادیت جان لیں تو ہر چھینک پر ڈاکٹر کے پاس بھاگنا یا اسے یاد کرنا بھول جائیں۔ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں ہیں کہ پودینے کے بغیر کھانوں کی تیاری ادھوری رہتی ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ صحت مند انسانی جسم کے لیے یہ عام سے پتّے کتنے ضروری ہیں؟ آیئے جانتے ہیں۔
ڈائٹنگ میں مفید:
پودینے کو سلاد، اسموتھی، حتیٰ کہ پانی میں ملا کر پینے سے وزن میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ پودینے کے پتوں کی چائے کو ڈائٹ روٹین میں شامل کرکے بہترین نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ پودینہ انسانی نظامِ ہاضمہ کے لیے بہترین ہے۔ پودینے کا مسلسل استعمال پیٹ کی اضافی چکنائی اور چربی پگھلانے کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے جس سے وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
بہترین کلینزر، جِلدی امراض سے نجات
پودینے کے عرق کو بہترین کلینزر تسلیم کیا جاتا ہے، یہ انسانی جلد کے لیے بہترین ہے، اس کے استعمال سے چہرہ شاداب اور تمام جلدی بیماریاں مثلاً خارش اور چہرے کے کیل مہاسے ختم ہوجاتے ہیں۔ اگر آپ کی جلد بھی کیل مہاسوں کا شکار ہے تو پودینے کے پتوں کو پیس کر اس میں تھوڑی سی مقدار شہد کی ملائیں اور اسے جلد پر لگا کر بیس منٹ کے لیے چھوڑ دیں، اس کے بعد گرم پانی سے دھو لیں۔
نظامِ تنفس کے لیے بہترین:
پودینہ عملِ تنفس سے متعلق تمام خرابیوں مثلاً سینے کی جکڑن، حلق اور پھیپھڑے کے انفیکشن کو دور کردیتا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ پودینے کا روزانہ استعمال دمے کے مریضوں کے لیے بھی نہایت کارآمد ہے۔ ادویہ میں بھی پودینے کا استعمال کیا جاتا ہے۔ سانس لینے میں دشواری، نزلہ، زکام یا سردی لگنے کی صورت میں پودینے کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
پیٹ کے مسائل:
پودینہ درد دور کرنے کی بہترین دوا ہے۔ متلی اور پیٹ کے درد کی صورت میں اس کا استعمال سودمند ثابت ہوتا ہے۔ پیٹ میں درد ہونے یا متلی کی صورت میں پودینے کے چند پتے کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے، جب کہ معدے کے درد میں اس کے پتوں کی چائے پینا بے حد فائدہ مند ہے۔ بدہضمی، ڈکار کی کثرت، گیس یا منہ کی بدبو دور کرنے کے لیے یہ بہترین چیز ہے۔
بلڈ پریشر کنٹرول:
پودینے کے ذریعے بلڈ پریشر کو بھی کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے پودینے اور لہسن کی چٹنی کھانا مفید ہے، جب کہ پودینے کا جوشاندہ بناکر پینے سے بھی بلڈ پریشر کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔