بنت ِحو ّا
موٹاپا نہ صرف ظاہری شخصیت کو تباہ کردیتا ہے بلکہ یہ امراض کی جڑ بھی ثابت ہوتا ہے، کیونکہ اس سے ذیابیطس، بلڈ پریشر، امراض ِ قلب اور فالج، غرض کہ لاتعداد بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ یہ تو سب کو ہی معلوم ہے کہ موٹاپا اب ایک عالمی وبا بن چکا ہے اور گزشتہ سال کی ایک رپورٹ کے مطابق موٹاپے سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں پاکستان نویں نمبر پر ہے۔ وزن میں کمی کا کوئی جادوئی حل نہیں بلکہ طرزِِ زندگی میں تبدیلی ہی سے آپ اپنی شخصیت میں جادوئی تبدیلی لا سکتے ہیں۔ یہاں آپ کو چند ایسے حیرت انگیز طریقے بتائے جارہے ہیں جو ہوسکتا ہے کہ سننے میں عجیب لگیں مگر سائنس نے ان کی افادیت کو تسلیم کیا ہے۔
دن میں 5 بار کھانا وزن کم کرنے کے لیے مفید:
پہلے کہا جاتا تھا کہ دن بھر میں زیادہ کھانا وزن بڑھاتا ہے، مگر اب ایک نئی طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ روزانہ پانچ بار کھانے سے جسمانی وزن کم ہوتا ہے۔ یہ بات فن لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ ایسٹ فن لینڈ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق روزانہ کے معمول یعنی ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے کے ساتھ ساتھ اضافی دو بار کھانے سے وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے مقابلے میں عام معمول کو ختم کرنے، جیسے ناشتے کو گول کردینے سے وزن کم ہونے کے بجائے بڑھ جاتا ہے۔
دہی کا استعمال:
اکثر خواتین اپنے بڑھتے وزن کے حوالے سے فکرمند ہوتی ہیں، تاہم دہی کا استعمال اُن کا یہ مسئلہ حل کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ بات کینیڈا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ لاوال یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق دہی میں شامل بیکٹریا پروبائیوٹکس خواتین کے جسمانی وزن میں کمی لاتا ہے۔ تحقیق کے دوران موٹاپے کے شکار مرد و خواتین کو 24 ہفتوں تک اس بیکٹریا سے تیار کردہ گولیاں کھلائی گئیں، جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ خواتین کے وزن میں اوسطاً 9.7 سے 11.5 پونڈ تک کمی ہوئی۔
آہستگی سے کھانا موٹاپے سے بچائو کا آسان طریقہ:
خوراک کو مناسب طریقے سے چبا کر نگلنا جسمانی وزن میں کمی کا آسان ترین نسخہ ہے۔ آہستگی سے کھانے اور چھوٹے لقمے لینے سے لوگوں کو کھانے کے کچھ دیر بعد بھوک کا احساس کم ہوتا ہے۔ اسی طرح جو لوگ سست روی سے کھاتے ہیں وہ زیادہ پانی بھی پیتے ہیں، جس سے انہیں طبیعت سیر ہونے کا احساس زیادہ ہوتا ہے۔
زیادہ پروٹین والی غذائیں بچاتی ہیں موٹاپے سے:
اپنی غذا میں زیادہ پروٹین کا استعمال آپ کو موٹاپے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق اپنے جسمانی وزن میں کمی کے لیے کیلوریز جلانے کے بجائے آپ غذا میں پروٹین سے بھرپور اشیا کا استعمال زیادہ کریں۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ گوشت، مچھلی، انڈے وغیرہ کا استعمال اس حوالے سے بہترین ہے کیونکہ یہ پروٹین سے بھرپور غذائیں ہوتی ہیں۔
موٹاپے سے نجات کا مزیدار حل:
کیا آپ اپنے موٹاپے سے تنگ ہیں؟ اگر ہاں، تو بادام کھانا اپنی عادت بنا لیں۔ باداموں کو روزانہ کی خوراک کا حصہ بنانے سے توند میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے جو کہ امراضِ قلب کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ 42 گرام باداموں کا استعمال موٹاپے سے تحفظ دے کر امراضِ قلب کا خطرہ بہت حد تک کم کردیتا ہے۔
ایک سیب روزانہ موٹاپے کو رکھے دور:
روزانہ ایک سیب کھانا ڈاکٹر کو دور رکھتا ہی ہے مگر یہ موٹاپے سے بچائو کے لیے بھی اہم ثابت ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق سبز رنگ کے سیبوں کا روزانہ استعمال نہ صرف پیٹ بھرنے کے احساس کو زیادہ دیر تک برقرار رکھتا ہے بلکہ یہ معدے میں موجود صحت کے لیے فائدہ مند بیکٹریا کی تعداد بھی بڑھاتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ان سیبوں کے روزانہ استعمال سے صحت مند بیکٹریا کی تعداد بڑھتی ہے جو موٹاپے کے خلاف جنگ میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
جلد سوئیں اور موٹاپے کو دور بھگائیں:
بچوں کو جلد سلانے کی عادت انہیں موٹاپے سے بچانے کا سب سے آسان اور سستا طریقہ ہے۔ بچپن میں موٹاپے کا سبب صرف فاسٹ فوڈ، میٹھے مشروبات اور کم ورزش نہیں، بلکہ نیند کی کمی بھی اس کا ایک اہم سبب ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بہتر اور زیادہ نیند سے بچوں میں کیلوریز لینے کی مقدار کم ہوتی ہے اور جسمانی وزن قابو میں رہتا ہے۔ تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ اسکول جانے کی عمر کے بچوں کی رات کی نیند میں اضافہ موٹاپے پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
موٹاپے سے نجات کھانے کے مخصوص اوقات میں پوشیدہ:
اگر آپ موٹاپے سے پریشان ہیں اور وزن میں کمی چاہتے ہیں تو کھانے کے اوقات اس حوالے سے سب سے زیادہ اہم ہیں۔ تحقیق کے مطابق کھانے کی مقدار نہیں اُس کا وقت جسمانی وزن کے لیے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اگر لوگ اپنے وزن میں کمی چاہتے ہیں تو ناشتے کے لیے بہترین وقت صبح 7 بج کر 11 منٹ، دوپہر میں 12 بج کر 38 منٹ، جب کہ رات کو 6 بج کر 14 منٹ ہے۔ تحقیق کے مطابق اس حوالے سے 84 فیصد افراد کی رائے یہ تھی کہ کھانے کے مخصوص اوقات موٹاپے سے نجات کے لیے سب سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔ 76 فیصد کے خیال میں دن بھر میں سب سے اہم خوراک صبح کے وقت ناشتا ہوتی ہے، کیونکہ اس سے بعد میں پورے دن کیلوریز کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔