قہوے کے حیرت انگیز فوائد

1133

قہوے کے چند زبردست اور قابلِ ذکر فوائد درج ذیل ہیں:
ذیابیطس کا خطرہ کم کرے:
ذیابیطس، میٹا بولک مرض ہے جو کہ دنیا بھر میں وبا کی طرح پھیل چکا ہے اور اکثر افراد کو اس کا علم بھی بہت تاخیر سے ہوتا ہے۔ روزانہ 2 سے 3 کپ قہوہ پینا ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ 42 فیصد تک کم کردیتا ہے۔ اس میں موجود بائیو ایکٹو کمپائونڈ اس حوالے سے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
امراضِ قلب سے بچائے:
قہوے میں موجود فلیونوئیڈز دل کی صحت کو بہتر بناتے ہیں‘ اس حوالے سے روزانہ دو سے تین کپ قہوے کا استعمال کریں۔
نظامِ ہاضمہ بہتر کرے:
قہوے میں موجود کیمیکل نظامِ ہاضمہ پر مثبت اور سکون آور اثرات مرتب کرتے ہیں۔ محققین کا ماننا ہے کہ چائے میں موجود پولی فینولز معدے میںصحت کے لیے فائدہ مند بیکٹریا کی مقدار کو بڑھاتے ہیں، جب کہ یہ نقصان دہ بیکٹریا کی روک تھام کرتے ہیں۔
خراشوں کے لیے:
قہوے میں موجود مرکب خون روکنے والی دوا کی طرح کام کرتے ہیں، اور اس کی مدد سے کھلے زخموں یا خراشوں سے خون کو بہنے سے روکا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے ایک ٹھنڈے اور استعمال شدہ ٹی بیگ کو نرمی سے متاثرہ جگہ پر دبائیں، جس سے تکلیف اور سوجن میں کمی محسوس ہوگی۔
پیروں کی بُو سے نجات:
تیز قہوے سے پیروں پر آنے والے پسینے میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کے لیے 2 ٹی بیگز کو آدھا لیٹر پانی میں 15 منٹ تک ابالیں، اس کے بعد ٹی بیگز کو نکال کر چائے کو آدھے گیلن پانی میں ڈال دیں۔ اب اس مکسچر کو ٹھنڈا ہونے دیں اور پھر اپنے پیروں کو پندرہ سے تیس منٹ تک ڈبو کر رکھیں۔ اس عمل کو کچھ دن تک روزانہ دہرائیں۔
مسوڑھوں کی صحت میں بہتری:
قہوے میں ایسے اجزا ہوتے ہیں جو ٹشوز کی سوجن کم کرنے کے ساتھ مسوڑھوں سے خون بہنے کو روکتے ہیں۔ اگر آپ کے مسوڑھے سوج رہے ہیں تو بھیگے ہوئے ٹی بیگز کو براہِ راست ان پر لگائیں۔ آپ چائے کو بھی مائوتھ واش کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں، جس سے مسوڑھوں کی صحت میں بہتری آتی ہے۔ اگر کسی قسم کے تحفظات ہوں تو ہمیشہ اپنے ڈاکٹر یا ڈینٹسٹ سے مشورہ کریں۔
آنکھوں کی خارش میں کمی:
اگر آنکھوں میں خارش اور یہ خشک ہورہی ہوں تو 2 ٹی بیگز کو گرم پانی میں دس منٹ تک ڈبو کر رکھیں۔ باہر نکال کر اس میں سے اضافی پانی کو دباکر نکال دیں اور پھر ٹی بیگز کو دس منٹ تک اپنی آنکھوں پر لگائے رکھیں۔ اس سے خارش میں آرام اور سوجن میں کمی آئے گی۔
منہ کے چھالوں کا علاج:
چائے میں فلیو نوئیڈز اور کیفین موجود ہوتے ہیں، لہٰذا منہ کے چھالوں یا ہونٹوں کے کونوں پر زخم سے نجات کے لیے استعمال شدہ ٹھنڈے ٹی بیگ کو متاثرہ جگہ پر لگائیں اور دس منٹ تک دبا کر رکھیں۔ یہ عمل دن میں تین سے چار دفعہ دہرائیں۔
الرجی کے لیے مفید:
فلیو نوئیڈز سے بھرپور ہونے کے باعث قہوہ الرجی سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ روزانہ چند کپ قہوہ پینا آپ کی الرجی کی تکلیف میں کمی لانے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔
آشوبِ چشم کے عارضے میں کمی:
اگر آپ اس تکلیف کا شکار ہیں تو گرم اور گیلے ٹی بیگ کو متاثرہ آنکھ پر پانچ منٹ تک لگا کر رکھیں، اس کے بعد ایک ٹھنڈا اور گیلا ٹی بیگ دو منٹ تک لگائے رکھیں، اس طرح سوجن میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ اس عمل کو دن میں نئے ٹی بیگز سے کئی بار دہرائیں۔
ہیضے سے بچائے:
قہوے میں موجود تیزابیت آنتوں کی صفائی کرتی ہے، جس سے جسم کو سیّال مواد جذب کرنے میں مدد ملتی ہے اور آنتوں کی سوجن میں کمی آتی ہے۔ فائدے کے لیے بغیر کیفین کے قہوہ پی کر دیکھیں جس میں آپ شہد بھی ملا سکتے ہیں۔

حصہ